Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملاڈ: اسمبلی حلقہ ۱۶۲؍میں اب بھی ۱۲۶؍ بی ایل او ندارد۔ ایس آئی آر کا عمل سست

Updated: May 11, 2026, 12:12 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Malad

ایک دن قبل ہی میونسپل اسکول میں ۳۰؍ بی ایل اوز کو بلایا گیا مگر خاطر خواہ تشہیر نہ کئے جانے سے زیادہ لوگ استفادہ نہ کرسکے۔

BLOs are seen in the municipal school. Photo: INN
میونسپل اسکول میں بی ایل اوز نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

مسلم اکثریتی علاقہ مالونی میں اسپیشل انٹینسیو رویژن (ایس آئی آر) کا عمل سست روی کا شکار ہے۔ اسمبلی حلقہ نمبر۱۶۲؍ میں صورتحال یہ ہے کہ بار بار توجہ دلانے کے باوجود۳۰۶؍ میں سے اب تک۱۲۶؍ بی ایل او نہیں آسکے ہیں ۔ حالانکہ وقت گزرنے کے ساتھ لوگ پریشان ہیں کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ وقت گزر جائے اور ان کی میپنگ نہ ہوسکے۔ اس کام میں تیزی کی غرض سے مالونی کےگیٹ نمبر۷؍ کے میونسپل اسکول میں سنیچر کو ۳۰؍ بی ایل او آئے مگر ان کی آمد کی خاطر خواہ تشہیر نہیں کی گئی تھی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ زیادہ لوگ استفادہ نہ کرسکے۔ 
اس تعلق سے راشٹریہ علماء کونسل کے عہدیدار شان الحسن سیّد نے بتایا کہ انہیں عین وقت پر اس بابت بتایا گیا تو انہوں نے وہاٹس ایپ گروپ میں ۱۰؍ بجکر۳۹؍ منٹ پر میسیج بھیجا اور دیگر طریقے سے پیغام رسانی کی۔ اگر اس کی اطلاع ایک دن قبل کی گئی ہوتی اور مختلف انداز میں تشہیر کی جاتی تو زیادہ لوگ پہنچ کر استفادہ کرتےاور بڑی تعداد میں میپنگ کراتے۔ 
مقامی کارپوریٹر رفیق شیخ نے بتایا کہ بی ایل او کی آمد کی اطلاع کے پیش نظر ٹیم لگائی گئی اور لوگوں تک پیغام بھیجا گیا، کچھ لوگوں نے استفادہ کیا مگر یہ صحیح ہے کہ یہ کام منظم انداز میں کیا جاتا اور اس کی خاطر خواہ تشہیر کی جاتی تو زیادہ سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھاتے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ الگ الگ علاقوں میں نوجوانوں کو مقرر کیا گیا ہے کہ وہ لوگوں کو نئی اور پرانی فہرست مہیا کرائیں تاکہ ان کی آسانی سے میپنگ ہوسکے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایس ایس سی میں کامیاب جامعہ کی طالبات گریجویشن کی بھی خواہاں

دیگر تنظیمیں بھی اس کام میں لگی ہوئی ہیں مگر ان کا بھی یہ اعتراف ہے کہ کام بہت سست روی سے چل رہا ہے۔ حالانکہ یہ بہت اہم کام ہے، اگر کسی کی میپنگ نہیں ہوگی تو اس کے لئے مسائل ہوں گے اور آگے چل کر وہ ایک اہم شہری ثبوت اور جمہوری عمل میں حصہ داری سے محروم رہ جائے گا۔ اس لئے خصوصی توجہ دی جائے اور جلد سے جلد جتنے بی ایل او کی تقرری کی گئی ہے، وہ حاضر ہوں اور ایس آئی آر کا کام تیزی سے آگے بڑھائیں۔ 
انقلاب کے کچھ بی ایل او سے رابطہ قائم کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ دراصل ایس آئی آر کے ساتھ اسکول کی ڈیوٹی اور اب مردم شُماری کرنے کی بھی ذمہ داری سونپی گئی ہے، بیک وقت کئی کام آنے سے اور دشواری پیدا ہورہی ہےلیکن جیسے جیسے موقع مل رہا ہے، بی ایل او فیلڈ میں جارہے ہیں۔ 
یاد رہے کہ نائب تحصیلدار جادھو نے بھی اعتراف کیا کہ تمام بی ایل او اب تک نہیں آئے ہیں ، مگر کسی طرح کام جاری ہے۔ جیسے جیسے بی ایل او آرہے ہیں انہیں فیلڈ میں بھیجا جارہا ہے اور آن لائن بھی میپنگ کی جارہی ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK