• Mon, 15 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملائشیا کے وزیراعظم نے اسرائیل کے چھ ممالک پر حملوں کی مذمت کی

Updated: September 14, 2025, 10:02 PM IST | KUALA LUMPUR

ملائشیا کے وزیراعظم نے اسرائیل کے چھ ممالک پر حملوں کی مذمت کی،ساتھ ہی انور ابراہیم نے دوحہ میں ہونے والے عرب اسلامی غیر معمولی سربراہی اجلاس میں شرکت کی بھی تصدیق کی۔

Malaysian Prime Minister Anwar Ibrahim. Photo: INN
ملائشیا کے وزیراعظم  انور ابراہیم۔ تصویر: آئی این این

سرکاری خبررساں ادارے برناما کے مطابق، ملائشیا کے وزیراعظم  انور ابراہیم نے ملائیشیا کے مذہبی اداروں کے قومی اجتماع کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’صرف ایک یا دو ہفتوں میں چھ ممالک پر حملہ کر کے ایک ملک اس قدر جارحیت کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔‘‘واضح رہے کہ اسرائیل نے پیر سے متعدد ممالک پر حملے کیے ہیں، جن میں فلسطین، لبنان، شام، یمن اور قطر شامل ہیں۔ اسرائیل نے منگل کو دوحہ میں حماس کے لیڈروں کے رہائشی کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں حماس کے پانچ اراکین اور ایک قطری سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے، جو غزہ میں جنگ ختم کرنے کے لیے امریکہ کی طرف سے پیش کردہ نئے معاہدے پر بات چیت کر رہے تھے۔ اکتوبر ۲۰۲۳ءسے اسرائیل نے غزہ میں ۶۴؍ ہزار سے زائد افراد کو ہلاک کیا ہے۔دریں اثناء قطر، امریکہ اور مصر کے ساتھ، جنگ ختم کرنے کے مذاکرات میں ثالث کی حیثیت سے کام کر رہا ہے۔

یہ بھی پـڑھئے: اسرائیل نے شام کو تقسیم کرنے اور ایران کے ساتھ جنگ کی کوشش کی: احمد الشرع

انور کے ذکر کردہ چھ ممالک میں تیونس بھی شامل ہے، جہاں گلوبل صمود فلوٹیلا پر ان کے بحری حدود کے قریب ڈرون حملہ ہوا تھا۔تیونس کی وزارت داخلہ نے جمعرات کو کہا کہ اس کے ادارے مکمل سچائی کو جاننے کے لیے تمام تحقیقات اور تفتیش کر رہے ہیں تاکہ نہ صرف تیونس بلکہ پوری دنیا کی عوامی رائے کو معلوم ہو سکے کہ اس حملے کی منصوبہ بندی کس نے کی، کس نے سازش کی اور کس نے اسے انجام دیا۔

یہ بھی پڑھئے: گلوبل صمود فلوٹیلا: رضاکار اسرائیلی محاصرہ توڑنے کیلئے پُرعزم، ’’نیلا ربن‘‘ باندھنے کی اپیل

انور نے کہا کہ وہ پیر کو دوحہ میں ہونے والے عرب اسلامی غیر معمولی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے تاکہ فلسطین کے لیے ملائشیا کی حمایت کا اظہار کیا جا سکے اور تشدد اور صہیونیوں کی غیر انسانی حرکات کی مذمت کی جا سکے۔خیال رہے کہ سربراہان مملکت کا یہ غیر معمولی اجلاس۷؍ اکتوبر۲۰۲۳ء کو اسرائیل کی غزہ جنگ شروع کرنے کے بعد سے عرب اور اسلامی ممالک کا تیسرا مشترکہ اجلاس ہوگا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں غزہ اور ویسٹ بینک پر اسرائیل کے حملے، اس کی قبضے اور الحاق کی پالیسیوں کے ساتھ دوحہ میں حماس قیادت کو نشانہ بنانے والے حملے پر بھی بات ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK