• Wed, 26 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگائوں: امید پورٹل پراب تک ۲۰۰؍ املاک کا رجسٹریشن

Updated: November 26, 2025, 11:47 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

املاک کا آڈٹ نہ ہونے اور سات بارہ تبدیل نہ کروانے سے رجسٹریشن میں دقتیں، وقف بورڈ افسر کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی۔

Registration of all Waqf properties is mandatory by December 5. Photo: INN
۵؍ دسمبر تک تمام وقف املاک کا رجسٹریشن لازمی ہے۔ تصویر:آئی این این
اُمّید وقف پورٹل پر صنعتی شہر مالیگائوںکی ۲؍ سو سے زائد وقف املاک و جائیدادوں کے اندراج کی کارروائی مکمل ہوئی ہے ۔ یہ کام جس تیز رفتاری سے ہونا تھا ویسا نہیں ہو پارہاہے لیکن اس شعبے میں رضاکارانہ طور پر کام کرنے والے کوشاں ہیں کہ متولیان اوروقف  مال ومتاع کے ذمے داران کو بیدار کرنے کی مہم تیز کیا جائے ۔
مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے ذریعے یہاں کے حج ہاؤس میں وقف پورٹل رجسٹریشن ہیلپ ڈیسک کا قیام عمل میں آیا تھا۔ رجسٹریشن کی کارروائی کے سلسلے میں ہیلپ ڈیسک کے فاؤنڈر عبدالحلیم صدیقی نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے  رجسٹریشن کیلئے  ۵؍دسمبر ۲۰۲۵ء آخری تاریخ متعین کی گئی ہے۔اسے دیکھتے ہوئے تیز رفتاری سے پورٹل پر رجسٹریشن کرنا ضروری ہے۔ ہیلپ ڈیسک کے قیام سے مالیگاؤں و مضافات کی مساجد ، مدارس، خانقاہیں ، مزارات،اور دیگر املاک کے متولیان کو آسانیاں ہوگئی ہیں۔ مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ سے ضلع ناسک کیلئے نامزد نگراں افسر عاصم شیخ سے ہیلپ ڈیسک میں کام کرنے والے ماہرین و کارکنان مستقل رابطے میں ہیں اور ٹرسٹیان کو درپیش مسائل کو حل کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ 
یہ مسائل سامنے آرہے ہیں
عبدالحلیم صدیقی نے بتایا کہ پورٹل پر رجسٹریشن کے دوان وقف املاک کے ذمہ داران کو کئی طرح کے مسائل درپیش ہیں جیسے  (۱) بیشتر اوقافی اداروں کا سرکاری سالانہ گوشوارہ(آڈٹ) مکمل نہیں ہے۔ آڈٹ کا کام کئی برسوں سے نہیں کیا گیا ہے۔(۲) وقف کی بیش قیمت جائیدادیں خرید لی گئیں لیکن متعلقہ مقام یا ادارے کا نام سات بارہ کے اُتارے ( زمین کے مالکانہ حقوق سے متعلق سب سے اہم خط ) پر نہیں ہے۔ صدیقی نے بتایا کہ اور بھی کئی مسائل ہیں لیکن درج بالا دو اہم مسائل یکساں ہیں۔
وقف بورڈ افسر کی رہنمائی
آڈٹ اور سات بارہ اُتارے کے مسئلے پر شیخ عاصم سے رہنمائی طلب کی گئی تو انہوں نے کہا کہ آڈٹ رپورٹ کچھ وقفے کے بعد بھی جمع کروائی جاسکتی ہے۔کاغذات کی کمی بیشی ہے تو مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کے ڈسٹرکٹ ناسک آفس سے رجوع ہوں ۔ شیخ عاصم ( نگراں افسربرائے ڈسٹرکٹ ناسک وقف بورڈ آفس ) کا رابطہ نمبر یہ ہے ـ: ۹۴۲۱۲۱۵۶۵۹؍ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK