Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگائوں : عید قرباں کے پیش نظر انتظامیہ مستعد،اہم ہدایات جاری کی گئیں

Updated: May 20, 2026, 12:23 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

انتظامیہ نے انتباہ دیا کہ ذبیحہ کے معاملے میں کسی بھی قسم کی قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی ، صاف صفائی سمیت تمام تر سہولیات فراہم کرنے کا اعلان۔

Malegaon Municipal Corporation Building . Photo:INN
مالیگائوں میونسپل کارپوریشن کی عمارت ۔تصویر:آئی این این

عید قرباں کے پیش نظر مالیگائوں شہری انتظامیہ مستعد ہوچکا ہے۔بہتر انتظامات اور سہولیات فراہم کرنے کا اعادہ کیا گیا ہے ۔ شہری انتظامیہ ،پولیس ڈپارٹمنٹ اور دیگر سرکاری محکموں کی مشترکہ میٹنگ میں طے ہوا کہ غیرقانونی طریقے سے ذبیحہ کرنے والوں پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ذبیحہ معاملے میں کسی بھی طرح کی قانون شکنی کو  انتظامیہ قطعی برداشت نہیں کرے گا۔میونسپل کمشنر رویندر جادھو کی صدارت میں منعقدہ اس میٹنگ میں ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال،ڈپٹی ایس پی سدھارتھ بروال ، سبھی پولیس تھانوں کے پی آئی اور شہری انتظامیہ کے شعبوں صحت صفائی،بجلی،آب رسانی اور تعمیرات عامہ کے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ شریک ہوئے۔سابقہ تجربات اور سالِ گزشتہ کئے گئے انتظامات کی روشنی میں امسال کچھ اہم فیصلے کئے گئے جس کا اختصار ذیل میں پیش ہے۔
(۱) عید الاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی کیلئے مالیگاؤں کی سبھی عیدگاہوں پر صفائی کی جائے۔ نمازیوں کیلئے پانی فراہمی کے منصوبے پر عمل آوری کی جائے۔

یہ بھی پڑھئے:پریمیئر لیگ: آرسنل نے۲۲؍ سالہ انتظار ختم کرتے ہوئے خطاب جیت لیا


(۲)  عارضی مذبح (سلاٹر ہاؤس ) کی تعداد بڑھائی جائے۔اس کیلئے تعمیرات عامہ محکمہ کے اختیارات میں توسیع کردی گئی ہے۔امسال ۲۵؍ عارضی مذبح ہوں گے۔یہاں پر پانی کی فراہمی اور صاف صفائی کیلئے زائد ملازمین کی تعیناتی عمل میں آئیگی۔
(۳) عارضی مذبح کے علاوہ پورے شہر میں صفائی نظام کو درست رکھنے کیلئے ۳۶؍ ہیوی وہیکل کے انتظامات کیلئے صفائی ٹھیکیدار کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ہیوی وہیکلس کی مدد سے جانوروں کی آلائش و فضلات ٹھکانے لگائے جائیں گے۔گرمی کی شدت کی مناسبت سے ناقابل استعمال اشیاء کو ہٹانا ازحد ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’’لڑنا کیسے ہے، یہ نہیں بھولا‘‘: سلمان خان


(۴) عید قرباں کے ایام میں بجلی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔شہریوں کو پانی فراہمی کیلئے بنائے گئے منصوبے کی تکمیل میں برقی توانائی اہم ہوتی ہے۔پانی کی ٹنکیوں کی صفائی پر بھی توجہ مرکوز کی جائے۔
واضح رہے کہ عیدالاضحیٰ کے تعلق سےمالیگاؤں میں لوکل سیلف باڈی کے ساتھ گورنمنٹ کے اہم ادارے متحرک ہوچکے ہیں۔گزشتہ ہفتے پولیس نے کُل جماعتی تنظیم، امن کمیٹی ، قریش برداری اور گئورکھشا سمیتی کے عہدے داران و کارکنان کے ساتھ الگ الگ وقتوں میں میٹنگیں کرتے ہوئے امن وامان کی صورتحال کی برقراری اور قانون کی پاسداری پر قائم رہنے پر زور دیا ہے۔ عید قرباں کا چاند نظر آتے ہی   شہری انتظامیہ کی دفتری ورسمی کارروائیاں شروع ہوئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK