سیٹیں جیتنے والی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر امتیاز جلیل نےمالیگاؤں دورے پر کہا کہ ’’سیاست میں شرط ہوتی ہی ہے۔اقتدارسازی کی دعوت دینے والوں کے سامنے مجلس نے اکیس اراکین بلدیہ کیساتھ تعمیروترقی شرط رکھی ہے۔‘‘
EPAPER
Updated: January 23, 2026, 8:01 AM IST | Malegaon
سیٹیں جیتنے والی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر امتیاز جلیل نےمالیگاؤں دورے پر کہا کہ ’’سیاست میں شرط ہوتی ہی ہے۔اقتدارسازی کی دعوت دینے والوں کے سامنے مجلس نے اکیس اراکین بلدیہ کیساتھ تعمیروترقی شرط رکھی ہے۔‘‘
شہری بلدیہ پر اقتدار سازی کیلئے سیکولرفرنٹ کی پیشکش کا خیرمقدم آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین(اے آئی ایم آئی ایم) کی جانب سے تین روز پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔اب اس سلسلے کو آگے کو بڑھانے کیلئے ایم آئی ایم کے ریاستی صدر امتیاز جلیل نے مقامی عہدے داران کو ذمے داریاں سپرد کردی ہیں۔اس ضمن میں امتیازجلیل نے مالیگاؤں کا دورہ کیا۔مجلس کے نومنتخب ارکانِ بلدیہ سے گفت وشنید بھی کی۔
عبدالمالک مجلس کے گٹ نیتا
سابق میئر اور نومنتخب رکن بلدیہ عبدالمالک کو میونسپل ایوان میں مجلس کا گٹ نیتا نامزد کئے جانے کا اعلان امتیازجلیل نے کیا۔انہوں نے کہا کہ عبدالمالک تجربے کار ہیں۔بطور میئر انہوں نے کام بھی کیا ہے۔بلدیہ کی سیاست میں مہارت رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں مجلس کا گٹ نیتا کون ہوگا؟ اس سوال پر مجلس میں عبدالمالک اور حافظ عبداللہ کے ناموں کی بازگشت تھی۔امتیاز جلیل کے اعلان کے بعد ساری بازگشت ازخود تھم گئی۔
اقتدار سازی کیلئے مجلس تیار
مجلس کے ریاستی صدر امتیاز جلیل نے کہا کہ شہری بلدیہ کو فرقہ پرستوں سے بچانے اور شہر مالیگاؤں میں ترقیاتی کام کاج روبہ عمل لانے کے مقصد سے مجلس نے انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر کی پیش کش کا خیرمقدم کیا ہے۔کیا آپ غیر مشروط طریقے سے شریکِ اقتدار ہوں گے؟ اس سوال کے جواب میں ریاستی صدر نے کہا کہ سیاست میں ’شرط‘ ہوتی ہے۔مجلس کے کُل ۲۱؍ کارپوریٹرس ہیں۔ان کے حلقوں میں فلاحی،ترقیاتی،تعمیری منصوبوں اور انتخابی وعدوں کی تکمیل ضروری ہے۔اس لئے غیر مشروط طریقے سے شریکِ اقتدار ہونے کی بات خارج ہوجاتی ہے۔
اس موقع پر اہم شرکاء میں جعفر حسین معراج (رکن اسمبلی ،نامپلّی ،حیدرآباد )رُکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی،ڈاکٹر خالد پرویز،شیخ کلیم دلاور،مولانا علیم الدین فلاحی،حافظ عبداللہ،جمال ناصر،راشد ایوب،لئیق حاجی،جاوید عبدالستار،ماسٹر سہیل احمد،سلیم پانی والا،شاہدراجو بھِکّو،علیم الدین ناز وغیرہ۔