• Sat, 17 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگاؤں:میونسپل الیکشن میں ’سیکولر فرنٹ ‘ کو ۴۰؍نشستیں

Updated: January 17, 2026, 8:36 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

’انڈین سیکولرلارجسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر‘ پارٹی ۳۵؍سیٹوں کیساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھری، اس کی اتحادی سماجوادی پارٹی کو ۵؍سیٹیں ملیں ۔ مدمقابل ایم آئی ایم ۲۱؍ سیٹوں پر کامیاب۔ شیوسینا (شندے) کو ۱۸؍نشستیں حاصل ہوئیں

Former MLA Sheikh Asif addressing the media after the election results. Inset: MLA Mufti Muhammad Ismail Qasmi
انتخابی نتائج کے بعد میڈیا سے مخاطب سابق رکن اسمبلی شیخ آصف ۔ انسیٹ میں:رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی

شہری بلدیہ انتخاب میں مالیگاؤں سیکولر فرنٹ نے  ۴۰؍  نشستوں پر اپنا جھنڈا لہرادیاہے۔اس فرنٹ میں انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر ۳۵؍نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھری ہے۔اس کے ساتھ مل کر الیکشن میں حصہ لینے والی سماج وادی پارٹی  نے سائیکل نشان پر ۵؍سیٹیوں پر جیت حاصل کی ہے۔کُل ہند مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم ) کے حصے میں ۲۱؍سیٹیں،شیوسینا(شندے) کو ۱۸،کانگریس کو ۳؍اور بی جے پی کو محض ۲؍سیٹوں پر کامیابی ملی  ہے۔جبکہ آزاد و دیگر پارٹیوں کے امیدواروں کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ مالیگاؤں شہری بلدیہ میں ۸۴؍نشستیں ہیں۔ایک نشست پر انڈین سیکولرلارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر کی امیدوار منیرہ شیخ بلا مقابلہ جیت چکی ہیں۔
 جمعہ کو حسبِ ترتیب رائے شماری صبح ۱۰؍ بجے شروع ہوئی۔یکے بعد دیگرے ۲۱؍وارڈوں کے نتائج پُکارے گئے۔ایک وارڈ سے ۴؍ امیدواروں کا انتخاب ہوا ہے۔پینل سسٹم سے چار کارپوریٹرجیتے ہیں۔میونسپل الیکشن میں نتائج کے اعتبار سے سابق رُکن اسمبلی شیخ آصف (انڈین سیکولر پارٹی ) نے اپنی برتری جبکہ رُکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی ( ایم آئی ایم ) کی سیاسی حکمتِ عملی ناکام ثابت ہوئی۔بالکل واضح طور سے الیکشن مشرقی مالیگاؤں میں دو رُخی تھا۔اس میں کانگریس کے اعجاز بیگ اپنے روایتی حلقے میں فاتح رہے جبکہ سوشلسٹ نظریہ پر کاربند رہتے ہوئے انتقال کرگئے لیڈر نہال احمد کی دُختر شانِ ہند اور ان کے خاوند محمد مستقیم اپنے روایتی حلقوں سے نکل کر مضافاتی علاقے سے سائیکل نشان پر کامیاب ہو ہی گئے۔مغربی مالیگاؤں میں ریاست کے کابینی وزیر برائے اسکولی تعلیم دادا بھسے کا جلوہ برقرار رہا۔ شیوسینا (شندے) کے ۱۸؍کارپوریٹر جیتے ہیں۔بی جے پی کو محض دو سیٹیں ہاتھ آئی ہیں۔  
کانگریس اور بھاجپ ’کنگ میکر‘
 شہری بلدیہ پر اقتدار حاصل کرنے کیلئے ۴۳؍سیٹوں کے جادوئی عدد کے مطابق اکثریت مطلوب ہے۔اسے حاصل کرنے کیلئے مالیگاؤں سیکولرفرنٹ اور کُل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے درمیان ایک نیا مقابلہ شروع ہوچکا ہے۔کانگریس کے پاس ۳؍ اور بی جے پی کی ۲؍ سیٹیں ہیں۔یہ جس کے ساتھ جائیں گے اُس کا میئر بن سکتا ہے۔یہ غیر حاضر رہ کر بھی بلدیہ کے اقتدار کو کسی نہ کسی کے سپردکرنے کی سیاسی چال سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK