نسرین شیخ خالد میئر اور ڈپٹی میئرشانِ ہند کے منتخب ہونے کے امکانات روشن، فرقہ پرستی کیخلاف ایم آئی ایم نے غیر جانبدار رہنے کا موقف اختیار کیا
EPAPER
Updated: February 06, 2026, 11:57 PM IST | Malegaon
نسرین شیخ خالد میئر اور ڈپٹی میئرشانِ ہند کے منتخب ہونے کے امکانات روشن، فرقہ پرستی کیخلاف ایم آئی ایم نے غیر جانبدار رہنے کا موقف اختیار کیا
:شمالی مہاراشٹر کے ۵؍ اضلاع میں دوسرے نمبر کی امیر شہری انتظامیہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن پر سیکولر فرنٹ کیلئے اقتدار کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔کم وبیش ۱۲۰۰؍کروڑروپے بجٹ پر مشتمل اس کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے آج الیکشن ہوگا۔ اقتدار سازی کیلئے کی گئی پیش قدمی کو کُل ہند مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) نے ’غیر جانب داری‘ کے موقف میں تبدیل کردیا ہے۔ ریاستی حکومت کی وزارتِ شہری ترقیات سے جاری ہدایات کے مطابق آج(۷؍فروری،سنیچر) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی آئندہ ڈھائی سالہ میعاد کیلئے میئروڈپٹی میئرالیکشن ہوں گے۔اس کیلئے کلکٹرآیوش پرساد بحیثیت پریسائڈنگ آفیسرہیں۔
سیکولرفرنٹ نے مضبوطی سے خم ٹھونکا
۳۵؍نشستوں پر یکمشت کامیابی حاصل کرنے والی انڈین سیکولر پارٹی کے شیخ آصف اور ۵؍سیٹوں پر کامیاب سماج وادی پارٹی کی مقامی اکائی کے لیڈر محمد مستقیم نے سیاسی حکمت عملی سے مخالفین کو زیرکرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔انکے ساتھ کانگریس کے اعجاز بیگ مضبوطی سے ایستادہ رہے۔ فرنٹ نے میئر کیلئے نسرین شیخ خالد اور ڈپٹی میئر کیلئے شانِ ہند کو امیدوار نامزد کیا ہے۔فرنٹ کے پاس ۴۳؍اراکین موجود ہیں۔ کُل نشستیں ۸۴؍ ہیں، اکثریت ثابت کرنے کیلئے ۴۳؍ کارپوریٹروں کی حمایت درکار ہوگی۔ فرنٹ نے اپنے کارپوریٹرز کے نام پارٹی وہیپ جاری کرکے فرنٹ سے نامزد امیدواروں کے حق میں ووٹنگ کا پابند قرار دیا ہے۔عام معلومات کیلئے مقامی اُردو اخبارات میں بشکلِ اشتہار وہیپ شائع کروائی گئی ہے۔
ایم آئی ایم کے ریاستی صدر و سابق رُکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے ۵؍فروری کو ایکس پر لکھا تھا کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میئروڈپٹی میئرالیکشن میں ایم آئی ایم غیر جانب دار رہے گی۔اس ٹویٹ سے قبل مجلس کے مقامی لیڈران نے شیوسینا(شندے)کے لیڈران کے ساتھ شہری بلدیہ پر اقتدار سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا۔ ریاستی صدر کے ٹویٹ کے ذریعے مجلس کے مقامی قائدین کو مجلس کے موقف کا علم ہوا۔تادم تحریر ایم آئی ایم کی جانب سے مالیگاؤں بلدیہ کیلئے منتخب اراکین کے نام ’پارٹی وہیپ‘ جاری ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوسکی۔نمائندہ انقلاب نے مجلس کے نومنتخب کارپوریٹر شیخ جاوید عبدالستار سے پارٹی وہیپ سے متعلق استفسار کیا تو انہوں نے نفی میں جواب دیا ۔واضح رہے کہ ڈپٹی میئرعہدے کیلئے مجلس کے کارپوریٹر حافظ عبداللہ نے نامزدگی کا عریضہ جمع کروایا ہے۔ان کے مد مقابل سیکولرفرنٹ کی امیدوارہے۔
ریاست کے کابینی وزیردادابھسے کی سربراہی میں مالیگاؤں میونسپل الیکشن ۲۰۲۶ء میں منتخب ۱۸؍ اراکین بلدیہ میں سے میئر کیلئے لتاسکھارام گھوڑکے اور ڈپٹی میئرکیلئے ایڈوکیٹ کاکڑے نلیش کو امیدواری دی گئی ہے۔ایم آئی ایم کا غیر جانب دار موقف عیاں ہونے کے بعد منظرنامہ سیکولرفرنٹ کے حق میں ہوگیا لیکن شیوسینا (شندے) ہرحال میں امیدواری پر بضد ہے اورمقابلہ کرنا چاہتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ میونسپل مرکزی دفتر بنام مولانا ابوالکلام آزادبھون میں جنگی پیمانے پر صاف صفائی کی گئی۔اس الیکشن کے ساتھ ہی میونسپل ایوان کی رونقیں دوبالا ہورہی ہیں۔میئروڈپٹی میئرکے دفاتر کے علاوہ اسٹینڈنگ کمیٹی ،اپوزیشن لیڈر،ہاؤس لیڈر اور گٹ نیتاؤں کے دفاتر میں جھاڑوپونچھے لگوائے گئے ہیں۔ داخلی دروازے پر رنگ برنگے برقی قمقمے لگوائے گئے ہیں۔