صنعتی شہر میں عقیدت واحترام سے شب برأت منائی گئی۔۲۰۰۶ء میں یہاں کے بڑے قبرستان میں اسی موقع پر ہو نے والے بم دھماکوں کے تناظر میں امسال بھی پولیس انتظامیہ کی جانب سے بڑے قبرستان کے علاوہ دیگر قبرستانوں میں بھی عمدہ حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے
EPAPER
Updated: February 04, 2026, 11:10 PM IST | Malegaon
صنعتی شہر میں عقیدت واحترام سے شب برأت منائی گئی۔۲۰۰۶ء میں یہاں کے بڑے قبرستان میں اسی موقع پر ہو نے والے بم دھماکوں کے تناظر میں امسال بھی پولیس انتظامیہ کی جانب سے بڑے قبرستان کے علاوہ دیگر قبرستانوں میں بھی عمدہ حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے
صنعتی شہر میں عقیدت واحترام سے شب برأت منائی گئی۔۲۰۰۶ء میں یہاں کے بڑے قبرستان میں اسی موقع پر ہو نے والے بم دھماکوں کے تناظر میں امسال بھی پولیس انتظامیہ کی جانب سے بڑے قبرستان کے علاوہ دیگر قبرستانوں میں بھی عمدہ حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔عامتہ المسلمین اس شب میں قبرستان پہنچ کرمرحومین کی قبور کی زیارتیں کرتے ہوئے ایصالِ ثواب کرتے ہیں۔مالیگاؤں میں شب برأت کا اہتمام قابل دید ہوتا ہے۔بڑے قبرستان او راطراف کے علاقوں میں پولیس سیکوریٹی کے معقول انتظامات تھے۔رات دیر گئے تک یہاں نتن سدگیر (سب ڈیویژنل مجسٹریٹ)، تیگ بیر سنگھ سندھو(ایڈیشنل ایس پی) اور سدھارتھ بروال (ڈپٹی ایس پی) پورے لاؤلشکر کے ساتھ موجود تھے۔مالیگاؤں شہر ایکاتمتا سمیتی کے اراکین میں حاجی ادریس چکن والا ،بشیر نبی پہلوان اورریاض اصغر انصاری وغیرہ سرکاری عملے کے ساتھ سرگرم دیکھے گئے۔اس کے علاوہ عائشہ نگر قبرستان،کیمپ چھوٹا سونا پور اور سنگمیشور قبرستان میں شب برأت کی مناسبت سے عامتہ المسلمین کی سرگرمیاں دیکھی گئیں۔اس موقع پر ۲۰۰۶ء میں ہوئے بم دھماکے کے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
بیک وقت ۴۹؍ مسجدوں میں مبلغین کے بیانات
عالمی تحریک سنّی دعوتِ اسلامی (شاخ مالیگاؤں) کے زیر اہتمام بیک وقت ۴۹؍مسجدوں میں مبلغین کے بیانات کا اہتمام کیا گیا تھا۔دعوت کے اشاعتی شعبے کے کارکن نوید رضا نے بتایا کہ مسجد جامع اہل سنّت یارسول اللہؐ میں حضرت مولانا سیّد امین القادری کی سربراہی میں مرکزی اجتماع منعقد ہوا۔اس موقع پر شب برأت کی افضلیت اور اہمیت پر عامتہ المسلمین کو معلومات فراہم کی گئی۔
جامع مسجد میں عامتہ المسلمین کا جم غفیر
سابقہ روایات کے مطابق امسال بھی جامع مسجد (گُڑ بازار ) میں عامتہ المسلمین کا جم غفیر رہا ۔یہاں کے خطیب وامام مفتی محمد اسماعیل قاسمی (رُکن اسمبلی ) نے بعد نماز عشاء اور قبل از نماز فجر عامتہ المسلمین سے خطاب کیا ۔فجر کی نماز کے بعد پُرسوز دعا ہوئی۔شرکاء کی کثرت کے سبب جامع مسجد کے اطراف میں سارے راستے ازخود بند ہوگئے تھے۔