Inquilab Logo Happiest Places to Work

عیدالاضحیٰ پر مالیگاؤں سوگوار، سڑک حادثات میں ۵؍نوجوان جاں بحق

Updated: June 09, 2025, 5:49 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

ایک زیرِ علاج، حالت نازک۔ سیاسی لیڈروں نے کہا کہ بلا ضرورت ہائی وے پر نہ جائیں ، تفریح کیلئے ٹریپل سیٹ موٹر سائیکل کا استعمال نہ کریں۔

A large number of people gather after the accident. Photo: INN.
حادثے کے بعد بڑی تعداد میں  لوگ جمع ہیں۔ تصویر:آئی این این۔

ممبئی آگرہ نیشنل ہائی وے نمبر ۳ ؍ پر دو الگ الگ حادثات میں ۵ ؍ نوجوانوں کے جاں بحق ہونے سے صنعتی شہر میں غم و اندوہ کا ماحول ہے۔ عیدالاضحیٰ کا دن گزرنے کے بعد شام اور شب میں دونوں حادثات ہوئے۔ ہلاک ہونے والے موٹر سائیکل پر تھے جبکہ ہیوی وہیکلس ان کے مد مقابل تھیں ۔ 
مہلوکین کی تدفین تو عمل میں آگئی ہے لیکن تہوار کی خوشیوں کے درمیان پیش آئے اندوہناک واقعے سے لواحقین، پسماندگان، اہل خانہ اور احباب سوگوار ہوگئے۔ واضح رہے کہ مہلوکین تفریح کیلئے ہائی وے پر نکلے تھے۔ 
پہلاحادثہ ۷ ؍ جون کی شام میں ہائی وے پر رائل ہوٹل کے پاس ہوا۔ محمد محسن( ۲۰ )، محمد مجیب ( ۱۸ ) اور ان دونوں کا ایک دوست موٹر سائیکل پر ٹریپل سیٹ گھومنے نکلے تھے۔ موٹر سائیکل سواروں اور کار کے درمیان خطرناک تصادم ہوا۔ نتیجے میں محمد محسن جائے حادثہ ہی پر دَم توڑ گیا۔ شدید زخموں کی تاب نہ لا کر محمد مجیب بھی انتقال کر گیا جبکہ تیسرا زخمی زیر علاج ہے۔ حادثے کی خبر ملتے ہی سماجی کارکن مدد کیلئے دوڑ پڑے۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئیں ۔ مہلوکین اور زخمی کا تعلق مالیگاؤں کی مضافاتی بستی رضیہ آباد سے ہے۔ تینوں پاورلوم کارخانے میں مزدور پیشہ تھے۔ اس حادثے سے اہل خانہ ٹوٹ گئے ہیں ۔ 
دوسرا واقعہ اسی رات میں اسی راستے پر ہوٹل اے ون ساگر کے سامنے ہوا۔ یہاں بھی نوعیت ویسی ہی تھی۔ شیخ سمیر، محمد سفیان اور محمد کیف یہ تینوں دوست موٹر سائیکل پر تھے۔ ہیوی وہیکلس سے ان کی ٹکر ہوئی۔ شدید زخمی حالت میں ان نوجوانوں کو اسپتال لایا گیا لیکن جانبر نہیں ہوسکے۔ ان کا تعلق گلشنِ ابراہیم نامی علاقے سے تھا۔ اس حادثے کے بعد شہر کے جنوبی حصے میں غم کا ماحول نظر آیا۔ اطراف کے لوگ مہلوک نوجوانوں کے لواحقین کی ڈھارس بندھانے پہنچے۔ سیاسی افراد میں شیخ آصف، شیخ احسان اور محمد مستقیم بھی دیکھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بلا ضرورت ہائی وے پر نہ جائیں ۔ تفریح کیلئے ٹریپل سیٹ موٹر سائیکل استعمال کرنے سے گریز کریں ۔ 
یکے بعد دیگرے ہونے والے حادثات میں ۵؍ اموات پر نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا اور مرکزی وزارت برائے آمدورفت کو ای میل کے ذریعے ایڈوکیٹ مومن مجیب احمد نے تفصیلات روانہ کیں ۔ 
ای میل میں لکھا کہ نیشنل ہائی وے نمبر ۳ ؍ جو مالیگاؤں کی شہری حدود سے گزرتی ہے، پر اسپیڈ بریکر، پیڈسٹیرین اسٹریٹ، لائٹ اور ڈیوائڈر کی سہولت برابر نہ ہونے سے حادثات ہو تے ہیں ۔ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا اور یونین منسٹری فار ٹرانسپورٹیشن ان مسائل کے سدباب کیلئے مناسب اقدامات کرے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK