انڈین سیکولرپارٹی اور سماج وادی پارٹی کے ’سیکولرفرنٹ‘نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن پر اقتدارکی حصولیابی میں کامیابی درج کروالی ہے۔
EPAPER
Updated: February 08, 2026, 9:54 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
انڈین سیکولرپارٹی اور سماج وادی پارٹی کے ’سیکولرفرنٹ‘نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن پر اقتدارکی حصولیابی میں کامیابی درج کروالی ہے۔
انڈین سیکولرپارٹی اور سماج وادی پارٹی کے ’سیکولرفرنٹ‘نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن پر اقتدارکی حصولیابی میں کامیابی درج کروالی ہے۔ریاست کی ۲۹؍میونسپل کارپوریشنوں میں مالیگاؤں کارپوریشن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ اپنےقیام سے تاحال مسلم اقلیت کے ہاتھوں میں رہی۔ایک مرتبہ پھر میئروڈپٹی میئرکے عہدے مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والی خواتین کے حصے میں آئے۔اس مرتبہ شہری انتظامیہ کے یہ کلیدی مناصب خواتین ہی سنبھال رہی ہیں ۔ مہاراشٹر میں یہ بھی شاید پہلی شہری بلدیہ ہے جس میں میئروڈپٹی میئردونوں خواتین ہیں۔اس الیکشن میں شیوسینا(شندے)کوہزیمت کا سامنا رہا۔اس کے امیدواروں کو ۱۸؍ ووٹوں پر اکتفا کرناپڑا۔
ساس اور سسر کے بعد بہو بنی میئر
انڈین سیکولر پارٹی کی نسرین شیخ خالد مالیگاؤں کی سابق میئر طاہرہ شیخ اور سابق رُکن اسمبلی ومیئر شیخ رشید (مرحوم) کی بہو ہیں۔نسرین سے قبل طاہرہ شیخ ۲۰۱۲ء میں اور ان کے بعد شیخ رشید میئرکی مسند پر براجمان ہوئے تھے۔ ساس بہو دونوں کو حالیہ الیکشن میں بھی کامیابی ملی۔نسرین شیخ کو انڈین سیکولرپارٹی نے بطورِ میئر امیدوار نامزد کیا تھا۔ انہیں کُل ۴۳؍ ووٹ ملے ہیں۔اس میں سماج وادی پارٹی کے ۵؍ ووٹ اور کانگریس کے ۳؍ ووٹ شامل ہیں۔مد مقابل لتا سکھارام گھوڑکےشیوسینا(شند ے)کو ۱۸؍ووٹ ملے۔میئر کے انتخابی عمل میں بی جے پی اور کُل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ان کے کارپوریٹرس غیر جانب دار رہے۔نسرین شیخ خالد مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی دوسری خاتون میئر بنی ہیں۔ان سے قبل طاہرہ شیخ رشید کو مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی پہلی خاتون میئرہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔بہو کے میئربننے پرنمائندہ انقلاب سے دورانِ گفتگو طاہرہ شیخ نے اپنے مرحوم خاوند اور مالیگاؤں کے سابق رُکن اسمبلی شیخ رشید کو چشم پُرنم سے یاد کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر وہ ہوتے تو خوشیاں دوبالا ہوجاتیں۔
والد پہلے میئربنے اور بیٹی پہلی ڈپٹی میئربن گئی
نومنتخب ڈپٹی میئرشانِ ہند کو ۴۳؍ووٹ ملے۔اس میں سماج وادی کے پانچ ،انڈین سیکولر پارٹی کے ۳۵؍ اور کانگریس کے تین کارپوریٹرس شامل ہیں۔ اعلان کے مطابق کُل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے غیر جانب دار رہتے ہوئے ووٹنگ کے عمل میں شرکت درج نہیں کروائی ۔مجلس سے نامزد امیدواربرائے ڈپٹی میئر حافظ عبداللہ نے اپنا نامزدگی پرچہ پریسائڈنگ آفیسرسے واپس لے لیا ۔شانِ ہند کے مقابل ایڈوکیٹ کاکڑے نلیش (شیوسینا، شندے) تھے۔کاکڑے کو ۱۸؍ووٹ ہی مل سکے۔بی جے پی کے ۲؍ کارپوریٹر یہاں بھی غیرجانب دار تھے ۔واضح رہے کہ شانِ ہند کے والد نہال احمد( مرحوم) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے پہلے میئر بنے تھے ۔ ان کی والدہ (۱۹۹۶ء سے ۱۹۹۷ء تک ) مالیگاؤں میونسپل کونسل کی پہلی مسلم خاتون صدر بلدیہ اور مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن اسٹینڈنگ کمیٹی کی پہلی مسلم خاتون چیئرمین بھی بنی تھیں ۔ شانِ ہند گزشتہ میعاد میں میونسپل کارپوریشن کی اپوزیشن لیڈر تھیں۔اس مرتبہ اُن کے حصے میں ڈپٹی میئرشپ آئی۔ اپوزیشن سے پوزیشن میں آنے کیلئے اُن کے شوہر اور نومنتخب رُکن بلدیہ مستقیم ڈگنیٹی کا سیاسی ذہن کارفرما رہا ہے۔
نومنتخب عہدیداروں کے تاثرات
میئرنسرین شیخ خالد نے کہا کہ برتھ سرٹیفکیٹ معاملے میں شہر کے عوام پریشان ہیں۔کئی افراد اب بھی قید وبند کی تکالیف برداشت کررہے ہیں۔ایس آئی آر کی دستک تیز ہوتی جارہی ہے۔حفظانِ صحت اور آب رسانی سے جڑے مسائل سامنے ہیں۔ہماری ترجیحات میں یہی ہے کہ متذکرہ مسائل سے عوام کو راحت ملے۔ڈپٹی میئرشانِ ہند نے کہا کہ شہر مالیگاؤں کو تشخص ،تحفظ اور ترقی ہمارا منشور ہے۔ مختلف طبقات کے درمیان ہم آہنگی،سیکولراقدارکی مضبوطی ، اکھلیش یادوکے پی ڈی اے فلسفے کو ترجیح اور ابوعاصم اعظمی کی قیادت میں کام کرتے رہنے کے ہم پابند ہیں۔
سیکولرفرنٹ کے لیڈروں کے بیانات
انڈین سیکولرپارٹی کے سربراہ آصف شیخ نے کہا کہ مہاراشٹر کی ۲۹؍میونسپل کارپوریشنوں میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن واحد ہے جہاں میئرڈپٹی میئراور اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین کے عہدے پر مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والے براجمان ہیں۔ پارٹی کی توسیع اور کام کاج کے دائرے کو وسیع کرنے کیلئے مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں ہم لوگ کام کرنے جارہے ہیں۔اگلے آٹھ دنوں کے اندر مالیگاؤں میں صوبائی سطح کی ایک بیٹھک رہےگی ۔اس میں طے کریں گے کہ مہاراشٹر کی سیاست میں ہم کو کس طرح آگے بڑھنا ہے۔سماج وادی پارٹی کے لیڈر محمد مستقیم نے کہا کہ شہر کے عوام نے ہمیں موقع دیا ہے۔عوام کی توقعات پر اُترنے کیلئے کوشاں رہیں گے۔