Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگاؤں کی طالبہ کو فزیوتھیراپی میں گولڈ میڈل!

Updated: June 26, 2025, 11:49 AM IST | Shaikh Akhlaque Ahmed | Malegaon

رائل کالج آف فزیوتھیراپی کی طالبہ مومن وجیہہ مریم مہاراشٹر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس (ایم یوایچ ایس) سے مسلسل تیسرے سال ریاستی سطح پر گولڈ میڈلسٹ بنی ، یہ ہونہار طالبہ حافظ قرآن بھی ہے۔

Momin Wajiha was awarded the gold medal by Madhuri Kanetkar (Vice Chancellor). Photo: INN
مومن وجیہہ کو مادھوری کانیٹکر (وائس چانسلر) کے ہاتھوں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ تصویر: آئی این این

 رائل کالج آف فزیوتھیراپی کی ہونہار طالبہ مومن وجیہہ مریم شعیب احمد سے مسلسل تیسرے سال بھی اپنی ذہانت اور محنت سے ’ایم یو ایچ ایس‘ کےگولڈ میڈل کی حقدار بنی ہے۔ خاتون ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر انصرام عبدالمطلب کیمپس میں جاری رائل کالج آف فیزیو تھیراپسٹ کی یہ باصلاحیت ہو نہار محنتی طالبہ نے جہد مسلسل اور عزم و ہمت اور حوصلے کی ایک نمایاں مثال قائم کی ہے اور مسلسل ریاستی سطح پر تیسرے سال گولڈ میڈل حاصل کر کے ’ہیٹ ٹرک‘ مکمل کی ہے۔ 
 قابل ذکر ہے کہ مومن و جبهه مریم شعیب احمد حافظ قرآن بھی ہے، وجیہہ نے فزیوتھیراپی کے فرسٹ ایئر میں بایو کیمسٹری اور کا ئنیسیو تھیراپی، سیکنڈ ایئر میں فارماکولوجی، سائیکاٹری سائیکالوجی اور الیکٹرو تھیراپی اور تیسرے سال میں فنکشنل ڈائگنوسیس اینڈ فیزیوتھیراپٹیک اسکیل جیسے مشکل ترین مضامین میں ٹاپ کرکے اس بات کو ثابت کیا ہے کہ اگر آپ اپنا ہدف متعین کرلیں اور منصوبہ بندی کے ساتھ اس پر عمل پیرا ہوں تو مقصد تک پہنچنا آسان ہو جاتا ہے۔ گزشتہ چند برسوں سے طالبات با پردہ رہ کر جس طرح سے تعلیمی پیش رفت کر رہی ہے وہ اس بات کی نفی کر رہی ہے کہ مسلمانوں میں خواتین کی خواندگی کی شرح نہایت قلیل ہے۔ ایسی طالبات پر قوم و ملت کو یقیناً فخر ہے۔ قابل فخر بات یہ ہے کہ مومن وجیہہ نے نہ صرف عصری تعلیم میں اپنے آپ کو نمایاں اور ممتاز رکھا ہے بلکہ وہ قرآن کی حافظ بھی ہیں۔ مومن وجیہہ نے جماعت اول سے بارہویں تک کا پورا تعلیمی سفر مالیگاوں کی جی اے ٹی گرلز ہائی اسکول اور جونیئر کالج سے مکمل کیا ہے۔ وجیہہ نے ۱۰؍ ویں میں ۹۲؍ اور۱۲؍ویں جماعت میں ۸۴؍ فیصد نمبرات سے کامیابی حاصل کی ہے۔ دسویں جماعت ہی میں پڑھائی کے دوران وجیہہ نے قرآن کا حفظ مکمل کر لیا تھا۔ دونوں شعبے دینی و دنیاوی تعلیم میں مہارت اور نمایاں مقام حاصل کر کے وجیہہ نے طالبات کے لئے مشعل راہ بن کر یہ پیغام دیا ہے کہ پر دے میں رہ کر طالبات اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکتی ہیں۔ مومن وجیہہ کو گزشتہ دنوں مہاراشٹر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں  سبکدوش لیفٹنٹ جنرل مادھوری کانیٹکر (وائس چانسلر) کے ہاتھوں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ 
  مذکورہ کامیابی کے لئے مومن وجیہہ نے رائل کالج آف فیزیوتھیراپی کے شاندار تعلیمی ماحول، اساتذہ کی جہد مسلسل جدید تدریسی سہولت اور وسائل گیسٹ لیکچر اور ورکشاپ کابھی اعتراف کیا ہے۔ انقلاب کیلئے کی جانے والی خصوصی گفتگو میں  ادارہ کے سربراہ رضوان عبدالمطلب نے طالبہ کو مسلسل تیسرے سال گولڈ میڈل ملنے پر مبارکباد پیش کی اور تابناک مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی پرنسپل ڈاکٹر دویا جیٹھوانی، جملہ اسٹاف نے بچی کی اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK