انجمن اسلام کے زیر اہتمام منعقد ہ پروگرام میں والدین اور سرپرستوں کا جم غفیر امڈ آیا ،کُل ۲۱۰؍ طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا
EPAPER
Updated: June 02, 2026, 7:38 AM IST | Malegaon
انجمن اسلام کے زیر اہتمام منعقد ہ پروگرام میں والدین اور سرپرستوں کا جم غفیر امڈ آیا ،کُل ۲۱۰؍ طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا
صنعتی شہر مالیگائوں کی ۶۰؍سے زائد ہائی اسکولوںاور جونیئرکالجوں کے ایس ایس سی وایچ ایس سی امتحان میںنمایاںکامیابی حاصل کرنے والے ۲۱۰؍طلبہ کو مشہور تعلیمی ادارے انجمن اسلام کی جانب سے انعامات دئے گئے۔موقع کی مناسبت سے اُن کے تابناک تعلیمی مستقبل سے متعلق رہنمائی بھی کی گئی۔ کامیاب طلبہ اوران کے اساتذہ اور صدر مدرسین کی بھی عزت افزائی کی گئی ۔ اس موقع پر حاضرین کی تعداد اس قدر تھی کہ یہاں کے اُردوگھرمیںکرسیاں کم پڑگئیں۔حاضرین بحالت مجبوری فرش پربیٹھ گئے۔منتظمین نے زائد کرسیوں کے انتظامات کئےتھے لیکن حاضرین کی کثرت زائد کرسیوں پر بھی حاوی ہوگئی۔
تقریب کی صدارت شعیب خسرو(اورنگ آباد) نے کی۔ انہوں نے اپنا وقت دیگرمقررین کیلئے وقف کردیا۔آن لائن خطاب کے دوران ڈاکٹر ظہیر آئی قاضی (صدر انجمن اسلام )نے کہا کہ ’’اِس وقت کنیڈامیںہوںلیکن میرا دل مالیگاؤں میں ہے۔مجھے اور زیادہ خوشی ہوتی اگر مَیں انڈیا میں ہوتا اورمالیگاؤں میںاس جشن میں شریک ہوتا۔دِل کی گہرائیوں سےہمارے طلبہ،اساتذہ اوروالدین کومبارکبادیاں پیش کرتا ہوں۔مالیگاؤں کی تعلیمی ترقی کیلئے انجمن اسلام ہمہ وقت اہل مالیگاؤں کے ساتھ ہے۔‘‘
کلیدی خطبے میںڈاکٹرشیخ عبداللہ (نائب صدر انجمن اسلام ، ممبئی)نے کہا کہ اِس تعلیمی جشن میں شرکاء کا مثالی جم غفیراس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے یہاں تعلیمی بیداری کم نہیں ہوئی ہے۔خاص طور سے لڑکیوں میںحصولِ علم کے بڑھتے رجحانات اور بہترین کارکردگی ہمارے لئے خوشی کی بات ہے۔اسی کے ساتھ لڑکوں میںبھی سنجیدہ کوششیں کرتے رہنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹرعین العطار(ڈائریکٹرہائروٹیکنیکل ایجوکیشن،انجمن اسلام)نے کہا کہ علم وادب کے حوالے سےمالیگاؤں کی شناخت ہوتی ہے۔انجمن کے سبھی یونٹس اور کیمپس میںیہاں کے طلبہ کا خیرمقدم ہے۔اعلیٰ اور پیشہ وارانہ تعلیم حاصل کرنے کیلئےمالیگاؤںکے ہونہارطلبہ ممبئی اور پنویل کا رُخ کریں۔ مہمانان میںڈاکٹر احمد ریاض (شامنامہ) ، شکیل احمد فیضی(اہل حدیث ویلفیئرسوسائٹی)،پروفیسر عبدالمجید صدیقی ، ابراہیم سیٹھ چمڑے والے(انجمن ترقی تعلیم )،حنیف شوال(فلاح اُمّت ٹرسٹ)،حاجی شاہد انجم(انجمن محبان اُردوکتب)،شکیل سر(عبدالمطلب کیمپس)،لیاقت حسین (شیدا ایجوکیشن فاؤنڈیشن)، عبدالحلیم صدیقی(بیداری نیٹ ورک)شامل ہیں۔ڈاکٹر رمضان کھاٹک(کالسیکرٹیکنیکل کیمپس،نوی ممبئی، پنویل) کی سربراہی میںانجمن اسلام کے وی ٹی کیمپس،بائیکلہ کیمپس،بلاسس روڈکیمپس اور ورسوااندھیری کیمپس سےصدر مدرس، لیکچررس اور یونٹ انچارج شریک ہوئے تھے۔اُردوگھرکے صدردروازے پرتعلیمی اسٹالس لگائے گئےتھے۔یہاںپرانجمن کے زیراہتمام جاری ڈپلومہ وڈگری کالج کے کورسیس پرمشتمل بروشرس اوردیگر لوازمات شرکاء میں بانٹے گئے۔ایس ایم خلیل پرائمری،ہائی اسکول اینڈجونیئرکالج کی جانب سےشرکاء کیلئے مشروبات اورٹھنڈے پانی کے انتظامات دیکھے گئے۔