Inquilab Logo

کم سنی ہی میں کلام پاک حفظ کرنے والی ۳؍ سہیلیاں اب تراویح پڑھا رہی ہیں

Updated: March 28, 2024, 10:29 AM IST | Mukhtar Adeel | Maligaon

حافظہ حمیراء شکیل احمد، حافظہ مبشرہ باسط علی اورحافظہ حدیقہ اشفاق احمد سہیلیاں ہیں۔ مالیگاؤں  کے ایک ہی محلے جعفر نگر و باغِ قاسم میں رہتی ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

حافظہ حمیراء شکیل احمد، حافظہ مبشرہ باسط علی اورحافظہ حدیقہ اشفاق احمد سہیلیاں ہیں۔ مالیگاؤں  کے ایک ہی محلے جعفر نگر و باغِ قاسم میں رہتی ہیں۔ انہوں نے کم سنی میں کلام پاک حفظ مکمل کیا۔ اب تروایح  پڑھا رہی ہیں۔ 
حافظہ حمیراء طیبہ مینشن (جعفرنگر)میں ماہ رمضان میں تراویح پڑھاتی ہیں جہاں ۳؍ صفوں میں مستورات اور لڑکیاں ہوتی ہیں۔ ۲۰؍رکعت میں ۳؍ پارے کی تلاوت کرتی ہیں۔ امسال تیسری مرتبہ تراویح پڑھانے کا شرف حاصل ہواہے۔ ایک نشست میں تکمیل حفظ بھی ہوچکی ہے۔ الحراء اُردو ہائی اسکول سے ایس ایس سی میں ۸۷؍فیصد نمبرات کے ساتھ پورے اسکول میں ٹاپ کیاتھا۔ جب وہ ۷؍ویں جماعت میں زیرتعلیم تھیں اُس دوران حفظ کلام پاک کیلئے دارالسعادہ آئیں ۔ دسویں جماعت میں پہنچیں تو ایک طرف تکمیل حفظ دوسری جانب ایس ایس سی بورڈکے سالانہ امتحانات تھے۔ دونوں محاذ پر سخت محنت کی۔ تکمیل بھی ہوئی اور دسویں میں اسکول ٹاپر بھی بنیں۔ 
حافظہ مبشرہ نماز تراویح بھی پڑھاتی ہیں۔ محلے کی سن رسیدہ خواتین جوش وخروش سے شریک ہوتی ہیں۔ ایک نشست میں مکمل کلام پاک سنا چکی ہیں۔ انہیں جونیئر کالج سائنس فیکلٹی سے بورڈ ایگزام میں ۸۶؍فیصد نمبرات ملے۔ ۲۰۲۱ء میں حفظ مکمل کیا۔ ڈھائی سال کے عرصے میں حفظ پورا ہوا۔ ماہ رمضان کے علاوہ عام دنوں میں گھر کے سارے کام کاج کرنے اور دارالسعادہ میں معلمی کے فرائض انجام دینے کے ساتھ ایک سے ڈیڑھ پارہ تلاوت کا معمول ہے۔ رمضان مہینے میں دو سے ڈھائی پارہ پڑھتی ہیں۔ 
اسی طرح حافظہ حدیقہ احمد اللہ عقیل (سبکدوش آفیسر سعودی سفارت خانہ، ممبئی) کے مکان ’دارالسعادہ ‘میں تراویح پڑھاتی ہیں۔ وہاں مستورات اورلڑکیاں جمع ہوتی ہیں۔ انہوں نے ۲۰۲۱ء میں حفظ مکمل کیا۔ ایس ایم خلیل ہائی اسکول (گولڈن نگر)سے ایس ایس سی میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ عصری تعلیم کا سلسلہ منقطع کرکے مکمل وقت دینی تعلیم کے حصول میں لگانے کا عزم کرچکی ہیں۔ حفظ کے بعد عالمیت میں داخل ہوئی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ اس دنیا میں اس سے بڑی نعمت ہمارے لئے کچھ اور نہیں کہ رب تعالیٰ نے اپنا پاک کلام ہمارے سینوں میں محفوظ فرمادیا۔ اس کی روحانیت لفظوں میں بیان نہیں  کی جاسکتی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK