Updated: October 22, 2025, 4:59 PM IST
| New York
نیویارک سٹی کے میئر کے امیدوار ظہران ممدانی نے دیوالی کے موقع پر مندروں کے دورے کے دوران ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی پر ایک بار پھر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسے ہندوستان کے نظریے پر یقین رکھتے ہیں جہاں ہر مذہب اور طبقے کے لوگ برابر کے شہری ہوں۔
ظہران ممدانی۔ تصویر: آئی این این
نیو یارک سٹی کے میئر کے امیدوار ظہران ممدانی نے کبھی بھی ہندوستانی وزیرِ اعظم نریندر مودی پر اپنی تنقید چھپانے کی کوشش نہیں کی۔ دیوالی کے موقع پر اس ڈیموکریٹک اسمبلی مین نے ایک بار پھر مودی پر تنقیدی وار کیا، ساتھ ہی اپنے ماضی کے متنازع بیانات کا بھی اعتراف کیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ نیویارک کے اوزون پارک میں واقع تری مورتی بھون مندر میں دیوالی کی تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔
ظہران ممدانی کا نریندر مودی پر طنز
ممدانی نے کہا، ’’میں مودی کا ناقد رہا ہوں کیونکہ میں ایک ایسے ہندوستان کے نظریے کے ساتھ بڑا ہوا جہاں ہر کسی کو شامل سمجھا جاتا تھا۔ ‘‘ممدانی نے اس سے قبل ہندوستانی وزیر اعظم مودی کا موازنہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو سے کیا تھا اور انہیں ’’جنگی مجرم‘‘ بھی کہا تھا۔ اسی گفتگو کے دوران انہوں نے وضاحت کی کہ وہ ایک ایسے ہندوستان کے تصور کے ساتھ پروان چڑھے جہاں ’’کثرتیت‘‘ تھی، اور’’جہاں ہر کسی کا تعلق ہوتا تھا، چاہے ان کا مذہب کچھ بھی ہو۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’مودی اور بی جے پی کیلئے صرف کچھ خاص قسم کے ہندوستانیوں کیلئے ہی جگہ ہے۔ ‘‘ یہ بات انہوں نے دیوالی کے موقع پر ایک مندر کے دورے کے دوران کہی، جہاں وہ اپنی ہندو وراثت سے دوبارہ جڑنے آئے تھے۔
ممدانی نے مزید کہا، ’’کثرتیت ایک ایسی چیز ہے جس کا جشن منایا جانا چاہئے جس کیلئے کوشش کرنی چا ہئے۔ ‘‘ساتھ ہی انہوں نے تسلیم کیا کہ نیویارک سٹی کے میئر کے عہدے کیلئے انتخاب لڑتے ہوئے، سب کے خیالات ہندوستان یا مودی صاحب کے بارے میں ان جیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’آٹھ اعشاریہ پانچ ملین لوگ، جن میں سے کئی مجھ سے مودی صاحب کے بارے میں مختلف رائے رکھتے ہیں، اور یہ ان کا حق ہے، پھر بھی میں ان سب کی نمائندگی کروں گا۔ ‘‘مشہور فلم ساز میرا نائر کے بیٹے ممدانی نے مزید کہا کہ وہ نیو یارک کے شہریوں کے تحفظ، ان کے اس شہر میں جینے کی استطاعت، اور ان کے نہ صرف محفوظ بلکہ قابلِ فخر ہونے کی ذمہ داری محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ’’یہ وہ سبق ہے جو میں نے ہند نژاد تارکینِ وطن برادری کا حصہ بن کر سیکھا ہے۔ ‘‘
دیوالی پر مندروں کے دورے
۴؍نومبر کے انتخابات سے قبل ممدانی نے اس ہفتے کوئنز کے مندروں کا دورہ کیا اور ہندو عقیدے سے وابستہ مختلف عبادت گاہوں میں حاضری دی۔ اگر وہ اگلے ماہ منتخب ہو جاتے ہیں تو وہ نیویارک سٹی کے پہلے مسلم میئر اور پہلے ہند نژاد امریکی میئر بن جائیں گے۔ ایک موقع پر انہوں نے کہا، ’’آپ سب کے ساتھ یہاں ہونا میرے لئے بہت خاص ہے کیونکہ جب میں اس مندر کے ارکان سے ملتا ہوں تو مجھے اپنے ہی خاندان کے نام سنائی دیتے ہیں۔ ‘‘مزید برآں، گنیش مندر کے دورے کے دوران انہوں نے صحافیوں سے کہا، ’’دیوالی، ہولی، اور رکشا بندھن کی کہانیاں اور روایات نے مجھے وہ اقدار سکھائیں جنہیں میں آج بھی عزیز رکھتا ہوں۔ میری والدہ کا خاندان ہندو ہے۔ اگرچہ میں خود مسلمان ہوں، مگر میں نے ہندو مذہب کے مفہوم کو گہرائی سے سمجھتے ہوئے پرورش پائی۔