Updated: April 13, 2026, 6:35 PM IST
| London
انگلش پریمیئر لیگ میں خطاب کی دوڑ ایک بار پھر سنسنی خیز رخ اختیار کر گئی ہے۔ مانچسٹر سٹی نے اسٹیمفورڈ برج میں کھیلے گئے اہم میچ میں چیلسی کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ۰۔۳؍گول سے عبرتناک شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر قابض آرسنل سے فاصلہ مزید کم کر دیا ہے۔
چیلسی اور سٹی کا میچ۔ تصویر:ایکس
انگلش پریمیئر لیگ میں خطاب کی دوڑ ایک بار پھر سنسنی خیز رخ اختیار کر گئی ہے۔ مانچسٹر سٹی نے اسٹیمفورڈ برج میں کھیلے گئے اہم میچ میں چیلسی کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ۰۔۳؍گول سے عبرتناک شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر قابض آرسنل سے فاصلہ مزید کم کر دیا ہے۔میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا، تاہم دوسرے ہاف میں مانچسٹر سٹی کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے محض ۱۷؍ منٹ کے دوران تین گول داغ کر مقابلہ یکطرفہ کر دیا۔
۵۱؍ویں منٹ میں نیکو او ریلی نے ریان شرکی کے خوبصورت کراس پر شاندار ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ میچ کے ۵۷؍ ویں منٹ میں سابق چیلسی ڈیفینڈر مارک گوہی نے ایک بار پھر ریان شرکی کی مدد سے گیند کو باٹم کارنر میں پہنچا کر برتری دگنی کر دی۔ ۶۸؍ ویں منٹ میں جیریمی ڈوکو نے چیلسی کے ڈیفینڈر موسیس کائیسیڈو سے گیند چھین کر ایک زوردار شاٹ کے ذریعے گول کیپر رابرٹ سانچیز کو بے بس کر دیا۔
اس فتح کے بعد مانچسٹر سٹی اب لیگ لیڈر آرسنل سے محض ۶؍پوائنٹس کی دوری پر ہے، جبکہ سٹی کو ایک میچ کی اضافی برتری بھی حاصل ہے۔ دوسری جانب اس شکست نے چیلسی کی چیمپئن لیگ کے لیے کوالیفائی کرنے کی امیدوں کو شدید دھچکا پہنچایا ہے اور وہ ٹیبل پر چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
فٹ بال شائقین کی نظریں اب اگلے ہفتے پر لگی ہیں جب مانچسٹر سٹی کا مقابلہ براہِ راست آرسنل سے ہوگا۔ آرسنل کی حالیہ بورن ماؤتھ کے خلاف شکست کے بعد سٹی کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ اس سیزن کی چیمپئن بننے کے خواب کو حقیقت میں بدل دے۔
ایشین چیمپئن لیگ ایلیٹ کی واپسی: جدہ میں فٹ بال کا میلہ سج گیا
مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال اور فضائی حدود کی بندش کے باعث تعطل کا شکار ہونے والی ایشین چیمپئنز لیگ ایلیٹ بالآخر اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے بدلتے ہوئے حالات کے پیشِ نظر ٹورنامنٹ کے ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے اب اسے جدہ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء: فیفا نے ایران کی میچز منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی
ایونٹ کا اصل منصوبہ یہ تھا کہ کوارٹر فائنل سے فائنل تک کے تمام میچز ایک مرکزی مقام پر ہوں، لیکن مغربی ایشیا کی ٹیموں کے راؤنڈ آف۱۶؍ کے میچز تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے اب انہیں جدہ میں سنگل لیگ مقابلوں کی صورت میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس صورتحال سے ایران کی ٹیم `ٹریکٹر سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، جس نے تقریباً ۵۰؍ دنوں سے کوئی میچ نہیں کھیلا اور حال ہی میں اپنی تربیت دوبارہ شروع کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:جنید خان کی ’’ایک دن‘‘ کی ایڈوانس بکنگ ۳۹؍ دن پہلے شروع
آج سے شروع ہونے والے ناک آؤٹ مرحلے میں فٹ بال شائقین کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے ۔دفاعی چیمپئن الاہلی اپنے ہوم گراؤنڈ پر مہم کا آغاز کرے گی۔ ٹورنامنٹ کی واحد ناقابلِ شکست ٹیم الہلال ۲۰۲۱ء کے بعد ایک بار پھر ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔ کوارٹر فائنلز کا مرحلہ جمعرات سے شروع ہوگا۔