پارٹی کی ریاستی چیف شاردادیوی نے چھٹی مرتبہ اپنے مکان کو نشانہ بنائے جانے کے بعد موجودہ حالات کیلئے اپنی ہی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا، مرکز سے مداخلت کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: October 01, 2023, 9:52 AM IST | Agency | Imphal
پارٹی کی ریاستی چیف شاردادیوی نے چھٹی مرتبہ اپنے مکان کو نشانہ بنائے جانے کے بعد موجودہ حالات کیلئے اپنی ہی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا، مرکز سے مداخلت کا مطالبہ۔
شمال مشرقی ریاست منی پور میں حالات اس قدر دھماکہ خیز ہو گئے ہیں کہ اب بی جے پی کی ریاستی صدر شاردا دیوی کو بھی احساس ہو گیا ہے کہ منی پور کے شہریوں میں پارٹی کے تئیں انتہائی شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ ان کے مکان کو گزشتہ ۵؍ ماہ کے دوران چھٹی مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے جس سے وہ کافی دہل گئی ہیں۔ انہوں نے پارٹی صدر جے پی نڈا کو خط لکھ کر اس معاملے میں کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ریاست کے دگرگوں حالات کے لئے اپنی ہی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ۔خط پر شاردا دیوی کے علاوہ پارٹی کے ریاستی نائب صدر چیدانند سنگھ کے بھی دستخط ہیں۔ ان دونوں لیڈروں نےجے پی نڈا اور اعلیٰ کمان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کریںاور یہاں بی جے پی لیڈروں کو محفوظ کریں کیوں کہ منی پور کے عوام میں پارٹی کے تئیں اس قدر غصہ اور اشتعال ہے کہ وہ بتایا نہیں جاسکتا۔ حالات یہ ہیں کہ یہ غصہ کبھی بھی ابل سکتا ہے جس سے ریاست کے حالات مزید خراب ہو جائیں گے ۔ انہوں نے لکھا کہ حکمراں پارٹی کے خلاف انہوں نے کہیں بھی اتنا غصہ نہیں دیکھا ۔
شاردا دیوی نےاپنے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ تشدد کی وجہ سے جو لوگ بےگھر ہوئے ہیں یا جو ریلیف کیمپوں میں پناہ لینے کو مجبور ہوئے ہیں انہیں فوری طور پر ان کے گھر بھیجا جائے یا پھر ا ن کی مستقل رہائش کا انتظام کیا جائے۔اس کے علاوہ ریاست سے گزرنے والے تمام ہائی ویز پر ٹریفک بحال کیا جائے اور کہیں روک ٹوک نہ ہو ۔ جگہ جگہ ٹریفک بلاک ہونے کی وجہ سے بھی عوام میں غصہ بڑھ رہا ہے اور وہ کہیں نہ کہیں لیڈروں مکانات پر حملے کی صورت میں نکل رہا ہے۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ جن لوگوں سے معاوضہ کا وعدہ کیا گیا ہے وہ انہیں فوراً ادا کیاجائے۔ ساتھ ہی تشدد میں جن کے مکانات یا دیگر املاک کو نقصان پہنچا ہے انہیں فوری معاوضہ دیا جائے۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ این بیرین سنگھ جن پرکرسی چھوڑنے کا زبردست دبائو ہے ، نے شہریوں سے امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ تازہ واقعہ کے تمام مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ان کی تلاش شروع ہے جلد ہی وہ سبھی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے ۔ یاد رہے کہ اس معاملے پرگزشتہ کچھ دنوں سے منی پور کے کئی شہروں میں احتجاج ہو رہا ہے۔ امپھال سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں پر فی الحال کرفیو نافذ ہے ۔ اس کے علاوہ چوراچند پور میں بھی احتجاج ہو رہا ہے۔ یہاں پر گزشتہ شب خواتین نے کینڈل مارچ نکال کر حکومت کے خلاف احتجاج کیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ دہرایا۔