Inquilab Logo

منی پورتشدد: چوراچندرپور میں انٹرنیٹ خدمات ۵؍ دن کیلئے معطل

Updated: February 16, 2024, 3:10 PM IST | Imphal

ریاستی حکومت نے منی پور کے ضلع چورا چندرپور میں ۵؍ دن تک انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کے مطابق کچھ سماج مخالف عناصر تصاویر، ویڈیوز اور پوسٹ کی تشہیر کیلئے بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں جو عوام کو اکسانے کا کام کر رہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے ضلع میں قانون اور احکام کی بالادستی کو قائم رکھنے کیلئے اور عوامی تحفظ کی حفاظت کیلئے ۵؍ دن تک انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

A scene of Manipur violence. Photo: INN
منی پور تشدد کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

منی پور حکومت نےایک پولیس اہلکارکے خلاف کارروائی پر آج تشدد پھوٹ پڑنے کے بعد چوراچندرپور ضلع میں ۵؍ دنوں کیلئے انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی ہیں۔ سپریٹنڈنٹ آف پولیس اور ڈپٹی کمشنر کے دفاتر میں توڑ پھوڑ ہونے کے بعد آج صبح بھی ضلع میں حالات ناسازگار رہے۔ہجوم نے سی اے پی ایف کی گاڑیوںکو بھی جلا دیا اورایس پی کے دفتر کے کامپلیکس پر لگے ہوئے قومی پرچم کو بھی اتار دیا گیا۔ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے حکم میں کہا گیا ہے کہ یہ خدشات ہیں کہ کچھ سماج مخالف عناصر بڑے پیمانے پر ویڈیوز، تصاویر اور پوسٹ کی تشہیر کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں جو عوام کو اکسانے کا کام کر رہی ہیں۔ اس کے ذریعے ریاست میں قانون اور  احکام کی بالادستی کے بھی متاثرہونے کے امکانات ہیں۔عوام کی جانوں اور عوامی و نجی جائیداد کو نقصانات سے بچانے کیلئے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے اور افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ریاستی حکومت نے ۵؍ دن کیلئے انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: منی پور: تشدد کی نئی لہر، سرکاری اسلحہ خانہ لوٹنے کی کوشش میں ایک شخص ہلاک

حکام کے مطابق ضلعی پولیس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل کے مبینہ ویڈیو میں بندوق برداروں کے ساتھ دیکھے جانے اور معطل کئے جانے کے بعد جمعرات کی رات ضلع میں اس وقت تشدد پھوٹ پڑا تھاجب ہجوم حکومتی کامپلیکس میں داخل ہو گئے تھے اور انہوں نے گاڑیوں کو نذر آتش کردیا تھا۔سیکوریٹی فورس نے ہجوم پر آنسو گیس کے غولے داغے اورحالات پر قابو پانے کیلئےاحتجاجیوں کو منتشر کرنے کیلئے کم از کم مہلک قوت کا استعمال کیا تھا۔مقامی باشندوں کے مطابق اس تصادم میں ایک ہلاک جبکہ تقریباً ۳۰؍ زخمی ہوئے تھے۔ چوراچندرپور پر مبنی ٹرائبل لیڈرس فارم (آئی ٹی ایل ایف) نے آج ایک شخص کی موت پر احتجاج کرنے کیلئے ریاست میں شٹ ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔احتجاجیوں نے ہیڈ کانسٹیبل کوڈیوٹی پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل کی معطلی غلط ہے۔
واضح رہے کہ ۳؍ مئی کو منی پور میں تشدد پھوٹ پڑا تھا جس کے نتیجے میں ۱۸۰؍ سے زائد افراد کی موت ہوئی تھی جبکہ متعدد  زخمی ہوئے تھے۔ تشدد کے نتیجے میں کئی افراد بے گھر بھی ہوئے تھے۔ یہ تشدد منی پور کی میتی اور کوکی برادری کے درمیان ہوا تھا۔ کوکی برادری نے الگ انتظامیہ کا مطالبہ کیا ہے جسے حکومت نے اب تک قبول نہیں کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK