Inquilab Logo

من کی بات : نوجوانوں کی صحت پر خصوصی گفتگو

Updated: January 01, 2024, 12:53 PM IST | Agency | New Delhi

نوجوانوں کو ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے ’فٹ‘ رہنا چاہئے: وزیر اعظم مودی۔ اکشے کمار، وشواناتھن آنند،ہرمن پریت کور اور دیگر کے پیغامات۔

Listening to JP Nadda and Yogi Adityanathman in Lucknow. Photo: PTI
لکھنؤ میں جےپی نڈا اور یو گی آدتیہ ناتھ من کی بات سنتے ہوئے۔ تصویر : پی ٹی آئی

وزیر اعظم مودی نے من کی بات کے۱۰۸؍ویں ایپی سوڈ میں ترقی یافتہ ہندوستان میں نوجوانوں کو صحت منداور فٹ بنانے پر زور دیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے ۵؍ اہم شخصیات کے آڈیو پیغامات سنائے۔ 
اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی نےآ کاشوانی اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات کے ۱۰۸؍ویں ایپی سوڈ میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’نوجوانوں کو ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے ’فٹ‘رہنا چاہئے۔ ہندوستان کے بارے میں ہر طرف امید اور جوش ہے۔ جب ہندوستان ترقی یافتہ ہو گا تو نوجوانوں کا سب سے زیادہ فائدہ ہوگا لیکن نوجوانوں کو اس کا زیادہ فائدہ اسی وقت ملے گا جب وہ فٹ ہوں گے۔ بیماریاں نوجوانوں کے لئے زیادہ تشویش کا باعث ہیں۔‘‘
 وزیراعظم نے کہا ،’’ملک میں فٹ رہنے سے متعلق بیداری بڑھ رہی ہے اور اس سلسلے میں ٹرینرز کی بھی مانگ ہے۔‘‘
 دماغی صحت کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر نے فلم اداکار اکشے کمار، گرینڈ ماسٹر وشواناتھن آنند، معروف کرکٹر ہرمن پریت کور،سدگرو جگی واسودیو اور اسٹارٹ اپ کے بانی رشبھ ملہوترا کے آڈیوپیغامات باری بارے سنائے اور کہا کہ ہر کسی کا ایک منتر صحت مند اور فٹ رہیں۔ 
 اکشے کمار نے اپنےپیغام میں گھی کے استعمال کی وکالت کی۔ ان کا کہناتھا ، ’’میرا ماننا ہے کہ خالص گھی اگر مناسب مقدار میں کھایا جائے تو ہمارے لئے فائدہ مند ہے لیکن میں دیکھتا ہوں کہ بہت سے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں گھی نہیں کھاتے، کیونکہ انہیں ڈر ہے کہ وہ موٹے ہو جائیں گے۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم سمجھیں کہ ہماری صحت کے لئے کیا اچھا ہے اور کیا برا ہے؟ آپ کو اپنے طرز زندگی کو ڈاکٹروں کے مشورے سے بدلنا چاہئے نہ کہ کسی فلم اسٹار کا جسم دیکھ کر۔ یادرکھئے کہ اداکار اکثر وہ نہیں ہوتے جیسے وہ اسکرین پر نظر آتے ہیں۔ ‘‘
  اکشے کمار نے نوجوانوں  کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی کہا، ’’آج کل، بہت سے لوگ اسٹیرائڈز لیتے ہیں اور۶؍پیک یا۸؍پیک کا سہارا لیتے ہیں ۔ یار ایسے شارٹ کٹس سے جسم باہر سے پھول جاتا ہے، لیکن اندر سے کھوکھلا رہتا ہے۔ آپ لوگ یاد رکھیں کہ شارٹ کٹ آپ کی زندگی کو چھوٹا کرسکتا ہے۔ آپ کو شارٹ کٹ کی ضرورت نہیں ہے، آپ کو مستقل صحت کی ضرورت ہے۔ دوستو! صحت تپسیا سے حاصل ہوتی ہے۔ ‘‘
 انہوں نے اپنے پیغام میں نئے سال کے موقع پر نوجوان سے زور دے کرکہا،’’ اس نئے سال میں ، اپنے آپ سے وعدہ کریں کہ کوئی کیمیکل نہیں ، کوئی شارٹ کٹ ورزش نہیں ، یوگا، اچھی غذا ، وقت پر سونا، مراقبہ اور سب سے اہم بات آپ جس طرح نظر آتے ہیں ، اسے خوشی  خوشی قبول کریں۔ آج کے بعد فلٹر لائف نہ جئیں۔ اپنا خیال رکھیں۔ ‘‘
 گرینڈ ماسٹر وشواناتھن آنند نے من کی بات سننے والوں کو بھر پورنیند لینے کا مشورہ دیا، ان کا کہنا تھا ،’’ پرسکون رہیں اور آگے کے کام پر توجہ دیں ۔ سب سے اہم رات کو اچھی نیند لینا ہے۔ میرے خیال میں کم از کم ۷؍ یا ۸؍ گھنٹے کی نیند لینی چاہئے، کیونکہ اسی صورت میں آپ آئندہ پورا دن پرسکون انداز سے گزارنے کے اہل ہوسکتے ہیں۔ نیند پوری ہونےپر آپ جذباتی فیصلہ نہیں کرتے اور اپنے جذبات پر قابو رکھتے ہیں ، اس لئے میرے لئے نیند سب سے اہم ہے۔ ‘‘
 مشہور کرکٹر ہرمن پریت کور نےاپنے پیغام میں  کہا، ’’ باقاعدگی سے ورزش اور۷؍ گھنٹے کی پوری نیند جسم کیلئے بہت ضروری ہے اور فٹ رہنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کیلئے بہت زیادہ نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہوگی۔ جب آپ نتائج حاصل کرنا شروع کر دیں گے تو آپ روزانہ ورزش کرنا شروع کر دیں گے۔ ‘‘سد گرو جگی واسودیو جی نے اپنے پیغام میں دماغی صحت سے متعلق کہا ، ’’معاشرے اور دنیا بھر کی اقوام اور پوری انسانیت کی تہذیبی اورثقافتی زندگی میں یہ بہت اہم ہے کہ ہم اپنی دماغی صحت کو سمجھیں ، ہمیں اس کی حفاظت کرنی چاہئے۔ ہمیں اس کی دیکھ بھال کرنی چاہئے۔‘‘
رشبھ ملہوترا نے اپنے پیغام میں کہا ، ’’من کی بات کے ذریعے میں آپ کو بتانا چاہوں گا کہ گدا ورزش سے آپ اپنی طاقت، قوت، حالت اور یہاں تک کہ سانس لینے میں بھی بہتری لا سکتے ہیں ، اس لئے گدا کی اس ورزش کو اپنائیے اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیجئے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK