• Mon, 01 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

من کی بات: قدرتی آفات ملک کیلئے آزمائش، امید افزاء واقعات کا بھی تذکرہ

Updated: September 01, 2025, 1:17 PM IST | Agency | New Delhi

ہندوستان کے بڑے حصے قدرتی آفات سے دوچار ہیں، اس دوران  وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام’من کی بات‘ میں کہا ’’اس مانسون میں، قدرتی آفات ملک کو آزما رہی ہیں۔‘‘

Prime Minister Narendra Modi. Photo: INN
وزیر اعظم نریندر مودی۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان کے بڑے حصے قدرتی آفات سے دوچار ہیں، اس دوران  وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام’من کی بات‘ میں کہا ’’اس مانسون  میں، قدرتی آفات ملک کو آزما رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے مختلف ریاستوں میں بارش سے ہونے والی تباہی اوراموات کا ذکر کرتے ہوئے قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ’من کی بات‘ کے ۱۲۵؍ ویں ایڈیشن میں وزیر اعظم نے کھیلوں، ثقافت اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ملک کی بڑھتی ہوئی وابستگی پر بھی روشنی ڈالی۔
 وزیر اعظم نےکہا’’ایک بھارت-شریشٹھ بھارت کا جذبہ- ملک کے اتحاداور ترقی کیلئے بہت اہم ہے اور یقینی طور پر ، کھیل اس میں بڑا کردار ادا کرتے ہیں ۔ جو کھیلتا ہے ، وہ کھلتا ہے۔‘‘کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش سے ہونے والی حالیہ تباہی پر تفصیلی اظہار خیال کے ساتھ شروعات کرتے ہوئے مودی نے جانی و مالی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا  ’’کہیں گھر اُجڑ گئے، کہیں کھیت ڈوب گئے، خاندان تباہ ہوگئے...ان واقعات نے ہر ہندوستانی کو رنجیدہ کیا ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، مسلح افواج،  ڈاکٹروں، مقامی انتظامیہ اور رضاکاروں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ 
 مودی نے اس تباہی کے دوران زمینی تودے کھسکنے سے متاثرہ جموں کشمیر کی دو قابل قدر حصولیابیوں پر روشنی ڈالی۔ پہلا رائل پریمیر لیگ کے تحت منعقد ہونے والا، پلواما کا پہلا ڈے نائٹ کرکٹ میچ تھا۔ انہوں نے کہا ’’اسے دیکھنے کے لیے ریکارڈ تعداد میں لوگ جمع ہوئے-جو ایک ایسا منظر تھا جسے کچھ وقت پہلے تک ناممکن سمجھا جاتا تھا۔‘‘ 
 سری نگر کی ڈل جھیل میں منعقدہ ہندوستان کے پہلے کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول کی کامیاب میزبانی بھی اتنی ہی قابل ذکر تھی،  مودی نے کہا کہ انہوں نے ریاست کی مہمان نوازی کی تعریف کی اور کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے  ادیشہ کی رشمیتا ساہو اور سری نگر کے محسن علی کا خاص طورپر ذکرکیا، جنہوں نے سونے کے تمغے حاصل کئے ۔ایک مزدورکنبے سے تعلق رکھنے والے محسن نے اولمپک تمغہ جیتنے اور عالمی  پلیٹ فارم پر قومی ترانہ سننے کے اپنے خواب کا اظہار کیا۔ جواب میں وزیر اعظم نے کہا’’مزدور کا بیٹا اتنے بڑے خواب دیکھتا ہے... اس کا مطلب یہ ہےکہ ملک بہت ترقی کرنے والا ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے پرتبھا سیتو پورٹل کے بارے میں بھی تفصیل سے بات کی جو۱۰؍ ہزار  سے زیادہ ان امیدواروں کے ڈیٹا کا حامل ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جنہوں نے یو پی ایس سی کے تمام مراحل کو عبور کیا لیکن حتمی انتخاب سے محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ پورٹل کے ذریعے نجی آجر اب ان قابل امیدواروں کی شناخت اور بھرتی کر سکتے ہیں۔ 
 مودی نے ایک  بین براعظمی کہانی بھی شیئر کی۔ لیکس فریڈمین کے ساتھ وزیر اعظم کا پوڈ کاسٹ سننے کے بعد، جرمن فٹ بالر اور کوچ ڈائٹمر بیئرسڈورفر نے مدھیہ پردیش کے شہڈول سے تعلق رکھنے والے نوجوان فٹ بالرز کو تربیت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے رابطہ کیاتھا ۔ انہوں نے کہا،’’ہمارے کچھ نوجوان اب تربیت حاصل  کرنے کے لیے جرمنی جائیں گے۔ یہ کھیلوں کے ذریعے ہندوستان کی بڑھتی ہوئی عالمی وابستگی کا ثبوت ہے۔ زمینی سطح کے تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے سورت کے ایک سیکورٹی گارڈ جتیندر سنگھ راٹھور کی بھی تعریف کی، جس نے پہلی جنگ عظیم سے پہلے کے ہزاروں شہید فوجیوں کے بارے میں معلومات کو اچھے طریقے سے قلم بند کیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا،’’ان کی زندگی ہمیں حقیقی حب الوطنی کا درس دیتی ہے۔‘‘مودی نے اس کے علاوہ حیدر آبادمیں’ آپریشن پولو‘ کا بھی ذکر کیا اور عوام سےشمسی توانائی کا استعمال کرنے کی بھی اپیل کی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK