Inquilab Logo Happiest Places to Work

انتروالی سراٹی میں منوج جرنگے کی بھوک ہڑتال ختم، اہم مطالبات منظور

Updated: June 01, 2026, 11:16 AM IST | Jalna

۳؍ سال میں  نویں  بار مراٹھا ریزرویشن کیلئےجرنگے پاٹل نے جمعہ کو احتجاج شروع کیاتھا، سنیچر اور اتوار کی شب ریاستی وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل کی قیادت میں  حکومتی وفد نے جرنگے سے ملاقات کی اور بھوک ہڑتال ختم کروائی۔

In the picture, Manoj Jarange, Radhakrishnan Vakhe Patil and others at the time of ending the strike. Photo: INN
تصویر میں  منوج جرنگےہڑتال ختم کرنے کے وقت، رادھا کرشن وکھے پاٹل اور دیگر۔ تصویر: آئی این این

مراٹھا ریزرویشن تحریک کےلیڈر منوج جرنگے پاٹل نے مہاراشٹر حکومت کی جانب سے مراٹھا ریزرویشن سے متعلق تمام اہم مطالبات منظور کئے جانے اور ان پر جلد عمل درآمد کی یقین دہانی کے بعد اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جرانگے پاٹل نے مراٹھا سماج کے مطالبات کی حمایت میں سنیچر کے روز جالنہ ضلع کے انتر والی سراٹی گاؤں میں صبح ۱۰؍ بجے سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ احتجاج دوسرے دن میں داخل ہو چکا تھا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب حکومت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد موقع پر پہنچا اور ان سے تفصیلی مذاکرات کیے۔ اس طرح یہ بھوک ہڑتال تقریباً ۱۵؍ گھنٹےبعد ختم ہوئی۔ 
رپورٹ کے مطابق اتوار کی علی الصبح تقریباً ایک بجے مہاراشٹر کے وزیرمحصول رادھا کرشن وکھے پاٹل کی قیادت میں وفد نے جرنگے پاٹل سے ملاقات کی اور زیر التوا مطالبات پر تفصیلی گفتگو کی۔ وفد میں رکن اسمبلی پرساد لاڈ اور جالنہ شہر بی جے پی کے صدر کشور شیتولے بھی شامل تھے۔ 
مذاکرات کے دوران حکومتی نمائندوں نے جرنگے پاٹل سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی اور یقین دلایا کہ ان کی جانب سے پیش کیے گئے تمام مطالبات پر مثبت کارروائی کی جائے گی۔ حکومت نے شندے کمیٹی کی مدت میں ایک سال کی توسیع کے مطالبے کو بھی قبول کر لیا۔ حکومت کی یقین دہانی کے بعد منوج جرنگے پاٹل نے اپنی بھوک ہڑتال واپس لینے کا اعلان کر دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: پونے زہریلی شراب سانحہ کا بھیونڈی کنکشن، ۵؍ ہزار ۹۲۹؍ کلو میتھنال ضبط

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رادھا کرشن وکھے پاٹل نے کہا کہ منوج جرنگے پاٹل کے تمام مطالبات ریاستی حکومت نے قبول کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ہمیشہ مراٹھا سماج کے تئیں مثبت رویہ رکھتے آئے ہیں اور برادری کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور پُرعزم ہیں۔ وکھے پاٹل نے مزید بتایا کہ حکومت منظور شدہ مطالبات پر تیزی سے عمل درآمد کرے گی اور اس سلسلے میں آئندہ دو سے تین دن کے اندر سرکاری احکامات جاری کر دیے جائیں گے۔ اس موقع پر جرنگے پاٹل نے اپنے حامیوں  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے پہلے سے شناخت کیے گئے۵۸؍ لاکھ ریکارڈز کی بنیاد پر کنبی ذات کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریکارڈ گرام پنچایت دفاتر میں آویزاں کیے جائیں گے، جبکہ ذات کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے کام کی نگرانی ڈویژنل کمشنر کے دفتر کی جانب سے کی جائے گی۔ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، جرنگے پاٹل نے حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مراٹھا مظاہرین کے خلاف درج پولیس مقدمات واپس لئے جائیں۔ رپورٹ کے مطابق ہڑتال ختم ہونے کے بعد جرنگے پاٹل کو مزید طبی معائنے اور علاج کے لئے اورنگ آباد( چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایک اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK