ایف ڈی اے کا انجورروڈ کے گودام پر چھاپہ ، ریکارڈ نہ ملنے پر مقدمہ درج، لائسنس منسوخی کی کارروائی بھی شروع کر دی گئی۔
EPAPER
Updated: May 31, 2026, 10:51 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
ایف ڈی اے کا انجورروڈ کے گودام پر چھاپہ ، ریکارڈ نہ ملنے پر مقدمہ درج، لائسنس منسوخی کی کارروائی بھی شروع کر دی گئی۔
پونے اور پمپری چنچوڑ میں زہریلی شراب پینے سے۱۸؍ افراد کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات کے دوران بھیونڈی کا رابطہ سامنے آنے کے بعد محکمہ خوراک و ادویات انتظامیہ (ایف ڈی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ۵؍ہزار۹۲۹؍کلو گرام میتھنال ضبط کر لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ غیر قانونی شراب کی تیاری میں استعمال ہونے والا میتھنال اسی سپلائی چین کے ذریعے فراہم کیا گیا تھا۔ ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈھے کی ہدایت پر انجام دی گئی اس کارروائی کو تحقیقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔واضح رہے کہ پونے کے فوگویواڑی، داپوڑی اور ہڈپسَر علاقوں میں زہریلی شراب پینے سے۱۸؍ افراد کی موت واقع ہوئی تھی جبکہ متعدد افراد کی حالت متاثر ہوئی۔ ابتدائی جانچ میں انکشاف ہوا تھا کہ غیر قانونی طور پر تیار کی گئی دیسی شراب میں میتھنال جیسے زہریلے صنعتی کیمیکل کی ملاوٹ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں یہ سانحہ پیش آیا۔پولیس اور دیگر تفتیشی ایجنسیوں کی جانب سے سپلائی نیٹ ورک کی چھان بین کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ میتھنال ’’ریکس انٹرنیشنل‘‘ نامی کمپنی سے حاصل کیا گیا تھا۔ کمپنی کا دفتر واشی، نوی ممبئی میں واقع ہے جبکہ اس کا گودام بھیونڈی کے ولگاؤں علاقے میں انجور روڈ پر ہے۔اسی اطلاع کی بنیاد پر ایف ڈی اے کی تھانے یونٹ نے ولگاؤں کے مہاترے کمپاؤنڈ میں واقع اننت اینڈ کمپنی، گالا نمبر۵۴۴؍اے پر چھاپہ مار کارروائی کی۔ تلاشی کے دوران وہاں سے۵؍ ہزار۹۲۹؍ کلو گرام میتھنال کا ذخیرہ برآمد ہوا، جسے فوری طور پر ضبط کر لیا گیا۔کارروائی کے وقت کمپنی کے مالک ارون کمار چوبے اور مجاز نمائندہ ابھیشیک ارون کمار چوبے موقع پر موجود نہیں تھے۔ بعد میں معلوم ہوا کہ دونوں کو ریاستی محکمہ ایکسائز پہلے ہی حراست میں لے چکا ہے۔جانچ کے دوران ایک اہم انکشاف یہ بھی ہوا کہ کمپنی کے پاس میتھنال کے ذخیرہ، خرید و فروخت اور ترسیل سے متعلق مطلوبہ قانونی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ ایف ڈی اے نے نارپورلی پولیس اسٹیشن میںشکایت درج کرائی ہے۔