Updated: November 26, 2026, 10:01 PM IST
| Thiruvananthapuram
آئندہ منعقد ہونے والے منورما ہورٹس انٹرنیشنل آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول میں ملیالم ادب کی عظیم شخصیات کے بچے اپنے نامور والدین کی ادبی وراثت اور زندگیوں کو خراجِ تحسین پیش کریں گے۔ ’’اچن: تھنالم نیزالم‘‘ کے عنوان سے ہونے والے اس خصوصی سیشن میں ویکوم محمد بشیر، کاکانادن اور ایس کے پوٹیکاٹ کی صاحبزادیاں اپنے والدین کے سائے تلے گزرے ایام کی ذاتی یادیں شیئر کریں گی۔
۲۰۲۴ء کے منورما ہورٹس فیسٹیول کے دوران لی گئی ایک تصویر۔ تصویر: ایکس۔
ملیالم ادب کی چند عظیم ترین شخصیات کے بچے آئندہ منعقد ہونے والے `منورما ہورٹس انٹرنیشنل آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول میں اپنے نامور والدین کی زندگیوں اور ادبی وراثت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے اکٹھا ہو رہے ہیں۔’’اچن: تھنالم نیزالم‘‘ (والد: سایہ اور پناہ) کے عنوان سے منعقد ہونے والے ایک پُر اثر سیشن میں ویکوم محمد بشیر کی صاحبزادی شاہینہ محمد بشیر، کاکانادن کی صاحبزادی رادھا کاکانادن اور ایس کے پوٹیکاٹ کی صاحبزادی سمیترا جے پرکاش ان ادبی ستونوں کے سائے تلے پروان چڑھنے کے اپنے ذاتی تجربات اور حسین یادیں بیان کریں گی۔ اس گفتگو کی میزبانی معروف ادیب این پی حفیظ محمد کریں گے، جو خود بھی نامور مصنف این پی محمد کے صاحبزادے ہیں، اس طرح یہ نشست ملیالم ادب کے عظیم خانوادوں کی نئی نسل کے درمیان ایک نہایت بامعنی مکالمے کی صورت اختیار کرے گی۔
یہ بھی پڑھئے: رائے گڑھ کی ساحلی حدود کی نگرانی کیلئے انڈین کوسٹ گارڈ کےجدید’ہاور کرافٹ ‘کا گشت
اس کے علاوہ ’’اینپتھوکلوڈے آتما کتھا‘‘ (اسی کی دہائی کی خود نوشت) کے عنوان سے ایک اور دلچسپ سیشن میں بااثر افسانہ نگار سی وی بالاکرشنن، ایمنم جان اور پی ایف میتھیوز ایک ساتھ شریک ہوں گے۔ وہ اپنی ابتدائی تحریری زندگی کے تجربات بیان کریں گے اور اس بات پر روشنی ڈالیں گے کہ ۱۹۸۰ء کی دہائی نے کیرالہ میں افسانہ نگاری کے انداز کو کس طرح نیا رخ دیا۔ اس پروگرام کی نظامت کے فرائض عصرِ حاضر کے معروف افسانہ نگار ڈی پی ابھیجیت انجام دیں گے۔