جدید جہاز کے ذریعے مروڈ اور راجپوری کی سمندری حدود کی سخت نگرانی۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنےکیلئے کوسٹ گارڈ کے جوان ہر لمحہ چوکس اور تیار۔
EPAPER
Updated: November 26, 2026, 4:26 PM IST | Siraj Shaikh | Alibag
جدید جہاز کے ذریعے مروڈ اور راجپوری کی سمندری حدود کی سخت نگرانی۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنےکیلئے کوسٹ گارڈ کے جوان ہر لمحہ چوکس اور تیار۔
رائے گڑھ کی طویل ساحلی پٹی کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے انڈین کوسٹ گارڈ نے اپنے جدید ترین ہاور کرافٹ جہاز کے ذریعے سمندری گشت میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔بدھ کو انڈین کوسٹ گارڈنے مروڈ جنجیرہ اور راجپوری کے ساحلی علاقوں میں خصوصی گشت کیا۔اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک کی سمندری سرحدوں کا تحفظ، ساحلی راستوں پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیوں کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: چندر پورمیں مہاوِترن، اڈانی پاور سے ۱۶۰۰ میگاواٹ بجلی خریدے گی
اس ضمن میں مروڈ جنجیرہ کوسٹ گارڈ کے کمانڈر ابھیشیک کرونا کر نے انقلاب کو بتایا کہ انڈین کوسٹ گارڈ کے دستے نے جدید ہاور کرافٹ کے ذریعے مروڈ اور راجپوری کی ساحلی پٹی کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس مشق کا بنیادی مقصد ساحلی تحفظ کو یقینی بنانا، سمندری راستوں سے ہونے والی مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنا اور کسی بھی ناگہانی آفت یا ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیوں کی تیاریوں کو پرکھنا تھا۔ہاور کرافٹ ایک ایسا جدید بحری جہاز ہے جو گہرے پانی کے ساتھ ساتھ اتھلے پانی اور ساحلی ریت پر بھی تیز رفتاری سے چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مقامی ماہی گیروں اور ساحل پر موجود شہریوں اور سیاحوں نے کوسٹ گارڈ کے اس گشت اور جدید ٹیکنالوجی کے مظاہرے کو گہری دلچسپی سے دیکھا، جس سے علاقے میں تحفظ کا احساس مزید مضبوط ہوا ہے۔ کیپٹن منزل اڈے نے بتایا کہ انڈین کوسٹ گارڈ سمندری حدود میں غیر قانونی اور مشتبہ سرگرمیوں کی روک تھام کے ساتھ ساتھ خراب موسم، سمندری طوفان یا کشتیوں میں تکنیکی خرابی کی صورت میں پھنسے ماہی گیروں کو فوری ریسکیو کرنے کیلئے ہمہ وقت الرٹ رہتا ہے۔ ماہی گیروں اور مقامی افراد سے اپیل ہے کہ سمندر میں کسی بھی مشکوک کشتی یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر کوسٹ گارڈ اور پولیس کو دیں۔