Inquilab Logo Happiest Places to Work

مراٹھا ریزرویشن : پاتور میں بڑے جلسہ کی تیاریاں تیز

Updated: December 04, 2023, 1:09 PM IST | Ali Imran | Akola

دعویٰ  ہے کہ یہ ودربھ کا سب سے بڑا احتجاجی اجلاس ہوگا۔آکولہ کے چرن گاؤں میں۱۵۰؍ ایکڑ کی اراضی پرجلسہ منعقد کیا جائے گا، مراٹھا ریزوریشن کی حمایت میں گاؤں والوں نے ربیع موسم کی کھیتوں میں بوائی نہیں کی اور جلسہ کے لئے زرعی اراضی دے دی۔

People come from far and wide to listen to Manoj Jarangay Patil at the Maratha Reservation rally. Photo: INN
مراٹھا ریزرویشن کے جلسے میں منوج جرنگے پاٹل کو سننے کے لئے دور دور سےلوگ آتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

مراٹھا سماج کے لئے چلائی جارہی ریزرویشن تحریک زور پکڑتی جارہی ہے۔ اس تحریک کے روح رواں منوج جرنگے پاٹل ریاست بھر کے دورے پر نکلے ہوئے ہیں ۔ ۵؍دسمبر کو صبح۱۱؍ بجے اکولہ ضلع کے چرنگاؤں میں ان کا ایک جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے۔ جس کےمتعلق دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ وردبھ خطے میں  ہونے والا سب سے بڑا احتجاجی جلسہ ہوگا۔
 قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ جلسہ۱۵۰؍ ایکڑ کی زرعی اراضی پر منعقد ہوگا جس کے لئے گاؤں والوں نے ربیع کے موسم میں کھیتوں میں بوائی نہیں کی ہے ۔ آرگنائزر سکل مراٹھا سماج کی جانب سے پریس کانفرنس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ مراٹھا ریزرویشن کے لئے ودربھ میں یہ سب سے بڑا احتجاجی اجلاس ہوگا۔واضح رہے کہ مراٹھا سماج کو ریزرویشن دلوانے کی تحریک چلانے والے منوج جرنگے پاٹل نے بھوک ہڑتال کو معطل کرتے ہوئے حکومت کو فیصلہ لینے کا وقت دیا ہے۔ اس کے بعد وہ ریاست کے مختلف اضلاع کے دورے پر نکل گئے ہیں ۔ منوج جرنگے پاٹل کا `’سماج باندھو گھاٹی-بھیٹی دورہ‘ فی الحال تین مرحلوں میں چل رہا ہے۔ اس دورے کے چوتھے مرحلے میں منوج جرنگے پاٹل۴؍ دسمبر کو مکتائی نگر، ملکاپور، کھامگاؤں کا دورہ کریں گے اور شام کو شیگاؤں میں قیام کریں گے۔ اس کے بعد وہ۵؍ دسمبر کو اکولہ ضلع کے پاٹور تعلقہ کے چرنگاؤں میں جلسہ عام کریں گے۔ وہ اسی دن واشم اور ہنگولی میں بھی موجود رہیں گے۔ سکل مراٹھا سماج کی جانب سے منوج جرانگے پاٹل کی چرنگاؤں میں ہونے والی میٹنگ کی تیاریاں جاری ہیں ۔ یہ جلسہ۱۵۰؍ ایکڑ پر ہوگا جس کی بڑے پیمانے تیاریاں کی جا رہی ہیں ۔ جلسے کے لئے گاؤں آنے والوں کے لئے ۳؍مختلف مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ اجلاس کی منصوبہ بندی کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔ اس جلسے میں لاکھوں لوگ جمع ہونے کا دعویٰ منتظمین نے کیا ہے۔ 
۳۴؍ دن سے جاری زنجیری بھوک ہڑتال چل رہی ہے
 اکولہ ضلع کے چرنگاؤں  میں مراٹھا ریزرویشن کے مطالبے کے تحت۳۴؍ دنوں سے زنجیری بھوک ہڑتال جاری ہے۔ جسے بڑے پیمانے پر حمایت حاصل ہوئی ہے۔ اسی لئے سکل مراٹھا سماج نےمظاہرین کی حوصلہ افزائی کیلئے ودربھ کا سب بڑا احتجاجی اجلاس چرن گاؤں میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چرنگاؤں کے مظاہرین نے بھی کہا کہ یہ سلسلہ وار بھوک ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک مراٹھا سماج کو ریزرویشن نہیں مل جاتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK