ڈاکٹروں کی تنظیم کا کہنا ہے کہ ۲؍ مختلف طبی طریقوں کے فرق کو ختم کرنا علاج کے معیار کیلئے خطرناک ہوگا۔
EPAPER
Updated: July 29, 2026, 9:44 AM IST | Nagpur
ڈاکٹروں کی تنظیم کا کہنا ہے کہ ۲؍ مختلف طبی طریقوں کے فرق کو ختم کرنا علاج کے معیار کیلئے خطرناک ہوگا۔
ناگپور (علی عمران) : مہاراشٹر اسٹیٹ ایسوسی ایشن آف ریزیڈنٹ ڈاکٹرس (مارڈ) نے بی ایچ ایم ایس (ہومیو پیتھی) ڈاکٹروں کو مہاراشٹر میڈیکل کونسل (ایم ایم سی) کا رجسٹریشن دینے کی کسی بھی تجویز کی سختی سے مخالفت کی ہے۔ مہاراشٹر اسٹیٹ ایسوسی ایشن آف ریزیڈنٹ ڈاکٹرس (مارڈ) نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اس طرح کے فیصلے سے جدید ادویات کے اصولوں کو نقصان پہنچے گا، مریض کی حفاظت اور ثبوت پر مبنی طبی دیکھ بھال کا معیار گر جائے گا۔
مہاراشٹر اسٹیٹ ایسوسی ایشن آف ریزیڈنٹ ڈاکٹرس نے اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی احتجاج یا دباؤ کی وجہ سے قانونی قواعد کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ اس لئے ایم ایم سی کا رجسٹریشن صرف ان ڈاکٹروں تک محدود ہونا چا ہئے جنہوں نے جدید طب کی تعلیم حاصل کی ہو۔ ریزیڈنٹ ڈاکٹرس کے مطابق یہ لڑائی صرف پیشہ ورانہ شعبہ کی نہیں ہے بلکہ اس کا براہ راست تعلق عوامی مفاد اور صحت عامہ سے ہے۔ دو مختلف طبی طریقوں کے درمیان حدود کو ختم کرنا طبی تعلیم اور علاج کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے خطرناک ہو گا۔
یہ بھی پڑھئے: پیپر لیک ترمیمی بل پر لوک سبھا میں گرما گرم بحث
انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے مہاراشٹر)، اے ایس ایم آئی، ایم ایس این اور جے ڈی این جیسی دیگر بڑی طبی انجمنوں نے اس موقف پر اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ ان تمام انجمنوں نے ریاستی حکومت سے ایسی کسی بھی تجویز کو فوری طور پر مسترد کرنے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر ریاستی حکومت نے تنظیموں کی مخالفت کو نظر انداز کرتے ہوئے اس فیصلے کی طرف قدم اٹھایا تو ریاست بھر کے ریزیڈنٹ ڈاکٹرس سخت احتجاج شروع کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ احتجاج طبی تنظیموں کے تعاون سے مرحلہ وار کیا جائے گا، جس میں یہ انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی) اور ایمرجنسی و ضروری خدمات مکمل طور پر بند رہیں گی۔ مارڈ نے کہا کہ احتجاج کی مزید سمت اور تفصیلی شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ مارڈ نے حکومت سے سائنسی طبی پریکٹس کے تحفظ کیلئے بروقت اس معاملے میں مداخلت کرنے کی بھی اپیل کی۔ یاد رہے کہ ملک میں ۳؍ طبی طریقے رائج ہیں، ایلو پیتھی، ہومیوپیتھی اور آیوروید؍ یونانی، تینوں الگ الگ طبی اداروں سے رجسٹرڈ ہوتے ہیں۔