Inquilab Logo Happiest Places to Work

بازار میں زبردست تیزی، سینسیکس ۵؍ماہ کی بلند ترین سطح پر

Updated: May 13, 2025, 11:08 AM IST | Agency | Mumbai

ہندوستان -پاکستان جنگ بندی کے بعد سرمایہ کاروں کی مقامی سطح پر زبردست خریداری۔ شیئر مارکیٹ ۴۳ء۲۹۷۵؍پوائنٹس اوپر آیا۔

The stock market witnessed a huge rally on Monday, the first day of trading. Photo: PTI
شیئر بازار میں کاروبار کے پہلے روز پیر کو زبردست تیزی رہی۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہندوستان -پاکستان جنگ بندی معاہدے کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی سے حوصلہ پانے والے سرمایہ کاروں کی مقامی سطح پر زبردست خریداری کے سبب شیئر بازار پیر کو۵؍ مہینے کی بلند ترین سطح پر پہنچ  گیا۔ بی ایس ای کا حساس انڈیکس سینسیکس  ۴۳ء۲۹۷۵؍ پوائنٹس یعنی۳ء۷۴؍ فیصد کے اضافے کے ساتھ، جون۲۰۲۴ء کے بعد اس کا سب سے بڑا اضافہ ہے،۸۲؍  ہزار پوائنٹس کے نمایاں نشان کو عبور کرتے ہوئے۹۰ء۸۲۴۲۹؍  پوائنٹس کے ساتھ ۵؍ مہینے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ اس سے پہلے۱۳؍ دسمبر۲۰۲۴ء کو یہ ۸۲۱۳۳ء۱۲؍ پوائنٹس پر پہنچا تھا۔ اس کے علاوہ نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی ۹۱۶ء۷۰؍  پوائنٹس یعنی ۳ء۸۲؍ فیصد کے اضافے کیساتھ ۷۰ء۲۴۹۲۴؍  پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
 بی ایس ای کی بڑی کمپنیوں کی طرح متوسط اور چھوٹی کمپنیوں میں بھی زبردست خرید و فروخت ہوئی۔ اس کی وجہ سے مڈ کیپ۳ء۸۵؍  فیصد  اضافے کے ساتھ۴۳۷۳۱ء۶۰؍  پوائنٹس پر بند ہوئی  اور اسمال کیپ۴ء۱۸؍ فیصد چھلانگ لگا کر ۷۵ء۴۸۷۹۳؍  پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس دوران بی ایس ای پر کل۴۲۵۴؍ کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے ۳۵۴۵؍ میں خریداری ہوئی جبکہ۵۷۶؍میں فروخت کا غلبہ رہا جبکہ ۱۳۳؍ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔اسی طرح این ایس ای پر کاروبار کیلئےکل۳۰۱۰؍ کمپنیوں کے حصص میں سے ۲۶۱۲؍میں اضافہ درج ہوا، ۳۲۹؍ میں گراوٹ ہوئی  جبکہ۶۷؍ کمپنیوں کے حصص کی قیمت مستحکم رہی۔
 تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ دنوں میں غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ایف آئی آئی) کی جانب سے مسلسل خریداری غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری (ایف پی آئی) کے اہم عنصر کے طور پر سامنے آئی ہے۔۸؍ مئی کو ختم ہونے والے۱۶؍ تجارتی سیشنز میں، ایف آئی آئی نے اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے خالص۴۸۵۳۳؍ کروڑ روپے کی ایکویٹی خریدی۔ تاہم ۹؍ مئی کو ہندوستان- پاکستان کشیدگی کی وجہ سے ۳۷۹۸؍ کروڑ روپے کی فروخت ریکارڈ کی گئی لیکن، اب جبکہ جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے، شیئر مارکیٹ کے ماہرین کا خیال ہے کہ ہندوستان میں ایف آئی آئی کی طرف سے ایکویٹی سرمایہ کاری کی رفتار  پھر سے تیز ہو سکتی ہے۔ غور طلب ہے کہ  ۲۰۲۵ء کے آغاز میں ایف آئی آئی کا رجحان فروخت  پر مرکوز تھا۔ جنوری میں ڈالر انڈیکس ۱۱۱؍ تک پہنچنے کے بعد انہوں نے ۷۸۰۲۷؍ کروڑ روپے کی بھاری فروخت کی۔ تاہم، مارچ کے بعد فروخت کی شدت میں کمی آئی اور ایف آئی آئی نے  اپریل میں۴۲۴۳؍ کروڑ روپے کی خالص خریدار ی کی، جو ایک مثبت علامت ہے۔
  تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر ڈالر کی گرتی ہوئی قیمت اور امریکی اور چینی معیشتوں میں سست روی کے ساتھ ہی  مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی اعلیٰ شرح نمو، گرتی ہوئی افراط زر اور مقامی سطح پر سود کی شرحیں ہندوستانی ایکویٹی مارکیٹ میں ایف آئی آئی کے بہاؤ کو بڑھانے میں مدد گار ہوسکتی ہیں۔ اس کے برعکس  قرض کا بہاؤ کم ہو رہا ہے اور مستقبل قریب میں اس کے کم رہنے کی توقع ہے۔اس عرصے میں عالمی منڈیوں میں تیزی کا رجحان رہا جس کی وجہ سے برطانیہ کے ایف ٹی ایس ای میں۳۷ء۰  فیصد، جرمنی کے  ڈی اے ایکس میں ۱ء۰۱؍ فیصد، جاپان کے  نکئی میں ۳۸ء۰؍ فیصد، ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ میں ۹۸ء۲؍ فیصد اور چین کی شنگھائی کمپوزٹ میں ۰ء۸۲؍ فیصد اضافہ درج ہوا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK