’پروفیٹ فار آل ‘ مہم کے تحت نماز اور وضو کا طریقہ بتایا گیا۔ مسجد کے اندرونی اور بیرونی حصوں کے ساتھ فن تعمیر دیکھ کر ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔
EPAPER
Updated: August 17, 2026, 3:44 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
’پروفیٹ فار آل ‘ مہم کے تحت نماز اور وضو کا طریقہ بتایا گیا۔ مسجد کے اندرونی اور بیرونی حصوں کے ساتھ فن تعمیر دیکھ کر ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔
ممبئی کی تاریخی جامع مسجد میں برادرانِ وطن کی اہم شخصیات کیلئے اتوار کی شام ’مسجد پریچئے‘ کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران ان کو وضو اور نماز کا طریقہ بتایا گیا۔ برادران وطن میں شامل شخصیات نے مسجد کے اندرونی اور بیرونی حصوں کو بغور دیکھا اور خاص طور پر فن تعمیر سے متاثر ہونے کے ساتھ یہ جان کر کہ یہ تاریخی جامع مسجد تالاب پر تعمیر کی گئی ہے، ان کی حیرت کی انتہاء نہ رہی۔ مسجد پریچئے کا اہتمام ’پروفیٹ فار آل (پیغمبر ؐ سب کیلئے )‘ مہم کے تحت ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی اور ان کے رفقاء کی جانب سے کیا گیا تھا۔
’مسجد پریچئے‘ میں ۵۰؍ سے زائد برادران وطن شریک ہوئے۔ ان میں معروف سماجی خدمتگار اور گاندھی جی کے پڑپوتے تشار گاندھی، سابق ایم ایل سی کپل پاٹل ، منوج جام سوتکر ، اتل شاہ، آکاش پروہت، سینٹ جوزف ہائی اسکول کی سابق پرنسپل ریٹا سیٹوڈا، پریما پانڈے (سابق پرنسپل پوائی ہائی اسکول)، گڈی ایس ایل آر کے علاوہ ہندو ، پارسی ، جین ، عیسائی اور سکھ مذاہب کی خواتین شامل تھیں۔
ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی کے مطابق اس کا مقصد یہ تھا کہ براداران وطن بھی مسجد کو جانیں، مسجد کے اندرونی حصے کو دیکھیں ، نماز کس طرح ادا کی جاتی ہے اور مسجد میں خدا کی عبادت کا کیا طریقہ ہوتا ہے، اسے جانیں۔ اس سے بہت سی غلط فہمیوں اور اشکالات کا ازالہ ہوگا۔ ’پروفیٹ فار آل‘ مہم کے تحت ’مسجد پریچئے‘ کے موقع پر سعید خان ، عامر ادریسی ، فاروق کلاڈیا، سلیمان فاروق اور علی بھوجانی پیش پیش تھے۔