Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیکسی، رکشا ڈرائیوروں کیلئے کل سے مراٹھی لازمی

Updated: August 17, 2026, 4:20 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

سیکھنے کی مدت میں توسیع کے بجائے پہلی بار پکڑے جانے پر ڈرائیور کو وجہ بتائو نوٹس دے کر ایک مہینے میں مراٹھی سیکھنے کا موقع دیا جائیگا۔

Thousands of drivers could face license suspension due to the government`s campaign. Picture: INN
حکومت کی مہم سے ہزاروں ڈرائیوروںکالائسنس معطل ہوسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

کل، منگل ۱۸؍ اگست، سے ریاست بھر میں ٹیکسی اور آٹو رکشا ڈرائیوروں کیلئے مراٹھی لازمی ہو جائے گی اور اس کے بعد اگر کوئی ڈرائیور مراٹھی نہیں بول سکے گا تو پہلی مرتبہ پکڑے جانے پر اسے وجہ بتائو نوٹس دے کر ایک مہینے میں مراٹھی سیکھنے کا موقع دیا جائے گا لیکن تمام ڈرائیوروں کیلئے مراٹھی سیکھنے کی مدت میں عام توسیع نہیں کی گئی ہے، اس لئے اس مہم کے تحت ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھانے کیلئے شروع کئے گئے تمام مراکز بھی بند کردیئے جائیں گے۔

یاد رہے کہ ریاستی حکومت نے ’مہاراشٹر موٹر وہیکل رُولز‘ میں ترمیم کی ہے جس کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیوروں، جن میں ٹیکسی، رکشا اور ایپ سے چلنے والی اولا، اوبر اور ریپیڈو کی ٹیکسیوں اور بائیک ٹیکسیوں کے ڈرائیوروں کو اتنی مراٹھی زبان جاننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے کہ وہ اپنے گاہکوں سے بنیادی باتیں مراٹھی میں کرسکیں۔ مثلاً کہاں جانا ہے، کتنا کرایہ ہوگا، کتنا وقت صرف ہوگا اور دیگر بنیادی باتیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ہندوستانیوں سمیت غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں کمی، ۴ء۳؍ ارب ڈالر کا نقصان

فلائنگ اسکواڈ جن ڈرائیوروں کو وجہ بتائو نوٹس جاری کرکے مہلت دے گا اس ایک مہینے میں بھی اگر وہ ڈرائیور مراٹھی نہیں سیکھ پاتا اور اس کی کوئی قابل اطمینان وجہ بھی نہیں بتا پاتا تو پہلے اس کا لائسنس معطل کردیا جائے گا۔ اس طرح مراٹھی نہ جاننے والے ڈرائیوروں کو موقع دے کر ان کے لائسنس معطل کئے جائیں گے اور اگر ۳؍ مرتبہ لائسنس معطل ہونے کے باوجود بھی ڈرائیور مراٹھی نہیں سیکھتا تو اس کا لائسنس مستقل طور پر منسوخ کردیا جائے گا۔ اس مہم سے وابستہ ایک آر ٹی او افسر کے مطابق اب بھی ایسے بہت سے ڈرائیور ہیںجو مراٹھی سیکھ گئے ہیں لیکن گاہکوں سے مراٹھی میں گفتگو کرنے کے تعلق سے ان میں خود اعتمادی کی کمی پائی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھانے کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ، حکومت مہاراشٹر کے مراٹھی زبان کے محکمہ، ریاستی مراٹھی وکاس سنستھا، ممبئی مراٹھی ساہتیہ سنگھ اور کوکن مراٹھی ساہتیہ پریشد کے اشتراک سے یکم مئی سے ’مہاراشٹر ماجھا! مراٹھی میری مواصلاتی زبان‘ مہم شروع کی گئی تھی۔ اس مہم کے تحت ’ہندو ہردئے سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے مراٹھی سکھانے کا کورس‘ شروع کیا گیا تھا اور آج، ۱۷؍ اگست کو اس مہم کا اختتام وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے ہاتھوں تھانے کے رام گنیش گڈکری رنگائیتن ہال میں عمل میں آئے گا۔ اس تقریب میں نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور سونیتراپوار، ٹرانسپورٹ وزیر پرتاپ سرنائک کے علاوہ مراٹھی زبان کے محکمے کے وزیر اُدے سامنت موجودرہیں گے۔ اس پروگرام میں کوکن مراٹھی ساہتیہ پریشد کی جانب سے ہزاروں ڈرائیوروں کو مراٹھی کی عملی تربیت مکمل کرنے کے لئے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: بورڈ آف پیس اسرائیل کو غزہ امن منصوبہ قبول کرنے پر مجبور کرے، حماس کا مطالبہ

مراٹھی مراکز کے بارےمیں
محکمہ ٹرانسپورٹ نے اتوار کو بتایا ہے کہ مراٹھی سکھانے کیلئے جو مراکز شروع کئے گئے تھے ان میں مراٹھی سیکھنے کیلئے ایک لاکھ ۶۵؍ ہزار ۶۰۰؍ ڈرائیوروں نے عرضی دی تھی۔ ان مراکز میں مراٹھی سیکھ کر ایک لاکھ ۴۰؍ ہزار ۴۲۳؍ ڈرائیوروں نے مراٹھی کا امتحان پاس کرلیا ہے جبکہ دیگر ۷؍ ہزار ۷۵۰؍ ڈرائیور امتحان میں فیل ہوگئے۔ جو ڈرائیور امتحان میں فیل ہوگئے ہیں انہیں مراٹھی سکھانا جاری رکھنے اور دوبارہ امتحان لینے کیلئے ۴؍ مراکز کو جاری رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ 

فلائنگ اسکواڈ سرگرم رہے گا

محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق ۱۸؍ اگست کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ کا فلائنگ اسکواڈ راستوں پر کہیں بھی کسی بھی ڈرائیور سے مراٹھی میں بات کرکے دیکھے گا کہ اسے مراٹھی آتی ہے یا نہیں اور اگرکوئی ڈرائیور ایسا پایا جاتا ہے جو بنیادی مراٹھی نہیں جانتا تو براہِ راست اس کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کے بجائے پہلے اسے وجہ بتائو نوٹس دیا جائے گا کہ اس کا لائسنس کیوں معطل نہ کردیا جائے؟ اس کے ساتھ ہی اسے مراٹھی سیکھنے کیلئے ایک مہینے کی مہلت دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK