Inquilab Logo

تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاری

Updated: March 21, 2023, 11:10 AM IST | Islamabad

عمران خان کا غم وغصے کا اظہار ، رہائی کا مطالبہ،یہ معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا اعلان ، پولیس کے ذریعہ بچوں تک کو اٹھانے کا الزام ، کارکنوں سے پرامن رہنے کی اپیل اسلام آباد عدالت کے احاطے میں اپنے قتل کا منصوبہ بے نقاب کرنے کا وعدہ۔ پاکستان کے وزیر داخلہ کا دہشت پھیلانےکے مجرمین کو انجام تک پہنچانے کا انتباہ

PTI workers under police siege. (AP/PTI)
پی ٹی آئی کے کارکن پولیس کے حصار میں۔ ( اےپی / پی ٹی آئی)

 اسلام آباد  عدالت  میں عمران خان کی حاضری کی کوشش کے دوران مبینہ تشدد اور اشتعال انگیزی میں ملوث ہونے کے الزام میں بڑے پیمانے پر پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر عمران نے  شدید برہمی  ظاہر کی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ یہ معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے پولیس کے ذریعہ بچوں تک کو اٹھانے کا الزام عائد کیا ۔ عمران خان  نے     اپنے کارکنوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔  اسی دوران پولیس نے مزید  کارکنوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ۔ دریں اثناء    پاکستان کے وزیر داخلہ نے  پارٹی کارکنوں کو انجام تک پہنچانے کا انتباہ دیا ۔
  پیر کو اپنے کارکنوں کیخلاف کارروائی کے دوران پاکستا ن تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)کے سربراہ عمران خان  نے دعویٰ کیا کہ کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور کم سن بچوں کوبھی نہیں چھوڑا جارہا ہے۔
   پاکستان کے سابق وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ، ’’اسلام آباد میں فسطائیت اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے جہاں پولیس ہمارے کارکنوں کو پکڑنے کیلئے  وارنٹس کےبغیر گھروں پر چھاپےمار رہی ہے جہاں کارکن گھروں میں موجود نہیں وہاں ۱۰؍برس تک کےکم سِن بچوں کو اٹھایا جارہا ہے۔ ہمارےوہ تمام کارکن اور ان کےبچے فوراً رہا کئے جائیں جنہیں اغواء کیا جاچکا ہے۔ ‘‘
  عمر ان خان نے اپنے  کارکنوں کی گرفتاری کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں   کارکنوںپر پولیس کے تشدد کا ویڈ یو اس تبصرے کے ساتھ ٹویٹ کیا ،’’مجرموں کی اس سرکار کے ہاتھوں قید کئے جانے والے اپنے کارکنوں کا معاملہ آج عدالتوں ہی میں نہیں بلکہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے سامنے بھی اٹھائیں گے۔ دنیا بھرمیں تحریک انصاف کے ذمہ داران اپنے منتخب مقامی نمائندوں اور سیاستدانوں کو پاکستان میں جاری اس فسطائیت سےآگاہ کریں۔‘‘
  پی ٹی آئی سربراہ نے  ایک اور ویڈیو اس تبصرے کے ساتھ ٹویٹ کیا، ’’ایجنسی کا یہ آدمی ہمارےکارکنوں کو تشدد پر اکسانےکی کوشش کررہاہے اوربےنقاب کیا جارہاہے۔‘‘
  عمران خان نے اپنے کارکنوں سے پر امن رہنے کی اپیل کی ،  انہوں  نے ٹویٹ کیا ’’ میری اپنی تحریک کوہدایت ہےکہ کتنی ہی اشتعال انگیزی کیوں نہ کی جائے؟ہمیں مکمل طور پر پُرامن رہتے ہوئے آئین کی حدود کےاندر احتجاج کرنا ہے۔ بصورت دیگر ہم ان فسطائیوں کو مزیدوحشت کا جواز فراہم کریں گے۔‘‘ 
 ان کا یہ بھی کہناتھا ، ’’کوئی قوت اس نظریہ و خیال کو بیڑیاں نہیں پہنا سکتی جس کا وقت (اب) آن پہنچا ہے۔‘‘
  پاکستان کے سابق وزیر اعظم نے اسلام آباد عدالت کے احاطے میں اپنے قتل کے منصوبے کو  بے نقاب کرنے کا وعدہ بھی کیا ۔  انہوں   نے ایک اور ٹویٹ لکھا ، ’’ میں جلد ہی بےنقاب کروں گا کہ جوڈیشیل کمپلیکس میں قتل کےایک پھندے میں کیسے مجھے پھنسایا گیا اور کیسےرب العزت نے مجھے اس سے بچایا؟‘‘
 ادھر اسلام آبا د پولیس نے مزید گرفتار یوں کا اعلان کیا ۔ اس نے اپنے  ٹویٹ میں لکھا ، ’’پی ٹی آئی مظاہرین کی اشتعال انگیزی، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملے..۔اسلام آباد پولیس نے مختلف کارروائیوں میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والے ۱۹۸؍ ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ مزید گرفتاریوں کے لئے پولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔‘‘
 ا سی سلسلے کے ایک اور ٹویٹ میں  اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا،’’وقوعہ میں ملوث تمام ملزمین کی کیمروں کی مدد سے شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔ اسلام آباد پولیس نے پرتشدد واقعات پر تھانہ سی ٹی ڈی اور گولڑہ میں مقدمات درج کئے ہیں۔ مظاہروں میں شامل شرپسندوں کے پتھراؤ اور جلاؤ گھیراؤ سے پولیس کے۵۸؍افسران  اور جوان زخمی  ہوئےہیں۔جلاؤ گھیراؤ میں پولیس کی۴؍ گاڑیاں جل گئیں۔۹؍ گاڑیاں توڑ دی گئیں۔ ۲۵؍ موٹر سائیکل جلائی گئیں۔ پرتشدد کارروائیوں میں ملوث تمام شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘‘
  پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے  آئندہ کارروائی جار ی رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے  اپنے ٹویٹ میںلکھا ،’’فرض شناس افسران اور پولیس کے خلاف دہشت پھیلانا اور عوام کو بھڑکانا جرم ہے، اس جرم میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔ فارن ایجنٹ ریاست کے خلاف کھل کر سامنے آچکے ہیں، انجام کو پہنچائیں گے۔‘‘
    ادھر پاکستان تحریک انصاف  نے اپنے کارکنوں کی رہائی میں ہر ممکن تعاون کا وعدہ کیا ہے اور  قانونی مدد فراہم کرنے کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا  ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ،’’جوڈیشیل کمپلیکس کے باہر سے ریاستی دہشت گردی کے دوران جو افراد پولیس نے گرفتار کئے ہیں۔پی ٹی آئی ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔گرفتار افراد کے لواحقین قانونی معاونت کیلئے آئی ایل ایف کے سینئر رکن سردار مصروف سے رابطہ کریں۔‘‘    یاد رہےکہ  ’آئی ایل  ایف‘  پی ٹی آئی کی قانونی امور کی کمیٹی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK