ایک ارب ۴۱؍کروڑروپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ ۲۳؍ لاکھ ۷۶؍ہزار مسافروں کے خلاف کارروائی کی گئی ۔اے سی لوکل کے مسافروں کیلئے وہاٹس ایپ نمبر
سینٹرل ریلوے میں ٹکٹ چیکنگ۔ تصویر:انقلاب
سینٹرل ریلوے میںبلاٹکٹ مسافروں کے خلاف بڑے پیمانے پرکارروائی کی گئی اوران سے ایک ارب ۴۱؍ کروڑروپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ ۲۳؍ لاکھ ۷۶؍ہزار مسافروں کے خلاف کارروائی کی گئی ۔۲۰۲۴۔۲۵ء کے مقابلے رواں مالی سال میں اکتوبر ۲۰۲۵ء تک کی گئی کارروائی کے مقابلے ۸؍ فیصد زیادہ ہے۔واضح رہےکہ گزشتہ سال ۲۲؍لاکھ ۹؍ہزار مسافروں کے خلاف یہ کارروائی کی گئی تھی اور ایک ارب ۲۴؍کروڑ ۳۶؍لاکھ روپے وصول کئے گئے تھے۔اس میں بھساول ، ممبئی ، ناگپور، پونے، شولاپور اور ہیڈکوارٹر کے ذریعے کی گئی کارروائی شامل ہے۔ اسی طرح اے سی لوکل ٹرینوں میں چیکنگ کے لئے خصوصی دستہ تیار کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے ایک کروڑ ۱۹؍ لاکھ روپے وصول کئے گئے۔ اے سی لوکل میںبلاٹکٹ یا جنرل ٹرینوں کے مسافروں کے سفر کرنے کےسبب اے سی لوکل کے مسافروں کی شکایت اوراس پرفوری کارروائی کیلئے وہاٹس ایپ نمبر ۷۲۰۸۸۱۹۹۸۷؍ جاری کیا گیا ہے۔ اس نمبر پر اے سی لوکل کے مسافر شکایت کرسکتے ہیں ۔
سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نےنمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ’’ یہ کارروائیاں مسافروں کو ذمہ داری یاد دلانے اور ان کو ٹکٹ لےکرشان سے سفرکرنے کے لئے کی جاتی ہیں کیونکہ بلاٹکٹ سفر کرنا جرم ہی نہیںسماجی برائی بھی ہے ۔ اس سے بچیں اوربلاٹکٹ سفر کے سبب پکڑے جانے پرشرمندہ بھی نہ ہوں۔‘‘