Inquilab Logo

مالیگائوں میں منشیات فروشی کا معاملہ ایوان میں، کارروائی کا مطالبہ

Updated: July 11, 2024, 10:00 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

رکن اسمبلی مفتی اسماعیل کے سوال پر وزیر بابا اترام نے بتایا کہ اس معاملے میں مناسب کارروائی کی جا رہی ہے۔

Mufti Muhammad Ismail
مفتی محمد اسماعیل

قانون ساز اسمبلی میں بدھ کو مالیگاؤں میں نشہ آور ادویات ( کتا گولی وغیرہ) اور ملاوٹی اشیاء کا معاملہ  مالیگائوں کے رکن اسمبلی مفتی اسماعیل  نے اٹھایا‌۔ انہوں نےکہا کہ مالیگاؤں میں نارکوٹکس اور ایف ڈی اے کا دفتر نہ ہونے کی وجہ سے منشیات کی سپلائی اور ملاوٹی اشیاء پر روک لگانا دشوار ہو رہا ہے لہٰذا حکومت کو مالیگاؤں میں بھی نارکوٹکس اور ایف ڈی اے کا دفتر قائم کرنا چاہئے۔ مفتی اسماعیل کے  مطالبے پر  ایف ڈی اے کے وزیر نے مالیگاؤں میں نارکوٹکس کا  دفتر قائم کرنے اور اس معاملے میں  کارروائی کرنے کا یقین دلایا۔

جنوبی کوریا: سیمسنگ ملازمین کی ہڑتال میں غیرمعینہ مدت تک اضافہ، پروڈکشن متاثر

مالیگاؤں کے رکن اسمبلی مفتی اسماعیل  نے  وقفہ سوالات کے دوران ایوان اسمبلی میں بتایا کہ مالیگاؤں (ضلع ناسک) میں  بہت بڑے پیمانے پر نشہ آور چیزیں (کتا گولی، گانجہ وغیرہ) سپلائی  کی جاتی ہیں جس سے نئی نسل  تباہ ہورہی  ہے۔ اسی طرح ملاوٹی کھانے کی اشیاء مرچی پاؤڈر ، دودھ اور کھووا سپلائی کر کے لوگوں کی صحت سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پوچھا کیا حکومت ان ملاوٹی چیزوں پر روک  لگائے گی؟ اور ملاوٹ کرنے والوں پر کاروائی کرے گی؟ انہوں نے کہا کہ ناسک ڈیویژن میں تو  ایف ڈی اے اور نارکوٹکس سیل کا دفتر موجود ہے لیکن مالیگاؤں میں اس طرح کا کوئی دفتر  نہیں ہے جس کی وجہ سے دونوں ہی معاملات میں نکیل کسنا دشوار ہو رہاہے۔

یہ بھی پڑھئے: راجستھان حکومت کا پہلا مکمل بجٹ پیش، ۳۵۰؍ بلین ڈالر کی معیشت کا ہدف

لہٰذا حکومت مالیگاؤں میں بھی نارکوٹکس اور ایف ڈی اے کا آفس مہیا کروائے۔ مفتی اسماعیل کے سوال پر  ایف ڈی اے کے وزیر دھرم راؤ بابا اترام نے ملاوٹی مرچی پاؤڈر کے خلاف کی جانے والی متعدد چھاپہ مار کارروائیوں کے اعداد و شمار پیش کئے اور بتایا کہ ملاوٹی چیزوں کے تعلق سے وقتاً فوقتاً جانچ اور چھاپہ ماری کی جاتی ہے، البتہ انہوں نے یقین دلایا کہ مالیگاؤں میں نشہ آور چیزوں کی فروخت پر کی روک تھام کے لئے محکمہ داخلہ سے کارروائی کرنے کی درخواست کی جائے گی ، نیز نارکوٹکس اور ایف ڈی اے کا دفتر شروع کرنے کے تعلق سے  یو پی ایس سی سے افسر دینے کی درخواست کی جائے گی اور پھر وہاں پر آفس کھولا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK