اس اسکیم کیلئے معاہدہ ختم ہوچکا ہے۔غریب مریض نجی لیباریٹریوںمیں جانچ کروانے پر مجبور۔ ہیلتھ آفیسر کےمطابق ایک مہینےمیں نئےمعاہدہ کی کارروائی مکمل ہوجائےگی۔
EPAPER
Updated: May 29, 2025, 10:31 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
اس اسکیم کیلئے معاہدہ ختم ہوچکا ہے۔غریب مریض نجی لیباریٹریوںمیں جانچ کروانے پر مجبور۔ ہیلتھ آفیسر کےمطابق ایک مہینےمیں نئےمعاہدہ کی کارروائی مکمل ہوجائےگی۔
ایک طرف ریاستی حکومت وقتاً فوقتاً نئے آپلا دواخانہ شروع کرنےکا دعویٰ کرتی رہی ہےتو دوسری جانب ان دواخانوں میں معاہدہ ختم ہونےکی بناءپراب سبھی طبی جانچ مبینہ طورپر خاموشی سے بند کردی گئی ہےجس سے غریب مریض طبی جانچ نجی لیباریٹریوں سے کروانے پر مجبور ہیں۔بی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ایگزیکٹیو آفیسر کے مطابق متعلقہ اسکیم کیلئے کئے جانے والے معاہدے ختم ہونے سے مذکورہ طبی جانچ نہیں کی جارہی ہے۔ واضح رہےکہ موجودہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے غریب مریضوں کی سہولت کیلئے ۲۰۲۲ءمیںشہر و مضافات میں ہندو ہردیے سمراٹ بالا صاحب ٹھاکرے آپلا دواخانہ اسکیم شروع کیا تھا جہاں سے مفت طبی سہولیات فراہم کی جارہی تھیں، جس سے لاکھوں مریضوں نے استفادہ کیا۔ فی الحال شہر ومضافات میں ۲۸۳؍ آپلادواخانے ہیں لیکن ان دواخانوں سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات محدودکردی گئی ہیں۔ اب ان دواخانوںمیں صرف ذیابیطس اور ملیریا کی جانچ کی جارہی ہے۔
مدنپورہ کےمحمد شمیم منصوری کےمطابق ’’تھائیرائیڈ اور لیوپیڈ پروفائل کی جانچ کیلئے پیر،۲۶؍مئی کوجھولامیدان کے سامنے واقع حکیم اجمل خان بی ایم سی دواخانہ پہنچنے پر معلوم ہوا کہ اب یہاںیہ جانچ نہیں ہوتی ہے۔ استفسار کرنے پر پتہ چلا کہ حکومت نے متعلقہ لیباریٹری سے معاہدہ ختم ہونےکی بنا پر طبی جانچ بندکردی ہے۔ دراصل میں یہیں سے مذکورہ جانچ کرواتا تھا، مجھ جیسے عام شہری کیلئے اس طرح کی سہولت انتہائی کارآمد تھی ۔اب مجھے نجی لیباریٹری سے بھاری رقم اداکرکے جانچ کروانی ہوگی۔ ‘‘مذکورہ شکایت پر انقلاب نے بھی یہاں کادورہ کرکے معلومات حاصل کی ۔ یہاں موجود میڈیکل آفیسر سے استفسار کرنے پرانہوںنے کہا کہ’’ایسا سناہے کہ جس لبیاریٹری کے ذریعے خون کی جانچ وغیرہ ہوتی تھی،اس سے معاہدہ ختم ہونے کی وجہ سے بی ایم سی نے جانچ وغیرہ کاسلسلہ روک دیا ہے۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ ’’اب یہاں صرف ذیابیطس اور ملیریا وغیرہ کی جانچ ہوتی ہے،علاوہ ازیں عام بیماریوں کی دوائیں دی جاتی ہیں۔ ‘‘
باندرہ مشرق میں ریلوےاسٹیشن کےقریب واقع آپلا دواخانہ میں موجود انچارج سے اس بارےمیں بات چیت کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ’’ آپلادواخانہ اسکیم کےتحت ہونےوالی سبھی جانچ کو بند کردیا گیاہے۔ صرف ذیابیطس اور ملیریا کی جانچ ہورہی ہے۔‘‘ کیوں اورکب بند کیاگیا؟ یہ دریافت کرنےپر انہوں نے کہاکہ ’’کیوں کا ہمارے پاس جواب نہیں ہے۔ اعلیٰ محکمہ کی ہدایت پردسمبر سے جانچ بندہے۔‘‘
اس تعلق سے بی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر دکشاشاہ سے استفسار کرنے پر انہوں نے کہاکہ ’’آپلا دواخانہ بند نہیں کیاگیاہے، ان دواخانوں میں ہونےوالی طبی جانچ،متعلقہ لیباریٹری کا معاہدہ ختم ہونےکی بنا پر فی الحال بند ہے۔ معاہدہ کیلئے نئے سرے سے کارروائی جاری ہے۔ ٹینڈر وغیرہ نکالنے کا عمل جاری ہے۔ اُمید ہے کہ ایک مہینے میں ساری کارروائی مکمل ہوجائے گی، بعد ازیں طبی جانچ دوبارہ شروع ہوجائے گا۔‘‘ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ’’جن طبی جانچ کاآپ ذکر کررہے ہیں، وہ ۶؍مہینے کےوقفہ پرکیاجا تا ہے،چنانچہ اس کی وجہ سے مریضوں کو کوئی خاص پریشانی نہیں ہونی چاہئے، اس کےباوجود اگر جانچ کروانا ضروری ہےتو ان کی جانچ بی ایم سی اسپتالوں سے کروائی جاسکتی ہے۔ ‘‘جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ اس سروس کے بند کرنے کی اطلاع عوام کودی گئی ہے یانہیں ؟اس کےجواب میں انہوں نے کہاکہ تمام اخباروں کےذریعےعوام کواطلاع دی گئی ہے۔