نیرول میں اپنے والدین کے ساتھ رہنے والے معروف کا تعلق رائے گڑھ کے وہور سے ہے۔لگن کو اپنی کامیابی کا راز بتایا۔
معروف فجندار وریندر سہواگ کےساتھ۔ تصویر: آئی این این
’’نشیب و فراز زندگی کا اہم جز ہیں لیکن حوصلہ ،لگن اور مسلسل جستجو ہی کامیابی کی ضمانت ہےبس اپنے ہدف کو حاصل کرنے کا جنون ہمیشہ برقرار رکھنا چاہئے ۔‘‘ یہ خیال معروف فجندار نامی اس نوجوان کا ہے جو حال ہی میں آئی سی سی ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی خواتین ٹیم کا آپریشنز منیجر اور آپریشنل ہیڈ ہے۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ آف انڈیا میں بیک وقت خواتین اور مرد انڈین کرکٹ ٹیم میں بطور آپریشنز منیجر خدمت انجام دینے والے کوکن رائے گڑھ کے وہور سے تعلق رکھنے والے نوجوان کے ۱۷؍ سال قبل شروع کئے گئے اس طویل سفر کی کہانی ان کے والد عبدالرؤف فجندار اور خودمعروف کی زبانی قارئین انقلاب کے روبرو پیش ہے ۔
معروف کے والد عبدالرؤف فجندار ،فجندار اردو ہائی اسکول کے چیئر مین ہیںاور جن کی سرپرستی میں جونیئر کالج ، فجندار انگلش ہائی اسکول ، فجندار ڈگری وومنس کالج اور مولانا آزاد یونیورسٹی سینٹر آف آرٹس ، سائنس اینڈ کامرس آب و تاب سے جاری ہیں۔ انہوںنے ہندوستانی خواتین کی ٹیم کی کامیابی اور اپنے بیٹے کے اس ٹیم کا حصہ ہونے پر مسرت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میرے بیٹے نے کبھی بھی اپنے ہدف سے نظر ہٹائی ا ورنہ ہی حوصلہ پست ہونے دیااور آج اسی کا نتیجہ ہے کہ وہ اپنی محنت سے کامیابی کے ساتھ اپنی منزلیں طے کررہا ہے ۔ ‘‘ والد عبد الرؤف کے بقول معروف نے اپنے ہدف کو پانے کے لئے نہ تو کبھی تعلیم سے اور نہ کبھی کھیل کود سے اپنے آپ کو غافل رکھا ۔ اس نے دونوں ہی میدانوں میں بڑی ہی شائستگی ، ایمانداری، محنت، لگن اور اپنے حسن سلوک سے اپنے خواب کو حقیقت میں بدلا ہے ۔
بچپن سے کھیل کود میں خصوصی طور پر کرکٹ اور اسپورٹس مینجمنٹ میں معروف نہ صرف دلچسپی لیتا رہا بلکہ والدین کی دعاؤں اور اپنی محنت سے اسے پورا کرنے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ انہوںنے اپنی ابتدائی تعلیم نیرول میں مکمل کی اور ایس ایس سی میں ۸۰؍ فیصد مارکس کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے اور جونیئر کالج مکمل کرنے کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بیچلر آف انجینئرنگ( بی ای) کی ڈگری رام راؤ اڈیک انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے حاصل کی ۔ معروف نے بطور تیز گیند باز کھیل کود کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے ڈی وائی پاٹل سے ڈیپارٹمنٹ آف بزنس مینجمنٹ کی ڈگری حاصل کی اور ڈی وائی پاٹل اسپورٹس اکیڈمی ہی سے اپنے کریئر کی شروعات کرتے ہوئے ٹورنامنٹس کے ہیڈ آف آفیشل کے عہدے پر فائز کئے گئے ۔
یہی نہیں ۲۰۱۸ء میں انہیں آئی پی ایل کے دوران اسپورٹس مینجمنٹ کی ذمہ داریاں سونپی گئی جسے انہوں نے بحسن وخوبی انجام دیا ۔معروف ہمیشہ اسپورٹس کے مختلف شعبوں میں چیلنجنگ رول کو نبھانے اور اپنے تجربات کو بروئے کار لا کر ہندوستانی مرد اور خواتین دونوں ہی ٹیموں کے لئے خدمات پیش کی ہیں۔ان کی انہیں صلاحیتوں سے متاثر ہو کر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے سربراہ اور سابق بی سی سی آئی صدر جے شاہ نے ورلڈ کپ جیتنے والی خواتین ٹیم کے آپریشنل ہیڈ کی ذمہ داری معروف کو سونپی تھی ۔ معروف فجندار ۲۰۲۱ء سے بی سی سی آئی میں بطور کرکٹ آپریشنز منیجرخدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ۲۰۲۱ءمیں انڈین کرکٹ کونسل میں مردوں کے یو اے ای ورلڈ کپ ٹی ۲۰، ۲۰۱۶ء میں آئی سی سی ورلڈ کپ ٹی ۲۰؍ میں بھی بطور آپریشنز منیجر اور دیگر امور میںکئی اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔
معروف کے تعلق سے ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کورکاکہنا ہےکہ ’’ معروف بھائی ، بہت مخلص ، نرم گو اور ایمانداری و شفافیت سے کام کرنے والے ایک بے مثال انسان ہیں ۔ ان کے اسی مخلصانہ رویہ سے ہم سب ہی نہیں ہر کوئی ان کا پسند کرتا ہے۔‘‘
بذات خود معروف فجندار نے انقلاب سے فون پر ہونے والی بات چیت کے دوران کہا کہ’’ ہر انسان کولازماً اپنا ہدف طے کرنا چاہئے اور اسے پانے کیلئے مسلسل ایمانداری ، حوصلہ اور محنت سے کوشش کرنی چاہئے ، ایک دن کامیابی ضرور ملتی ہے۔ ‘‘