ہندوستان کے معروف ریسلر گریٹ کھلی حال ہی میں آٹھ فٹ دو انچ قد کے۱۶؍ سالہ کرن سنگھ سے ملےجس نے انہیں بھی چھوٹا دکھا دیا۔ انسٹاگرام پر وائرل اس ملاقات نے مداحوں کو حیران کر دیا اور کرن کے ڈبلیو ڈبلیو ای میں قدم رکھنے کی بحث شروع ہوگئی۔
EPAPER
Updated: September 16, 2025, 5:02 PM IST | New Delhi
ہندوستان کے معروف ریسلر گریٹ کھلی حال ہی میں آٹھ فٹ دو انچ قد کے۱۶؍ سالہ کرن سنگھ سے ملےجس نے انہیں بھی چھوٹا دکھا دیا۔ انسٹاگرام پر وائرل اس ملاقات نے مداحوں کو حیران کر دیا اور کرن کے ڈبلیو ڈبلیو ای میں قدم رکھنے کی بحث شروع ہوگئی۔
سات فٹ ایک انچ کے شاندار قد کے ساتھ، ڈبلیو ڈبلیو ای (WWE) کے مشہور ریسلر دی گریٹ کھلی دنیا کے سب سے لمبے پہلوانوں میں شمار ہوتے ہیں لیکن میرٹھ کا ایک نوعمر لڑکا ان سے بھی زیادہ قد کا حامل ہے۔ کھلی کی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ نے مداحوں کو حیران کر دیا جب وہ کرن سنگھ کے ساتھ نظر آئے، جو ایک کانٹینٹ کریئیٹر ہیں اور ان کا قد آٹھ فٹ دو انچ بتایا جاتا ہے، اور ممکن ہے کہ وہ ابھی مزید بڑھ رہا ہو۔ کرن کی عمر صرف ۱۶؍ سال ہے۔ کھلی، جن کا اصل نام دلیپ سنگھ رانا ہے، نے ویڈیو کے ساتھ لکھا:’’وہ واقعی بہت لمبا بچہ ہے۔ میں اسے ڈبلیو ڈبلیو ای کا سپر اسٹار بنانا چاہتا ہوں۔ میں اس کی مدد کرنا چاہتا ہوں۔ ‘‘
ایک اور ویڈیو میں جو کھلی نے شیئر کی، پہلوان کرن سنگھ سے بات کرتے دکھائی دیئے، بظاہر کسی ریسلنگ ٹریننگ سینٹر میں۔ کرن سے ہاتھ ملاتے ہوئے کھلی نے کہا:’’اپنی زندگی میں پہلی بار مجھے کسی سے بات کرنے کیلئے اوپر دیکھنا پڑا۔ ‘‘مداحوں کے تبصرے ہنسی مذاق سے لے کر اس’’غیرمعروف دیو قامت‘‘ نوجوان کے بارے میں تجسس تک مختلف رہے۔ بعض مداحوں نے مذاق میں کہا کہ شاید کھلی نے اپنے ریسلنگ کم بیک کیلئے ’’ٹیگ ٹیم پارٹنر‘‘ ڈھونڈ لیا ہے۔
ایک مداح نے لکھا:’’اپنے بچوں کو بتاؤں گا یہ ڈوین ’دی راک‘ جانسن اور شکیل او نیل ہیں۔ ‘‘جبکہ ایک اور نے مذاق کیا:’’گریٹ کھلی ملے گریٹر کھلی سے۔ ‘‘
واضح رہے کہ کرن سنگھ لائف اسٹائل کانٹینٹ بناتے ہیں۔ خاص طور پر، ۲۰۱۷ء میں وہ دنیا کے سب سے لمبے آٹھ سالہ بچے کے طور پر خبروں میں آئے تھے۔ کھلی، جنہوں نے ہندوستان کو عالمی ریسلنگ کے نقشے پر نمایاں کیا، آج بھی اپنے کھیل کے کارناموں کے ساتھ اپنی سوشل میڈیا پر بڑی شخصیت کی وجہ سے مداحوں کے دلوں میں جگہ رکھتے ہیں، جہاں ان کی ویڈیوز اکثر وائرل ہو جاتی ہیں۔ دی گریٹ کھلی کی اداکاری کے منصوبوں میں ہالی ووڈ کی فلمیں شامل ہیں جیسے دی لانگیسٹ یارڈ (۲۰۰۵ء)، گیٹ اسمارٹ (۲۰۰۸ء)، اور میک گروبر (۲۰۱۰ء)، جبکہ بالی ووڈ کی فلمیں کشتی (۲۰۱۰ء) اور رما: دی سیویئر (۲۰۱۰ء) بھی ان کے کریڈٹ پر ہیں۔ کھلی ۲۰۱۲ءکی فرانسیسی فلم’’ ہوبا! آن دی ٹریل آف دی مارسپیلامی‘‘ میں بھی نظر آئے تھے۔