Inquilab Logo Happiest Places to Work

رمضان المبارک کی تیاریوں سے متعلق ممبرا وارڈ آفس میں میٹنگ

Updated: February 27, 2025, 1:02 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مختلف پارٹیوں کے لیڈرا ن اور عہدیداران نے میونسپل افسران سے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور پولیس سے ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

رمضان المبارک میں ممبرا اور کوسہ کے شہریوں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس کیلئے گزشتہ روز ممبرا وارڈ آفس میں کل جماعتی لیڈروں کی میونسپل محکمہ آب رسانی، ٹریفک اور پولیس محکموں کے افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ میں این سی پی(شرد پوار) کے لیڈر کی جانب سے ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے ۱۰۰؍ رضاکار دینے کا اعلان کیا گیا۔ میٹنگ میں محکمہ آب رسانی کےافسر نے بھی یقین دلایا کہ وہ اس بات کی پوری کوشش کریں گے کہ رمضان میں خصوصی طو رپر شہریوں کو پانی کی قلت کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ اس میٹنگ میں این سی پی (شرد پوار)، سماجوادی پارٹی اور دیگر پارٹی کے لیڈران بھی موجود تھے۔ 
  میٹنگ کے بعد این سی پی (شرد چندر پوار)  کے ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے صدر شمیم خان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایاکہ ’’رمضان المبارک کی تیاریوں کے تعلق سے سبھی پارٹیوں کے عہدیداروں کے ساتھ ممبرا کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر بالو گزر، محکمہ آب رسانی کے افسر سالنکھے، ٹریفک محکمہ، ممبرا پولیس اسٹیشن کے افسران کے ہمراہ ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی ۔ اس میں سماجوادی اور ہماری اتحاد پارٹیوں کے لیڈروں ، عہدیداروں اور سابق کارپوریٹروں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل پیش کئے۔ ہم نے افسران کو بتایا کہ ڈھابولکر ناکہ، متل جنکشن، امرت نگر سگنل، قسمت کالونی، چاند نگر، کوسہ قبرستان ، شملہ پارک اور وائی جنکشن ان مقامات پر ٹریفک کا مسئلہ ہوتا ہے اس لئے یہاں پر کانسٹیبل تعینات کیا جائے۔ میٹنگ میں ہمیں محکمہ ٹریفک کے افسر نے یقین دلایا ہے کہ ان چوراہوں پر کانسٹبل تعینات کیا جائےگا۔ شہر میں ٹریفک جام نہ ہو، اس کیلئے ہم نے اپنے ۱۰۰؍ رضاکار دینے کا بھی اعلان کیا ہے جو ٹریفک پولیس کی رہنمائی میں کام کریں گے اور انہیں محکمہ ٹریفک جہاں تعینات کرے گا، وہاں وہ کام کریں گے۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ رمضان المبارک میں پانی کا مسئلہ نہ ہو، اس کیلئے بھی خصوصی نظم کرنے کا ہم نے مطالبہ کیا ہے جس پر محکمہ آب رسانی کے افسران نے بہتر نظم کرنے کا یقین دلایا ہے۔ رمضان میں پانی کا بل اور ٹیکس وصولی کیلئے بجلی اور پانی کنکشن منقطع کرنے کی کارروائی کو ملتوی کرنے کا مطالبہ بھی ہم نے کیاہے۔ ‘‘ شمیم خان نے کہا کہ ’’ممبرا کوسہ میں صاف صفائی کرنے میں کرسٹل کمپنی ناکام ثابت ہوئی ہے اور اس کمپنی سے یہ ٹھیکہ چھین لینا چاہئے۔ گندگی کے سبب شہر میں بیماری پھیل رہی ہے۔ ہاکرس کو رمضان میں ٹھیلہ لگانے کی اجازت دیں کیونکہ بیرون شہروں سے یہاں عید کی خریداری کیلئے لوگ بڑی تعدا دمیں آتے ہیں۔ ٹورینٹ آفس میں بھی بجلی چوری کا کیس اور دھاندلی بند کرنے کی درخواست کریں گے۔ ‘‘
  میٹنگ میں پولیس اور محکمہ ٹریفک کے افسران نے عوام کے تعاون دینے کی اپیل کی۔ 
 محکمہ آب رسانی کے افسر سالنکھے نے میٹنگ میں یقین دلایاکہ جو ایم آئی ڈی سی ۲۹؍مارچ کو شٹ ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا ہےلیکن ہم رمضان کے پیش نظر ان سے درخواست کریں گے کہ یہ شٹ ڈاؤن نہ کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رمضان میں پانی پورے پریشر سے مل سکے، اس کیلئے مین لائن سے پانی کے کنکشن کو منقطع کرنے کی کارروائی کی جارہی ہے۔ یہ کارروائی ہفتہ واری شٹ ڈاؤن میں کی جارہی ہے۔ اس کےعلاوہ ممبراکوسہ میں پانی کی قلت سے متاثرہ علاقوں میں ٹینکر سے پانی سپلائی کرنے کا نظم بھی کیا گیا۔ ہماری پوری کوشش رہے گی کہ رمضان میں ممبرا کوسہ میں پانی کی قلت نہ ہو۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK