اس دفعہ جلوس غوثیہ ۲۷؍ستمبر کو نکالا جائے گا۔گنپتی وسرجن کے سبب جلوس کی تاریخ ۲؍ دن آگے بڑھا دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کی شام ۶؍ بجے آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء اور رضا اکیڈمی کے ذمہ داران و علمائے کرام نے ممبئی کے پولیس کمشنر دیوین بھارتی سے ملاقات کی جس کے دوران انہیں بتایا گیا کہ امسال ۷۲؍واں جلوس غوثیہ ہوگا۔
رضا اکیڈمی کے وفدمیں شامل افراد پولیس کمشنردیوین بھارتی سے ملاقات کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
اس دفعہ جلوس غوثیہ ۲۷؍ستمبر کو نکالا جائے گا۔گنپتی وسرجن کے سبب جلوس کی تاریخ ۲؍ دن آگے بڑھا دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کی شام ۶؍ بجے آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء اور رضا اکیڈمی کے ذمہ داران و علمائے کرام نے ممبئی کے پولیس کمشنر دیوین بھارتی سے ملاقات کی جس کے دوران انہیں بتایا گیا کہ امسال ۷۲؍واں جلوس غوثیہ ہوگا۔ یہ جلوس مکمل طور پر مذہبی امور کی پابندی اور پُرامن انداز میں نکالا جائے گا اور اس میں ڈی جے کی ہرگز اجازت نہیںہوگی۔
علماءنے پولیس کمشنر سے گزشتہ کئی برسوں سے جلوس کے راستے اور انتظامات کے حوالے سے پیش آنے والی مشکلات اور جلوس کو مختصر کئے جانے کی شکایت بھی کی اور بطور خاص لاؤڈ اسپیکر کے استعمال میں پیش آنے والی دشواری کا تذکرہ کیا۔
پولیس کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور کوشش ہوگی کہ جلوس اپنے مقررہ راستے سے گزرے اور عوام کوبھی کسی قسم کی دقت نہ ہو۔
پولیس کمشنر سے ملاقات کرنے والے وفد میں رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری، مولانا فرید الزماں قادری، مولانا اعجاز احمد قادری کشمیری، مولانا خلیل الرحمٰن نوری، مولانا عبدالجبار ماہرالقادری، محمد صدیق ، ناظم خان، اکرم خان اور امین منصوری وغیرہ شامل تھے۔