Inquilab Logo

شب برأت کے پیش نظر پولیس کے ہمراہ میٹنگ

Updated: February 22, 2024, 2:50 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

قبرستانوں کی انتظامیہ نے سی سی ٹی وی لگانے، پارکنگ کا انتظام کرنے اور اپنے رضا کار تعینات کرنے کی اطلاع دی۔

On the occasion of Shab-e-Barat, people gather in graveyards. Photo: INN
شب برات کے موقع پر قبرستانوں میں لوگوں کا جم غفیر امڈ آتا ہے۔ تصویر: آئی این این

شب برأت کے موقع پر قبرستانوں میں زیارت کیلئے بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں جس کے پیش نظروہاں کسی قسم کی بدنظمی نہ ہو اور اطراف میں پارکنگ کا مسئلہ نہ ہو نیز قبرستان انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے رضا کاروں اور پولیس کا بھی مناسب بندوبست رہے، اس سلسلہ میں شہرمیں پولیس کے سینئر افسران نے قبرستانوں کے انتظامیہ کے ہمراہ میٹنگ منعقد کرکے اس تعلق سے تبادلہ خیال کیا۔ 
مرین لائنس بڑا قبرستان اور مجگاؤں کے ناریل واڑی قبرستان کے علاوہ شہرو مضافات کے دیگر علاقوں کے قبرستانوں اور مساجد کے ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ کا اہتمام کیا جارہاہے اور چند مقامات پر میٹنگ کے بعد حفاظتی انتظامات کے ساتھ ساتھ پر امن ماحول میں شب برأت کا اہتمام کرنے کے تعلق سے ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ بڑا قبرستان میں شب برأت کے موقع پر پولیس کی جانب سے حفاظتی انتظامات کے علاوہ انتظامیہ کے ذریعہ پارکنگ اور زائرین کے داخلہ سے متعلق نیز رضاکاروں کے ذریعہ کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں بدھ کو جمعہ مسجد ٹرسٹ بڑا قبرستان کے چیئر مین شعیب خطیب اور شہر کی دیگر مساجد کے ذمہ داران کی موجود گی میں چیرا بازار میں واقع انسٹی ٹیوٹ بلڈنگ کے بینکٹ ہال میں میٹنگ منعقد کی گئی۔ 
اس موقع پر ڈپٹی پولیس کمشنر موہت کمار گرگ ( زون ۲)،  پائیدھونی پولیس زون کی اسسٹنٹ پولیس کمشنر رامس اور ایل ٹی مارگ کے سینئر پولیس انسپکٹر گیانیشور واگھ نے ذمہ داران سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے جہاں قبرستان انتظامیہ کو قبرستان کے اطراف پارکنگ کا مناسب انتظام کرنے اور پولیس دستہ کے ہمراہ شب برأت کا پر امن ماحول میں اہتمام کرنے میں تعاون کی اپیل کی ساتھ ہی اس موقع پر بائیک سواروں کو بنا لائسنس، بنا ہیلمٹ اور ٹریپل سیٹ سواری سے باز رہنے کی بھی ہدایت دی۔ 
بڑا قبرستان کے چیئر مین شعیب خطیب نے بھی قبرستان کے اطراف شرپسند عناصر سے نمٹنے کیلئے بڑے بڑی تعداد میں کارکنان تعینات کرنے کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کرنے کی اطلاع دی نیز پارکنگ کیلئےمہارشی کروے روڈ گیٹ نمبر ۱۰؍ اورشمشان بھومی کے قریب قبرستان کے فٹ پاتھ کےحصے کو پارکنگ کیلئے مختص کرنے کی اطلاع دی۔ وہیں پالیکر مارگ ’سی ‘وارڈ میونسپل آفس سے لے کر تاڑواڑی کے علاقہ کونو پارکنگ زون قراردیا ہے۔ میٹنگ کے دوران بڑا قبرستان مرین لائنس ’ اوراس سے متصل کچھی میمن جماعت کا چھوٹا قبرستان سے متعلق حفاظتی نقطہ نظر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ناریل واڑی قبرستان میں شب برأت کے موقع پر کئے جانے والے انتظامات سے متعلق بائیکلہ پولیس میں منگل کومیٹنگ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں اسسٹنٹ پولیس کمشنر اورد یگر افسران کے علاوہ قبرستان ٹرسٹ کے افراد موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK