• Thu, 27 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مسلمانوں کو درپیش مسائل پر مبنی میمورنڈم شرد پوار کو پیش کیا گیا

Updated: November 27, 2025, 10:38 AM IST | Inquilab News Network | Kolaba

این سی پی(شرد پوار)  اقلیتی شعبہ کے سربراہ سراج مہندی نے ممبئی اقلیتی شعبہ کے نو منتخب صدر راشدخان کے ساتھ گزشتہ روز یشونت راؤچوہان آڈیٹوریم میں اپنی پارٹی کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کی اور انہیں مسلمانوں کو درپیش مسائل پر مبنی ۹؍ نکات پر مشتمل مطالباتی میمورنڈم بھی پیش کیا۔

NCP Minority Wing officials meeting their party chief Sharad Pawar. Photo: INN
این سی پی اقلیتی شعبہ کے عہدیداران اپنی پارٹی کے سربراہ شردپوار سے ملاقات کرتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این
این سی پی(شرد پوار) اقلیتی شعبہ کے سربراہ سراج مہندی نے ممبئی اقلیتی شعبہ کے نو منتخب صدر راشدخان کے ساتھ گزشتہ روز یشونت راؤچوہان آڈیٹوریم میں اپنی پارٹی کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کی اور انہیں مسلمانوں کو درپیش مسائل پر مبنی ۹؍ نکات پر مشتمل مطالباتی میمورنڈم بھی پیش کیا۔ میمو رنڈم کے مطابق ممبئی کے مختلف علاقوں میں نام اور طبقہ کی بنیاد پر گھر کی خریداری اور کرایے پر دینے سے انکار کردیا جاتا ہے جو آئین ہند کی دفعہ ۱۴؍اور ۱۵؍ کی کھلی خلاف ورزی ہے۔اس بابت سوسائٹیوں کو پابند کیا جائے کہ وہ انکار کی وجوہات کا تحریری طور پر جواب دیں،اگر یہ ثابت ہوتا ہے کہ اس معاملہ میں مذہب و فرقہ کی بنیاد پرفرق کیا جارہا ہے تو تعزیری کارروائی کی جائے، بی ایم سی کی معرفت فاسٹ ٹریک ہاؤسنگ سیل قائم کیا جائے۔ 
میمورنڈم کے مطابق شہر و مضافات میںمسلم قبرستانوں میںجگہ کی شدید قلت ہے، اس کیلئے نئی زمین الاٹ کرنے کا معاملہ برسوں سے زیر التوا ہے، دیکھ ریکھ، تجاوزات اور ریکارڈ کے انتظام میں بھی کوتاہیاں ہیں،شہر کے ہر وارڈ میں قبرستان کیلئے نئی زمین ریزرو کی جائے،موجودہ قبرستانوں کیلئے توسیعی منصوبے لازم ہیں،تجاوزات کے خلاف مشترکہ کارروائی کی جائے ،باقاعدگی سے صفائی اور دیکھ ریکھ بھی ضروری ہے، قبرستانوں کے مختص فنڈز کی غیر قانونی ری سائیکلنگ روکنے کیلئے ڈیجیٹل ریکارڈ سسٹم قائم کیا جائے۔ میمورنڈم میں اردو میڈیم اسکولوں کی جدید کاری اور سہولیات پر بھی زور دیا گیا۔اردو اسکولوں میں ڈیجیٹل ٹولز اور اساتذہ کی دستیابی کو یقینی بنانے، اسمارٹ کلاس روم کی سہولت ،سینئر کلاس کیلئے ٹیبلٹ، ۵۰۰؍ اردو اساتذہ کی بھرتی،کام کرنے والے طلبہ کیلئے نائٹ جونیئر کالج کے قیام کا مطالبہ کیا گیاہے۔ 
میمورنڈم میںوقف املاک کے تحفظ کے حوالے سے کہا گیا ہےکہ ممبئی میں وقف املاک پر تجاوزات، بے قاعدہ لیز اور بدعنوانی جیسےسنگین مسائل موجود ہیں۔ممبئی وقف پروٹیکشن ٹاسک فورس کا قیام ، تمام ریکارڈ کا ڈیجیٹلائزیشن، ڈیولپمنٹ سے پہلے آن لائن این او سی کو لازمی قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
شرد پوار نے مذکورہ بالا مطالبات اور میمورنڈم میں موجود دیگر عوامی سہولیات کے مطالبوں پرغور وخوض کے بعد راشد خان کویہ یقین دہانی کرائی کہ اس پر عمل آوری کی بھر پور کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر شرد پوار کو مہاراشٹر اور ممبئی کی این سی پی کی نو تشکیل شدہ کمیٹیوں کے عہدیداروں و اراکین کی فہرست پیش کی گئی۔ شرد پوار نے راشدخان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خوا ہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK