• Mon, 13 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گھوڑ بندر روڈ کی خستہ حالی کے خلاف پولیس کو میمورنڈم

Updated: October 13, 2025, 12:25 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

پریشان حال افراد نے ۱۰؍ دن میں سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا اور چکہ جام کا انتباہ دیا۔ امسال اس راستے پراب تک ۱۸؍ اموات کا حوالہ دیا۔

The picture below shows the dilapidated condition of Ghorbandar Road. Photo: Satij Shinde
زیرنظرتصویر سے گھوڑبندر روڈ کی خستہ حالی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ تصویر:ستیج شندے
یہاںگھوڑ بندر روڈ کی خستہ حالی کی وجہ سے اس   پر مختلف حادثات میں امسال اب تک ۱۸؍ اموات ہوچکی ہیں جس سے ناراض اور اپنے تحفظ کیلئے فکر مندر مقامی افراد نے پولیس کو میمورنڈم دے کر ۱۰؍ دن میں اس مصروف ترین سڑک کی مرمت اور متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس دوران مرمت کیلئے گھوڑ بندر روڈ کو ۱۴؍ اکتوبر تک بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔
گھوڑ بندر روڈ پر جابجا گڑھے اور انتہائی خراب سڑک کے تعلق سے اب تک کئے گئے احتجاج پر بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی اور سڑک کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے جس کی وجہ سےمقامی لوگوں میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ اسی وجہ سے سنیچر کو مقامی افراد نے کاسر وڈولی پولیس اسٹیشن پہنچ کر میمورنڈم دیا جس میں شہری انتظامیہ کے متعلقہ افسران اور سڑک کی تعمیر اور دیکھ ریکھ کے ذمہ دار ٹھیکیدار کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس میمورنڈم میں گھوڑ بندر روڈ پر ہونے والی ۱۸؍ اموات کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ان ۱۸؍ اموات کا علم انہیں ہوسکا ہے اور مزید حادثات میں اگر کسی نے جان گنوائی ہوگی تو اس کا انہیں پتہ نہیں۔ ان لوگوں کا دعویٰ ہے کہ یہ اموات اس راستے پر بڑے بڑے گڑھوں، سڑک کی نامکمل تعمیر اور سرکار کی لاپروائی کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسٹرن اور ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے کو جوڑنے والی اس اہم سڑک پر دن رات گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے لیکن بڑے بڑے گڑھوں ، روشنی کا غیر معقول انتظام، ٹریفک کی بدنظمی اور ڈائیورژن کیلئے مناسب اشارے   نہ لگائے جانے کی وجہ سے یہ راستہ گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے غیر محفوظ ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ بیریکیڈ اور مرمت کی اطلاع دینے والے بورڈ آویزاں کئے بغیر مرمت کے کام کی وجہ سے نہ صرف یہاں گاڑیاں چلانا بلکہ پیدل چلنا بھی خطرناک ہوگیا ہے۔ خاص طور پر بھیڑ بھاڑ کے اوقات میں یہ سڑک بہت زیادہ غیرمحفوظ ہوجاتی ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران انہوں نے کئی احتجاجی مظاہرے بھی کئے ہیں لیکن شہری انتظامیہ اور ٹریفک محکمہ نے ان پر توجہ نہیں دی ہے۔
سنیچر کو یہاں کے لوگوں نے ’گھوڑ بندر روڈ فائٹ‘ کے بینر تلے احتجاج کرتے ہوئے پولیس کو میمورنڈم دیا جس میں محکمہ پولیس اور ٹریفک ڈپارٹمنٹ سے مختلف مطالبات کئے گئے ہیں۔ ان مطالبات میں سڑک کی فوری مرمت، بہتر اور محفوظ سڑکیں اور راستے اور اس سڑک کی تعمیر اور دیکھ ریکھ کے ذمہ دار سرکاری افسران، انجینئروں اور ٹھیکیداروں کو جوابدہ بنانا شامل ہے۔
شہریوں نے میمورنڈم دیتے وقت متنبہ کیا ہے کہ اگر آئندہ ۱۰؍ دن میں سڑک بہتر بنانے اور افسران کو جوابدہ بنانے کے اقدام نہیں کئے گئے تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کے ساتھ چکہ جام بھی کریں گے۔
اس دوران تھانے- گھوڑ بندر اسٹیٹ ہائی وے (نمبر ۴۲) پر واقع گائےمکھ گھاٹ سیکشن پر مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے جس کے سبب ۱۱؍ اکتوبر کی رات ۱۰؍ بجے سے ۱۴؍ اکتوبر کو شب ۱۲؍  بجے تک اس راستے سے مال بردار ٹرک، ٹینکر اور بڑی گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس راستے پر آنے والی گاڑیوں کو مذکورہ وقفہ کے دوران متبادل راستوں سے گزرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK