Inquilab Logo

نفسیاتی امراض کے شکارافرادکوان کےگھر پر دوائیں فراہم کی جائیں گی!

Updated: January 08, 2024, 10:32 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

نفسیاتی امراض کے معاملات کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر ریاستی محکمہ صحت نے اسپتالوں سے علاج کےبعد صحت یاب ہونے والےمریضوں کی طبیعت کاباقاعدگی سے جائزہ لینےاور انہیں گھر پر دوائیں پہنچانے کامنصوبہ تیار کیاہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

نفسیاتی امراض کے معاملات کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر ریاستی محکمہ صحت نے اسپتالوں سے علاج کےبعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی طبیعت کاباقاعدگی سے جائزہ لینےاور انہیں گھر پر دوائیں پہنچانے کامنصوبہ تیار کیاہے۔ ابتدائی مرحلہ میں ۲؍ہزار ۹۰۰؍ مریضوں کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان مریضوں کی دوائیں فی مریض۱۰؍ ہزار روپے تک سالانہ کی سہولت سےمہیا ہوں گی۔
 محکمہ صحت کے مطابق تھانے، پونے، ناگپور اور رتناگیری میں ۴؍ اسپتال ہیں جہاں نفسیاتی امراض کا علاج کیا جاتا ہے۔ ان اسپتالوں میں کل ۵؍ہزار ۵۹۶؍بیڈ (بستر)ہیں جن میں ۲؍ہزار ۹۸۵؍ مریض زیر علاج ہیں ۔ صحت یاب ہونے کے باوجودایسے مریضوں کوان کے رشتہ دار گھر لے جانے کو تیار نہیں ہو تے کیونکہ گھر لے جانے کے بعد بھی ڈاکٹر کے مشورے پر کچھ دوائیں دینی پڑتی ہیں ۔ چونکہ مریض یا اس کےرشتہ دار اکثر ایسا نہیں کر پاتےاس لئے معائنے اور ادویات دینے کا سلسلہ برقرار نہ رہنے سے مریض کی حالت بگڑ جاتی ہے اوراسے اسپتال داخل کرنےکی نوبت آجاتی ہے۔ اس کے علاوہ بامبے ہائی کورٹ نے صحت یاب ہونے والے مریضوں کو نفسیاتی امراض کے اسپتال سے گھر بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ ان تمام باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت صحت کے مینٹل ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی عیادت اور ان کی باقاعدہ طبی جانچ نیز ادویات گھر پہنچانے کی تجویز تیار کی ہے۔ اسے منظوری کیلئے مرکزی حکومت کے نیشنل ہیلتھ مشن بھیجا گیا ہے۔
 محکمہ صحت نے اس اسکیم پرعمل کیلئے ہر ضلع میں میڈیکل آفیسر، سائیکاٹرسٹ، تربیت یافتہ نرسوں ، آشا ورکرس اور طبی معاونین کی ٹیم بنانےاور ۱۰؍ دن میں ایک بار متعلقہ مریض کے گھر جا کر اس کی صحت کی جانچ اور اسے ضروری ادویات فراہم کرنے کامنصوبہ بنایاہے۔
  اس سلسلے میں ذہنی صحت کے شعبہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سوپنیل لالے نے کہا کہ’’ مریضوں کو جو دوائیں دی جاتی ہیں ، ان کو دیکھتے ہوئے چونکہ ایک ماہ کی دوائیں ان کے یا ان کے رشتہ داروں کے حوالے کرنا مناسب نہیں ہے۔ اس لئے ہمارا عملہ ۱۰؍ دن کی دوائیں دے گا جس کی وجہ سے مریضوں کو علاج کیلئے اسپتال آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس کے علاوہ رشتہ داروں پر دباؤ بھی کم ہو گا اور ان کے ذریعے مریضوں کی مناسب دیکھ بھال ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر گروپ ہیلتھ ورکر کو مریض کی حالت کے بارے میں کسی طرح کا شبہ ہوتا ہے تو میڈیکل آفیسر کے ذریعے اسی جگہ پر مریض کا معائنہ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK