Inquilab Logo Happiest Places to Work

میسی آج دہلی پہنچیں گے، کولکاتا کی صورتحال کے تناظر میں پولیس محتاط

Updated: December 15, 2025, 1:31 PM IST | Agency | New Delhi

ارون جیٹلی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میںایک نمائشی میچ کھیلیں گے جس میں اسٹار کرکٹر وراٹ کوہلی کی بھی شرکت متوقع ہے، وزیر اعظم سےبھی ملاقات کا پروگرام۔

Lionel Messi will be in Delhi today as part of the final leg. Picture: INN
لیونل میسی آخری مرحلے کے تحت آج دہلی میں ہوں گے۔ تصویر: آئی این این
ارجنٹائنا کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی اپنے ’جی او اے ٹی‘ ٹور کے چوتھے اور آخری مرحلے میں ۱۵؍ دسمبر یعنی آج نئی دہلی میں ہوں گے ۔ ان کے پروگرام کا شیڈول کافی مصروف ہے۔ وہ یہاں ارون جیٹلی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے ایک نمائشی میچ میں شرکت کریں گے جس میں اسٹار کرکٹر وراٹ کوہلی کی بھی شرکت متوقع ہے۔ اس کے بعد میسی ایک استقبالیہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ ان کا ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کرنے کا پروگرام ہے۔
عظیم فٹ بالر لیونل میسی کے کولکاتا پروگرام کے دوران ہوئے ہنگامے کے بعد دہلی پولیس مزید چوکس ہوگئی ہے۔ نئی دہلی میں کولکاتا جیسے حالات نہ پیدا ہوں اور تقریب کامیاب رہے، اس کا پورا دھیان رکھا جارہا ہے۔ میسی کو دیکھنے کے لیے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں سیکڑوں فٹ بال شائقین کے جمع ہونے کا امکان ہے۔ اس لئے دہلی پولیس سیکوریٹی کے حوالے سے پوری طرح ہائی الرٹ ہے۔ دہلی پولیس کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں آئی پی ایل اور ٹی۲۰؍انٹرنیشنل جیسے میچوں کے دوران بھیڑ کو منظم رکھنے کا تجربہ ہے، اس لیے میسی کے پروگرام کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا امکان بہت کم ہے۔
ذرائع کے مطابق دہلی پولیس کے اعلیٰ افسران فول پروف سیکوریٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل میٹنگ کر رہے ہیں ۔ لیونل میسی کے پروگرام کے پیش نظر پیر کو قومی راجدھانی میں ٹریفک ڈائیورژن بھی رہے گا۔ اس وجہ سے آئی ٹی او، دہلی گیٹ اور راج گھاٹ کراسنگ کے ارد گرد دن کے وقت لوگوں کو بھاری ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ اس کا اثر وکاس مارگ، رنگ روڈ، اندر پرستھ مارگ، ڈی ڈی یو مارگ، بہادر شاہ ظفر مارگ اورجواہر لال نہرو مارگ پر بھی پڑنے کی اندیشہ ہے۔ ٹریفک کو منظم کرنے کیلئے ارون جیٹلی اسٹیڈیم کے اطراف میں پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ہی غیر قانونی پارکنگ کو روکنے کیلئے سخت پولیس بندوبست رہے گا تاکہ ٹریفک میںخلل نہ پڑے۔ میسی کے دہلی دورے کو دیکھتے ہوئے۳؍ لیئرحفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ دہلی پولیس کے تقریباً۳؍ہزار سے زائد جوان تعینات رہیں گے۔ اس کے علاوہ پیرا ملٹری فورس کے جوانوں کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ پروگرام کے دوران ارون جیٹلی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈرون سے لگاتار نظر رکھی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK