• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان میں میٹا کی جانب سے مواد پر پابندیوں میں ۱۳؍ ہزار فیصد اضافہ

Updated: November 26, 2026, 10:00 PM IST | New Delhi

ہندوستان میں سوشل میڈیا قوانین کی سختی کے بعد جنوری سے جون ۲۰۲۶ء کے درمیان میٹا (فیس بک اور انسٹاگرام) کی جانب سے مواد پر عائد کی جانے والی پابندیوں میں ۱۳؍ ہزار فیصد سے زائد کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ اس عرصے میں کمپنی نے تقریباً ۵۴.۳۹؍ لاکھ پوسٹس اور اکاؤنٹس محدود کئے، جبکہ گوگل کو بھی سرکاری اور پولیس ایجنسیوں کی جانب سے مواد ہٹانے کی درخواستوں میں ریکارڈ اضافے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

سوشل میڈیا کمپنی `میٹاکی جانب سے ہندوستان میں مقامی قوانین کے تحت حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدالتوں کے احکامات پر فیس بک اور انسٹاگرام پر عائد کی جانے والی مواد کی پابندیوں میں جنوری سے جون ۲۰۲۶ء کے درمیان ۱۳؍ ہزار فیصد سے زیادہ کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ اس عرصے کے دوران کمپنی نے ۳۹ء۵۴؍ لاکھ پوسٹس اور اکاؤنٹس تک رسائی محدود کی، جبکہ اس سے پچھلے چھ مہینوں میں یہ تعداد تقریباً ۴۱؍ ہزار ۴۰۰؍ تھی۔ اسی طرح، گوگل کو بھی جنوری سے جون ۲۰۲۶ء کے درمیان ہندوستانی سرکاری حکام اور عدالتوں سے مواد ہٹانے کی ۴؍ ہزار ۶۰۰؍ درخواستیں موصول ہوئیں، جو کہ پچھلے چھ ماہ کی ۲؍ ہزار ۴۸۳؍ درخواستوں کے مقابلے میں ۶۱؍ فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہے۔ اس اضافے کی بڑی وجہ پولیس ایجنسیوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں میں تیزی ہے۔ ہندوستانی حکام نے گوگل کی خدمات جیسے کہ `سرچ اور `یوٹیوب سے مجموعی طور پر ۶۵؍ ہزار ۹۱؍ مواد ہٹانے کا مطالبہ کیا، جو کہ گزشتہ چھ ماہ کے ۵۰؍ ہزار ۹۷؍ کے مقابلے میں تقریباً ۳۰؍ فیصد زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سورَو داس کے پاسپورٹ کی تفصیلات لیک، BJP سے وابستہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر الزام

یہ انکشافات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب حکومت نے ہندوستان میں آن لائن اظہارِ رائے کو کنٹرول کرنے والے ضوابط کو مزید سخت کر دیا ہے، جس میں سوشل میڈیا کمپنیوں کو بلاکنگ کے احکامات پر عمل درآمد کیلئے دئیے جانے والے وقت میں بڑی کمی کرنا اور مواد ہٹانے کی ہدایات جاری کرنے کیلئے  وزارتِ داخلہ کے `سہیوگ پورٹل کے استعمال کو وسیع کرنا شامل ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان میں ان پلیٹ فارمز کے صارفین کی تعداد کروڑوں میں ہے۔ دی انڈین ایکسپریس کی جانب سے میٹا کے شفافیت کے اعداد و شمار کے تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ جہاں جنوری تا جون ۲۰۲۶ء کے دوران عالمی سطح پر کمپنی کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں میں پچھلے چھ ماہ کے مقابلے میں ۷ء۲؍ فیصد کمی آئی، وہیں ہندوستان میں ان پابندیوں میں ۱۳۱؍ گنا سے زیادہ اضافہ ہوا۔ تاہم، گوگل کے برعکس جو صرف مخصوص نوٹسز کے تحت ہٹائے گئے انفرادی لنکس کو شمار کرتا ہے ۔ میٹا کے مقامی قوانین کے اعداد و شمار میں نشان زدہ مواد کی ہو بہو نقول کی خودکار جیو بلاکنگ (مخصوص علاقے میں بندش) بھی شامل ہے۔ یہی فرق دونوں کمپنیوں کے مجموعی اعداد و شمار میں اتنے بڑے تفاوت کی وضاحت کر سکتا ہے۔ اس چھ ماہ کے عرصے کے دوران عالمی سطح پر میٹا کی جانب سے عائد کردہ ۷۱ء۲؍ کروڑ پابندیوں میں ہندوستان کا حصہ ۲۰؍ فیصد سے زیادہ رہا اور وہ اس معاملے میں صرف انڈونیشیا سے پیچھے رہا۔ جبکہ جولائی تا دسمبر ۲۰۲۵ء کے دوران عالمی سطح پر ایسی پابندیوں میں ہندوستان کا حصہ محض ۱۵ء۰؍ فیصد تھا۔ہندوستان  میں محدود کی جانے والی فیس بک پوسٹس کی تعداد تقریباً ۲۳؍ ہزار  سے بڑھ کر ۰۲ء۲۸؍ لاکھ ہو گئی، جبکہ انسٹاگرام پر انفرادی مواد پر پابندیاں تقریباً ۱۰؍ ہزار ۵۰۰؍ سے بڑھ کر ۲۶؍ لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔ انفرادی پوسٹس کے علاوہ، میٹا نے ۱۱؍ ہزار ۱۸۲؍ فیس بک پروفائلز اور ۱۲؍ ہزار ۹۸۹؍ انسٹاگرام اکاؤنٹس تک رسائی بھی محدود کی۔ اوسطاً، کمپنی نے ۲۰۲۶ء کے ابتدائی چھ مہینوں میں ہندوستان میں روزانہ ۳۰؍ ہزار سے زائد پوسٹس اور اکاؤنٹس پر پابندی عائد کی ، یعنی ہر تین سیکنڈ میں ایک کارروائی کی گئی۔

یہ بھی پڑھئے: ملک میں ہر۵؍ میں سے ایک بچہ شدید غذائی قلت کا شکار ہوتا ہےاور تقریباً ایک تہائی بچے کم وزن ہوتے ہیں

میٹا نے بتایا کہ ہندوستان میں یہ پابندیاں خودکار نظام اور دیگر قانونی درخواستوں کے علاوہ وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ، وزارتِ اطلاعات و نشریات ، انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر (آئی 4سی ) اور ریاستی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹس کی بنیاد پر لگائی گئیں۔ کمپنی نے خاص طور پر وضاحت کی کہ وزارتِ داخلہ کے ماتحت کام کرنے والے `آئی فور سی کی درخواستیں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی ) ایکٹ، ۲۰۰۰؍ کی دفعہ ۷۹؍ (۳)(بی) کے تحت جاری کی گئی تھیں۔ ہندوستان ان سات ممالک میں بھی شامل ہے جہاں میٹا نے شفافیت کا وہ بہتر نظام نافذ نہیں کیا ہے جس کے تحت متاثرہ صارفین کو اس مخصوص سرکاری ادارے کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے جس کی درخواست پر ان کے مواد پر پابندی لگائی گئی ہے اور اس کی بنیادی وجہ قانونی ذمہ داریاں اور ضابطہ جاتی تقاضے ہیں۔ دوسری جانب، جنوری سے جون ۲۰۲۶ء کے درمیان گوگل کو ہندوستانی حکام سے موصول ہونے والی ۴؍ ہزار ۶۰۰؍ درخواستوں میں سے ۲؍ ہزار ۸۷۰؍ پولیس ایجنسیوں کی طرف سے آئیں، جو سالانہ بنیادوں پر تقریباً ۱۸۴؍ فیصد کا اضافہ ہے۔ اس مدت کے دوران گوگل کو مواد ہٹانے کے اس سے زیادہ احکامات صرف روسی اور جنوبی کوریائی حکام نے بھیجے تھے۔ درحقیقت، ۲۰۲۶ء کے پہلے چھ مہینوں میں ہندوستانی پولیس ایجنسیوں کی جانب سے گوگل کو موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد پورے سال ۲۰۲۵ء میں موصول ہونے والی درخواستوں کے مقابلے میں تقریباً ۳۰؍ فیصد زیادہ تھی۔مواد ہٹانے کی مجموعی درخواستوں میں پولیس ایجنسیوں کا حصہ سالانہ بنیادوں پر ۴۶؍  فیصد سے بڑھ کر تقریباً ۷۲؍ فیصد ہو گیا۔ پولیس کی درخواستوں پر مقامی قوانین کے تحت گوگل کی جانب سے ہٹائے گئے مواد کی تعداد میں ۷۲۵؍ فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا، جو ۱۸۰۰؍ سے بڑھ کر ۸؍ ہزار ۳۲۱؍ تک پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھئے: آج اعظم خان کی موجودگی میں ایس پی کا انتخابی منشور جاری ہوگا

مواد ہٹانے کا مطالبہ کرنے کیلئے سب سے زیادہ `ہتکِ عزت  (ڈیفیمیشن) کو بنیاد بنایا گیا، جس کے تحت ۲؍ ہزار ۱۳۰؍ درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ ایک سال قبل یہ تعداد ۸۵۰؍ تھی۔ حکومت پر تنقید کا حوالہ دینے والی درخواستیں ۱۸؍ سے بڑھ کر ۷۴؍ ہو گئیں، جبکہ قومی سلامتی کا حوالہ دینے والی درخواستیں ۱۸۱؍  سے بڑھ کر ۲۱۰؍ تک پہنچ گئیں۔ اس کے علاوہ گوگل کو عدالتی احکامات سے متعلق ۶۹۵؍ درخواستیں بھی موصول ہوئیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں ۵۸۸؍ تھیں۔گوگل کی تمام خدمات میں سے ہندوستانی حکام نے جن مواد کو ہٹانے کا مطالبہ کیا، ان میں سے تقریباً ۹۲؍ فیصد کا تعلق یوٹیوب سے تھا۔ مقامی قوانین کے تحت گوگل نے مجموعی طور پر جو۱۹؍ ہزار ۸۸۳؍ مواد ہٹائے، ان میں سے ۱۷؍ ہزار ۷۰۰؍ یوٹیوب پر موجود تھے۔ یہ اعداد و شمار یوٹیوب کی جانب سے اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز کے نفاذ کے تحت ہٹائے جانے والے مواد سے الگ ہیں۔ یاد رہے کہ `دی انڈین ایکسپریس کی اگست کی ایک رپورٹ کے تحت رواں سال مارچ سے جولائی کے درمیان انسٹاگرام، فیس بک اور یوٹیوب کو حکومت کی حمایت یافتہ تقریباً ۹۵ء۱؍ لاکھ بلاکنگ احکامات موصول ہوئے تھے، جن کا ایک بڑا حصہ `سہیوگ پورٹل کے ذریعے بھیجا گیا تھا۔ بعد ازاں حکومت نے خود بتایا کہ اس پانچ ماہ کے عرصے کے دوران اس پورٹل کے ذریعے ۹۸ء۲؍  لاکھ یو آر ایلز (URLs) کو ہٹانے کیلئے نشان زد کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK