Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس ٹی کے کرایے میں ساڑھے۱۳؍ فیصد اضافہ، اپوزیشن کا اظہار برہمی

Updated: July 19, 2026, 11:59 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے ایران جنگ، ڈیزل کے داموں میں اضافے اور دیگر اخراجات کا حوالہ دیتے ہوئے بس کا کرایہ بڑھا دیا ۔

The rent has been increased twice in just one and a half years. Photo: INN
صرف ڈیڑھ سال میں ۲؍ مرتبہ کرایہ بڑھایا گیا۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) نے بسوں کے کرایہ میں ۱۳ء۵۶؍ فیصد کا اضافہ کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے اورسنیچر سے اسے نافذ کر دیا گیا۔ ایس ٹی کارپوریشن کی جانب سے جواز پیش کیا گیا ہےکہ کرایہ میں اضافہ کا یہ فیصلہ ڈیزل، اسپیئر پارٹس، ٹائر، دیکھ بھال کے اخراجات اور ملازمین کے مختلف الاؤنسز میں اضافے کے سبب کیاگیا ہے اور اس سے قبل نافذ کردہ عام بس سروس پر۱۰؍ فیصد عارضی کرایہ میں اضافہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس اضافہ پر کانگریس نے حکومت پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ اپنا فضول خرچ کم کرنے کےبجائے حکومت غریب عوام سے ہی وصولی کر رہی ہے اور ان کےجیب پر بوجھ ڈال رہی ہے۔ اسے اضافہ کو فوراً واپس لیناچاہئے۔ 
کرایے میں اضافہ کے تعلق سے ایس ٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ اسٹیٹ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی نے خلیجی ممالک میں جنگ جیسی صورتحال کے باعث ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے، ایس ٹی ملازمین کے مختلف الاؤنسز میں اضافے اور گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس، ٹائر اور دیکھ بھال کے اخراجات میں نمایاں اضافے پر غور کرنے کے بعد کرایوں میں اس اضافے کو منظوری دی ہے۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہےکہ ریاست میں لاکھوں مسافروں کو محفوظ، معیاری اور بلاتعطل خدمات فراہم کرتے ہوئے ایس ٹی کارپوریشن کو بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے بہت زیادہ مالی بوجھ کا سامنا ہے۔ اس صورتحال میں کارپوریشن نے کہا ہے کہ کارپوریشن کی مالی استحکام کو برقرار رکھنے اور مسافروں کی خدمات کو زیادہ موثر اور پائیدار بنانے کیلئے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔ 
وزیر ٹرانسپورٹ اور مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائک نے کہا کہ کرایہ میں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ مسافروں پر مالی بوجھ کم سے کم ہو۔ ریاست کے عام شہریوں کو مسلسل محفوظ، قابل بھروسہ اور معیاری مسافر خدمات فراہم کرنے اور ایس ٹی کارپوریشن کو مالی طور پر مزید قابل عمل بنانے کیلئے یہ فیصلہ اہم ہے۔ انہوں نے مسافروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح ایس ٹی پر بھروسہ قائم رکھیں۔ 
کانگریس کی تنقید 
کانگریس کے سینئر لیڈر اور اسمبلی میں گروپ لیڈر وجے وڈیٹیوار نے ایکس پر لکھا ہے کہ مہا یوتی حکومت نے پہلے ہی مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک بار پھر ایس ٹی بس کے کرایے میں اضافہ کر دیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جنوری۲۰۲۵ءمیں ایس ٹی کرایےمیں تقریباً ۱۴ء۹۵؍فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔ یعنی صرف ڈیڑھ سال میں لگاتار دو بار کرایے میں اضافہ کرکے حکومت نے عام مسافروں، کسانوں، طلبہ اور مزدوروں کی جیبوں پر بوجھ ڈالا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اے پی سی آر کا دفتر بلارڈ اسٹیٹ ممبئی منتقل

اپنی فضول خرچی کم کرنے کے بجائے عوام پر بوجھ
وجے وڈیٹیوار نے کہا کہ بتایا جارہا ہے کہ ڈیزل کی قیمت، دیکھ بھال کے اخراجات اور ملازمین کے الاؤنسز کی وجہ سے یہ اضافہ کیا گیا ہے لیکن حکومت نے اپنی فضول خرچی کو کم کرنے کے بجائے عوام پر بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایس ٹی کو بااختیار بنانے کیلئے منصوبہ بندی، مالی اصلاحات اور مناسب سبسڈی فراہم کرنے کے بجائے حکومت نے خود مسافروں سے وصولی کا راستہ اختیار کیا ہے۔ ایک طرف مہاراشٹر پر ہزاروں کروڑ کے غیر ضروری منصوبے تھوپے جاتے ہیں اور دوسری طرف عام مسافروں کیلئے ایس ٹی کے کرایے میں اضافہ کیا جا رہا ہے!

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK