Updated: February 23, 2026, 3:56 PM IST
| Mexico City
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے نیو جنریشن جالسکو کارٹیل (سی جے این جی) کے لیڈر نیمیسیو اوسیگویرا سروینٹس عرف ’’ایل مینچو‘‘ کی ہلاکت کے بعد ملک بھر کی ریاستی حکومتوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کا اعلان کیا ہے۔ آپریشن کے بعد کئی ریاستوں میں سڑکوں کی ناکہ بندی، گاڑیاں جلانے اور مسلح جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ جلیسکو میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ایل مینچو۔ تصویر: آئی این این
صدر کا بیان
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ تمام ریاستی حکومتوں کے ساتھ ’’مکمل ہم آہنگی‘‘ برقرار ہے اور شہریوں کو پرسکون رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں معمولات زندگی جاری ہیں، تاہم وزارت دفاع نے مختلف علاقوں میں سیکوریٹی کارروائی کے بعد ناکہ بندیوں اور پرتشدد ردعمل کی تصدیق کی ہے۔
آپریشن کی تفصیلات
میکسیکو کی وزارت دفاع کے مطابق اسپیشل فورسیز نے جلسکو کے علاقے تاپالپا میں ایک آپریشن کیا، جو سی جے این جی کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد کارٹیل سربراہ نیمیسو کو گرفتار کرنا تھا۔ وزارت نے کہا کہ فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے ’’اپنی سالمیت کے دفاع میں‘‘ کارروائی کی۔ اس جھڑپ میں کارٹیل کے چار ارکان موقع پر ہلاک ہوئے جبکہ تین شدید زخمی بعد میں دم توڑ گئے۔ حکام نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں روبن این عرف مینچو شامل ہے، تاہم شناخت کی باضابطہ تصدیق فرانزک جانچ کے بعد کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: میکسیکو: کارٹیل لیڈر ہلاک،ہندوستانی شہریوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت
گرفتاریاں اور اسلحہ برآمد
وزارت دفاع کے مطابق کارٹیل کے دو ارکان کو گرفتار کیا گیا، بکتر بند گاڑیاں قبضے میں لی گئیں، متعدد ہتھیار برآمد ہوئے، جن میں راکٹ لانچر بھی شامل ہیں جو طیارے گرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ برآمدگیاں کارٹیل کی عسکری صلاحیت کا واضح اشارہ ہیں۔
ملک بھر میں پرتشدد ردعمل
ایل مینچو کی ہلاکت کے بعد کئی ریاستوں میں پرتشدد واقعات رپورٹ ہوئے۔ متعدد مقامات پر سڑکوں کی ناکہ بندیاں کی گئیں، گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات رونما ہوئے اور مسلح تصادم ہوا۔ ریاست جلیسکو کے گورنر پابلو لیمس نے پیر کو ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں آف لائن کلاسیز معطل کر دیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بعض شہروں میں ٹریفک مکمل طور پر معطل رہی اور عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: بلوچستان میں جبری گمشدگیاں، پولیس انکاؤنٹر، فروری میں سب سے زیادہ: بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رپورٹ
قومی سلامتی کا بڑا مرحلہ
کارٹیل جالسکو نیو جنریشن میکسیکو کے طاقتور ترین منشیات گروہوں میں شمار ہوتا ہے اور امریکہ سمیت کئی ممالک میں منشیات کی اسمگلنگ، تشدد اور غیر قانونی سرگرمیوں کے الزامات کا سامنا کر رہا تھا۔نیمیسیو اوسیگویرا سروینٹس عرف ایل مینچو کو امریکہ اور میکسیکو میں انتہائی مطلوب افراد میں شامل کیا جاتا تھا، اور اس کی گرفتاری یا ہلاکت کو ملک کی منشیات کے خلاف جنگ میں ایک بڑا موڑ سمجھا جا رہا ہے۔