Updated: August 10, 2026, 6:02 PM IST
| Jeddah
اگست کی صاف اور چاندنی سے پاک راتوں میں عرب دنیا کے آسمان پر کہکشاں ملکی وے ایک شاندار روشن پٹی کی صورت میں نمایاں ہوگی، جسے برہنہ آنکھوں سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ہماری کہکشاں میں اربوں ستارے، گیس اور کائناتی غبار موجود ہیں اور موسمِ گرما میں اس کا روشن مرکزی حصہ خاص طور پر نمایاں ہوتا ہے، تاہم، اس کے بہترین نظارے کیلئے شہر کی روشنیوں سے دور تاریک مقامات زیادہ موزوں ہیں۔
اگست کے دوران عرب دنیا کے آسمان پر کہکشاں ’’ملکی وے‘‘ (Milky Way) ایک شاندار پٹی کی شکل میں دکھائی دے گی، جسے برہنہ آنکھوں سے بھی دیکھا جا سکے گا۔ خاص طور پر ایسے مقامات سے جہاں روشنی کی آلودگی کم ہو، اس کا نظارہ زیادہ واضح ہوگا۔ آنے والی راتوں میں چاندنی نہ ہونے کے باعث ملکی وے کو برہنہ آنکھوں سے دیکھنے کیلئے حالات انتہائی سازگار ہوں گے۔ جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ ماجد ابو زہرہ نے بتایا کہ آسمان پر پھیلی ہوئی دھندلی سی پٹی دراصل ہماری کہکشاں کا پہلو سے دکھائی دینے والا منظر ہے۔ موسمِ گرما کی راتیں ملکی وے کے اس حصے کو دیکھنے کیلئے بہترین وقت ہوتی ہیں، جہاں ستاروں، گیس اور کائناتی غبار کی گنجان تہیں موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے ایران نے ۶؍ شرائط پیش کیں
واضح رہے کہ ملکی وے دراصل ہماری کہکشاں ہے، جس میں ہمارا نظامِ شمسی بھی شامل ہے۔ اس میں اربوں ستارے، گیس اور کائناتی غبار موجود ہیں۔ زمین سے یہ ایک دھندلی، روشن پٹی کی صورت میں دکھائی دیتی ہے، کیونکہ ہم خود اس کہکشاں کے اندر موجود ہیں اور اس کے ستاروں سے بھرے مرکزی حصے کو ایک خاص زاویے سے دیکھتے ہیں۔ موسمِ گرما میں ملکی وے کا روشن مرکزی خطہ رات کے آسمان میں زیادہ نمایاں ہوتا ہے، تاہم شہری علاقوں کی مصنوعی روشنی اس منظر کو دھندلا دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چاند کی روشنی کم ہونے والی صاف راتوں میں، شہروں سے دور تاریک مقامات پر ملکی وے کا نظارہ زیادہ شاندار اور واضح ہوتا ہے۔