شہر میں جاری پانی کے شدید بحران اور ٹینکر مافیا کی مبینہ غنڈہ گردی کے خلاف مہاراشٹر نو نرمان سینا( ایم این ایس) نے میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر پر ایک انتہائی انوکھا اور جارحانہ احتجاج درج کرایا۔
پانی کی قلت۔ تصویر:آئی این این
شہر میں جاری پانی کے شدید بحران اور ٹینکر مافیا کی مبینہ غنڈہ گردی کے خلاف مہاراشٹر نو نرمان سینا( ایم این ایس) نے میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر پر ایک انتہائی انوکھا اور جارحانہ احتجاج درج کرایا۔ ایم این ایس کارکن کارپوریشن کے بدعنوان افسران کو جگانے کے لئے اپنے ساتھ علامتی طور پر ’بھگوان‘ کو لے کر میونسپل کمشنر کے چیمبر پہنچ گئے اور شہر کو پانی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہاراشٹر نو نرمان سینا، میرا بھائندر کے صدر سندیپ رانے نے انتظامیہ، ایم ایل اے نریندر مہتا اور ریاستی وزیر پرتاپ سرنائک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔سندیپ رانے نے کارپوریشن کے اعلیٰ افسران پر بدعنوانی کا سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا:’’میرا بھائندر کے بدعنوان افسران اور عوامی نمائندوں کے پاپ کا خمیازہ آج بھولے بھالے عوام بھگت ر ہے ہیں۔ شہر میں پینے کے پانی کی زبردست قلت ہے، لوگوں کے نلوں میں پانی نہیں آ رہا ہے لیکن کارپوریشن کی ناک کے نیچے ٹینکر مافیا کی ٹینکیوں میں برابر پانی پہنچ رہا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں بڑے پیمانے پر نئی بلڈنگیں اور ٹاورز بن رہے ہیں جنہیں بغیر او سی اور سی سی کے دھڑلے سے پانی کے کنکشن دیئے جا رہے ہیں، جبکہ ٹیکس بھرنے والے عوام ایک ایک کنکشن کے لئے ترس ر ہے ہیں۔ ایم این ایس کے شہر صدر نے وزیر پرتاپ سرنائیک پر سیدھا نشانہ سادھتے ہوئے سوال اٹھایا کہ میرا بھائندر کوئی ’زیارتی مقام‘ نہیں ہے پھر یہاں اتنے بڑے پیمانے پر لاج اور ہوٹل کیوں چل رہے ہیں؟ انہوں نے الزام لگایا کہ عام شہریوں کو پینے کا پانی میسر نہیں ہے جبکہ ان لاجنگ بورڈنگز کو ۱۰-۱۰ ؍ کنکشن دیئے گئے ہیں جہاں گاڑیوں کو پائپ لگا کر دھویا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کمشنر شرما نے اس معاملے کی گہرائی سے انکوائری کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کا یقین دلایا ہے۔سندیپ رانے نے ممبر اسمبلی نریندر مہتا اور وزیر پرتاپ سرنائک کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے وقت ان لیڈروں نے عوام سے بڑے بڑے وعدے کئےتھے اور اپنے انتخابی منشور میں دعویٰ کیا تھا کہ دسمبر ۲۰۲۴ء تک ’سوریا ڈیم‘ کا پانی شہر میں آ جائے گا لیکن یہ سب صرف ووٹ لینے کا ناٹک تھا اور عوام کو گمراہ کیا گیا۔