Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا ورلڈکپ :آسٹریا کی ۳۶؍برس بعد عالمی کپ میں پہلی کامیابی

Updated: June 17, 2026, 6:04 PM IST | New York

آسٹریا نے منگل کو گروپ جے کے میچ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والی اردن کی ٹیم کو ۱۔۳؍گول سے شکست دے کر ۳۶؍ برس بعد فیفا ورلڈ کپ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

Ali Alwan.Photo;iNN
علی علوان۔ تصویر:آئی این این

آسٹریا نے منگل کو گروپ جے کے میچ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والی اردن کی ٹیم کو ۱۔۳؍گول  سے شکست دے کر ۳۶؍ برس بعد فیفا ورلڈ کپ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ آسٹریا ۱۹۹۸ء کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ فائنلز میں شرکت کر رہا ہے، جبکہ اردن نے تاریخ میں پہلی مرتبہ اس عالمی مقابلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:نیمار نے ورلڈ کپ کیمپ میں ٹریننگ کا آغاز کر دیا


میچ میں آسٹریا کو ۲۰؍ویں منٹ میں رومانو شمڈ نے برتری دلائی۔ دوسرے ہاف کے آغاز کے بعد ۵۰؍ویں منٹ میں علی علوان نے شاندار گول کرکے اسکور ۱۔۱؍سے برابر کر دیا۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں اردن کا پہلا گول بھی تھا۔ تاہم ۷۶؍ویں منٹ میں اردن کے مدافع یزن العرب کی جانب سے ہونے والے خود ساختہ گول (اون گول) نے آسٹریا کو دوبارہ برتری دلا دی۔ انجری ٹائم میں مارکو ارناٹووچ نے پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے آسٹریا کی ۱۔۳؍گول  سے فتح یقینی بنا دی۔

یہ بھی پڑھئے:پاکستانی ہدایت کار عمر ناصر علی نے ’’میں واپس آؤں گا" کی بھرپور تعریف کی


آسٹریا نے اپنے پہلے حقیقی حملے میں ہی گول کیا جب ژیور شلاگر کے پاس پر رومانو شمڈ نے خوبصورت شاٹ کھیلتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ وقفے کے پانچ منٹ بعد علی علوان بائیں جانب سے آگے بڑھے اور زبردست شاٹ کے ذریعے گیند کو گول میں پہنچا کر اردن کو مقابلے میں واپس لے آئے۔ بعد ازاں ایک کارنر کک کے دوران اردن کے دفاع میں افراتفری پیدا ہوئی اور یزن العرب نے ہیڈر کے ذریعے گیند اپنی ہی ٹیم کے جال میں پہنچا دی۔
انجری ٹائم میں ارناٹووچ کے شاٹ کو سلیم عبید نے ہاتھ سے روک لیا، جس پر وی اے آر جائزے کے بعد ریفری نے آسٹریا کو پنالٹی دی۔ ارناٹووچ نے یہ موقع ضائع نہ کرتے ہوئے گول کر دیا۔ گروپ کے اپنے اگلے میچ میں آسٹریا کا مقابلہ ارجنٹائنا سے ہوگا، جبکہ اردن کی ٹیم الجزائر کے خلاف میدان میں اترے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK