Inquilab Logo Happiest Places to Work

میرا بھائندر :وبائی امراض سے بچاؤ کے لئے میونسپل کارپوریشن کا انتباہ

Updated: June 04, 2026, 12:05 PM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mumbai

میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں آئندہ مانسون کے پیش نظر محکمہ صحت عامہ کی جانب سے وبائی امراض سے نمٹنے کیلئےتیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔

Mira Bhayander Corporation.Photo:INN
میرابھائندر کارپوریشن-تصویر:آئی این این
میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں آئندہ مانسون کے پیش نظر محکمہ صحت عامہ کی جانب سے وبائی امراض سے نمٹنے کیلئےتیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں میئر  ڈمپل ونود مہتا نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران مانسون سے قبل کئے جانے والے احتیاطی اقدامات اور دواؤں کے چھڑکاؤ کی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس اہم میٹنگ میں ڈپٹی میئر دھرو کشور منسارام پاٹل، لیڈر آف دی ہاؤس روی ویاس، ایڈیشنل کمشنر پرینکا راجپوت اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نند کشور لہانے بھی موجود تھے۔
شہر کے تمام وارڈوں میں مہم تیز کرنے کا حکم
میٹنگ کے دوران میئر نے شہر کے مختلف حصوں میں جاری دواؤں کے چھڑکاؤ، فاگنگ، مچھروں کی افزائش کے مقامات کے سروے اور لاروا کش ادویات کے استعمال کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔ انہوں نے محکمہ صحت عامہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے تمام وارڈوں میں احتیاطی تدابیر کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ جن مقامات پر مچھروں کی افزائش کا خطرہ زیادہ ہے، وہاں باقاعدگی سے جانچ کی جائے اور شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کرتے ہوئے کارروائی کی جائے۔
 
 
عوامی تعاون کے بغیر مہم ادھوری: میئر
ڈمپل مہتا نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ ڈینگو، ملیریا اور چکن گنیا جیسی مہلک بیماریوں پر قابو پانے کے لئے کارپوریشن انتظامیہ کے ساتھ ساتھ شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے،اس کے بغیر مہم ادھوری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کے اطراف پانی جمع نہ ہونے دیں، پانی کے ٹینکوں اور برتنوں کو ڈھانپ کر رکھیں اور پرانے ٹائر، ناریل کے خول، پلاسٹک کے ڈبے اور گملوں میں جمع پانی کو باقاعدگی سے صاف کریں۔
 
 
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کسی بھی شخص میں بخار، جسم میں درد، سر درد، جلد پر سرخی یا ڈینگو اور ملیریا جیسی علامات ظاہر ہوںتو وہ خود تشخیصی سے گریز کریں اور فوری طور پر قریبی سرکاری ہیلتھ سینٹر سے رجوع کر کے طبی مشورہ حاصل کریں۔میئر نے یقین دلایا کہ کارپوریشن شہریوں کے صحت کے تحفظ کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے اور مانسون سے قبل کے تمام کام جنگی بنیادوں پر کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور مچھروں کی روک تھام میں انتظامیہ کا ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK