• Sun, 01 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سلیم درانی صرف کرکٹر نہیں، خوش مزاج، حاضر جواب اور شائقین سے غیر معمولی قربت رکھنے والے انسان تھے

Updated: November 01, 2026, 7:33 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

انجمن اسلام اور ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کے اشتراک سے سلیم درانی کی یاد میں ’انٹرکالجیٹ روٹیٹنگ کرکٹ ٹرافی‘ کی افتتاحی تقریب میں این سی پی کے سربراہ اورمہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ شرد پوارکااظہارخیال۔

Sharad Pawar addressing at the CSMT campus. Photo: INN
سی ایس ایم ٹی کیمپس میں شرد پوار خطاب کرتےہوئے۔ تصویر: آئی این این
انجمن اسلام اور ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن ( ایم سی اے ) کے اشتراک سے معروف کرکٹر سلیم درانی (مرحوم )کی یاد میں ’انٹرکالجیٹ روٹیٹنگ کرکٹ ٹرافی‘ کی افتتاحی تقریب انجمن اسلام کے تاریخی سی ایس ایم ٹی کیمپس میں ’’ایک شام سلیم درانی کے نام‘‘ سے منعقد کی گئی جس میں مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ اور ہندوستانی کرکٹ انتظامیہ کی ممتاز شخصیت شرد پوار، انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی، سابق ہندوستانی کپتان دلیپ وینگسرکر، سابق فاسٹ بولر کرشن گھاوری، ڈائناایڈلجی ،ایم سی اے کے صدر اجنکیا نائیک ،رکن اسمبلی ڈاکٹر جتیندر اوہاڑ، ابوعاصم اعظمی اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس ٹرافی کے تحت ممبئی کے جونیئر کالجوں کے درمیان ٹی ۲۰؍کرکٹ مقابلے منعقد کئے جائیں گے جن کا مقصد کالجوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کواُجاگر کرنے کا باقاعدہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔  
 
 
شرد پوارنے اپنی تقریر میں سلیم درانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ’’سلیم درانی صرف کرکٹر نہیں، ایک منفرد شخصیت تھے۔ وہ بہترین آل راؤنڈر ہونے کے ساتھ خوش مزاج، حاضر جواب اور شائقین سے غیر معمولی قربت رکھنے والے انسان تھے۔ کرکٹ کے میدان میں ان کا انداز ایسا تھا کہ تماشائی ان کی بیٹنگ کا انتظار کرتے اور ان کی موجودگی سے کھیل میں ایک خاص جوش پیدا ہو جاتا تھا۔ جب وہ بلے بازی کر رہے ہوتے تو اسٹینڈز میں موجود تماشائی ان سے چوکے اور سکسر کی فرمائش کرتے تھے۔ درانی صاحب اپنے مداحوں کی خواہش کےمطابق اگلی ہی گیند پر انہیں خوش کرنے کی کوشش کرتے تھے۔  ان کا یہ انداز ان کی عوامی مقبولیت اور شائقین سے گہرے تعلق کا مظہر تھا ۔‘‘
شرد پوار نے انجمن اسلام اور ایم سی اے کے مشترکہ اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سلیم درانی کے نام سے شروع ہونے والی یہ ٹرافی آنے والے وقت میں نئے کھلاڑیوں کی تلاش اور تربیت کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوگی ۔ انہوں نےتعلیم اور کھیل کود کے شعبے میں انجمن اسلام کی کاوشوں کی بھی ستائش کی۔
دلیپ وینگسرکر نےاپنے خطاب میں کہا کہ ’’ جب میں سینٹ زیویئرز کالج کی جانب سے کھیلتاتھا تو انجمن اسلام کی ٹیم سے مقابلہ بڑا چیلنج ہوتا تھا۔انجمن اسلام کے پاس بہترین بلے بازوں کے ساتھ تیز رفتار گیند باز بھی موجود تھے جن کا سامنا کرنا سامنے والی ٹیم کیلئے آسان نہیں ہوتا تھا ۔ انجمن اسلام کی اس پالیسی کو بھی سراہا جس کے تحت ادارہ اپنے ہی اسکولوں کے طلبہ کو تربیت دے کر آگے بڑھاتا رہا ہے ۔ سلیم درانی ٹرافی اسی روایت کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔‘‘
 
 
ایم سی اے کے صدر اجنکیا نائیک نے انجمن اسلام کے ساتھ مشترکہ طور پر سلیم درانی ٹرافی کے آغاز کو اہم پیش رفت قرار دیا۔ ایم سی اے اس بات پر فخر محسوس کرتی ہے کہ وہ انجمن اسلام کے ساتھ مل کر سلیم درانی کے نام سے انٹر کالجیٹ روٹیٹنگ ٹرافی شروع کر رہی ہے۔ اس مقابلے سے ممبئی کے جونیئر کالجوں کے طلبہ کو مسابقتی کرکٹ کھیلنے، اپنی صلاحیتوں کو منوانے اور آگے بڑھنے کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔‘‘انجمن اسلام کے صدرپدم شری ڈاکٹر ظہیر قاضی نے کہا کہ’’ہیرس شیلڈ میں انجمن اسلام کی تاریخی بالادستی تعلیمی تاریخ کی طرح قابل فخر ہے ۔ ہیرس شیلڈ کی تقریباً ۱۳۰؍ سالہ تاریخ میں انجمن اسلام کے اسکولوں نے سب سے زیادہ چمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ۔ ہمارے کھلاڑیوں نے تقریباً ۲۵؍سال اس ٹورنامنٹ میں اپنی برتری برقرار رکھی ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK