ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس( ڈی ایس او)کے ڈویژن لیول پر منعقد ہونے والے انجمن خیر الاسلام ( اے کے آئی سی سی)کی انڈر۱۷؍کرکٹ ٹیم نے تاریخ ساز کارنامہ انجام دیتے ہوئے ممبئی ڈویژن کا فائنل مقابلہ اپنے نام کر لیا ہے۔
انجمن خیر الاسلام ( اے کے آئی سی سی )کی انڈر۱۷؍ کی فاتح ٹیم۔ تصویر: آئی این این
ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس( ڈی ایس او)کے ڈویژن لیول پر منعقد ہونے والے انجمن خیر الاسلام ( اے کے آئی سی سی)کی انڈر۱۷؍کرکٹ ٹیم نے تاریخ ساز کارنامہ انجام دیتے ہوئے ممبئی ڈویژن کا فائنل مقابلہ اپنے نام کر لیا ہے۔ سنسنی خیز اور اہم ترین فائنل مقابلے میں اے کے آئی سی سی نے ممبئی سٹی کی روایتی اور مضبوط ٹیم انجمن اسلام (وی ٹی) کو زبردست مقابلے میں شکست دے کر ممبئی ڈویژن چمپئن شپ کی ٹرافی کو اپنے نام کر لیا ۔اب انجمن خیر الاسلام کی ٹیم نے اسٹیٹ لیول کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے جس کا انعقاد یکم اکتوبر سے جلگاؤں میں ہوگا۔ اب اے کے آئی سی سی کی فاتح ٹیم اسٹیٹ سطح پر پورے ممبئی ڈویژن کی نمائندگی کرے گی۔
بویئسر کے تارا پور ودیا مندر میدان میں جمعہ کو ہونے والے اس میچ میں انجمن خیرا لاسلام نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۵؍ اووروں میں ۳؍ ووکٹ گنوا کر ۵۵؍ رن بنائے تھے جس میں محمد زید نے ۳۲؍ اور راعین نے ۱۷؍ رن بنائے تھے۔ انجمن اسلام ( وی ٹی) ۵؍ اووروں میں ۴۹؍ رن ہی بنا سکی اور ۶؍ رنوں سے یہ میچ ہار گئی۔انجمن خیر الاسلام کی تاریخ میں یہ پہلا اور یادگار موقع ہے کہ ادارے کی ٹیم نے تھانے ڈسٹرکٹ کے بعد ممبئی ڈویژن میں بھی تمام حریفوں بشمول پالگھر، رائے گڑھ، پنویل اور اب فائنل میں انجمن اسلام وی ٹی جیسی مضبوط ٹیم کو زیر کر کے اپنا لوہا منوایا ہے۔
اس عظیم الشان فتح میں ٹیم کے ہیڈ کوچ رسال بیگ اور کوچ انیس خان کی عمدہ حکمت عملی، ٹیم منیجر سعد بیگ کی بہترین نگرانی کے ساتھ ساتھ عبدالمتین سر اور زبیر بخشی سر کی شب و روز کی محنت رنگ لائی۔جنرل سیکریٹری ہانی احمد فرید، ٹرسٹ کے تمام عہدیداران اور اسپورٹس کمیٹی نے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کو اس تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کی ہے اور جلگاؤں میں ہونے والے اسٹیٹ لیول مقابلوں کے لئے ٹیم کو اپنی بھرپور دعاؤں اور نیک خواہشات سے نوازاہے۔
انجن خیرالاسلام کی جس ٹیم نے بہتری کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس میں ممبرا کے مولانا ابو الکلام آزاد اسٹیڈیم میں چلنے والی اتحاد کرکٹ اکیڈمی کے ۶؍ کھلاڑی بھی شامل ہیں ۔ ان میں دانیال صدیقی، ریان اسلم ، نسیم خان، ثاقب علی، عمر سمرن اور زیدان واحد شامل ہیں۔ اتحاد کرکٹ اکیڈمی کے صدر ممتاز شاہ نے سبھی کو مبارکباد اور اگلے میچوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔